دکھوں بھرا پنڈورا باکس

عورت کی زندگی کا ہر پہلو ایک معمہ ہے، جہاں دکھ اور پیڑا دونوں کی موجودگی ایک غیر متزلزل حقیقت کی طرح جاگتی ہیں۔ نسوانیت کا حقیقی جوہر صرف اس کی جسمانی خصوصیات تک محدود نہیں، بلکہ اس کی ذہنی، نفسانی اور جذباتی طاقت میں بھی چھپا ہوا ہے۔ مگر یہ طاقت ہمیشہ دکھ اور پیڑا کے دریا سے گزرتی ہے، جو عورت کے وجود کا حصہ بنتی ہے۔ یہی پیڑا، جو ایک طرف عورت کی کمزوری لگتا ہے، وہ دراصل ایک پنڈورا باکس کی مانند ہے جس میں دکھ کی کہانیاں چھپی ہوتی ہیں، مگر اس کے اندر وہ طاقت اور قوت بھی ہے جو عورت کو اپنے دکھ کے باوجود اُمید کی روشنی فراہم کرتی ہے۔
”پیڑا“ صرف ایک لفظ نہیں، بلکہ عورت کی زندگی کا ایک عمیق اور پیچیدہ عنصر ہے، جس کی جڑیں ثقافت، سماج اور تاریخ میں گہری ہیں۔ یونانی اساطیر میں پنڈورا باکس کو دنیا کی تمام برائیوں کا مرکز سمجھا گیا تھا، مگر اس کے آخر میں امید کا ایک چھوٹا سا ذرہ چھپا ہوا تھا۔ عورت کا دکھ بھی اسی طرح ہے۔ یہ ایک ایسا صندوق ہے جس میں صرف درد اور تکلیف ہی نہیں بلکہ طاقت اور آزادی کی چمک بھی چھپی ہوتی ہے۔ یہ پیڑا ایک ایسا سانحہ ہے جو عورت کی ہمت اور ارادے کو آزمانے کے بعد ہی اس کی اصل طاقت کو اجاگر کرتا ہے۔
عورت نے ہر دور میں اپنی نسوانیت کو مرد سے الگ شناخت دینے کی کوشش کی ہے۔ ابتدا میں جب معاشرتی ڈھانچے نے عورت کو محض ایک جسم کے طور پر دیکھا، اس نے اپنی حقیقت کو تسلیم کرنے کے لئے جدوجہد کی۔ عورت کا یہ سفر کبھی بھی آسان نہیں تھا، اور وہ ہمیشہ اپنی شناخت کو خودی سے دریافت کرتی رہی ہے۔ سیمون دی بووائر کی بات مانیں تو ”عورت پیدا نہیں ہوتی، وہ خود کو تخلیق کرتی ہے“ ۔ یہی حقیقت ہے کہ عورت نے اپنے دکھوں، پیڑاوٴں اور قربانیوں کے باوجود اپنے آپ کو مرد سے الگ ایک خودمختار شناخت دی ہے۔ عورت نے مردانہ معاشرتی نظام میں اپنے حق اقرار کے ساتھ حق انکار کو بھی تسلیم کرایا اور یہ ہے وہ طاقت جسے اس نے اپنی ذات میں دریافت کیا۔
عورت کا سب سے اہم اور پیچیدہ پہلو یہ ہے کہ وہ ہی مرد کو جنم دیتی ہے۔ یہی عورت کا سب سے بڑا تضاد ہے۔ وہ جو زندگی دیتی ہے، وہ خود اپنی حقیقت اور شناخت کو تسلیم کرنے کے لئے لڑتی ہے۔ وہ اپنی نسوانیت کا جشن مناتی ہے اور ساتھ ہی مرد کی حاکمیت سے بھی خود کو آزاد کرتی ہے۔ عورت کے جسم کی تخلیقی صلاحیت، جو مردوں کو جنم دیتی ہے، اسے مرد کی نظروں میں کمتر سمجھا جاتا ہے، لیکن حقیقت میں وہ اپنی تخلیقی طاقت میں بے پناہ رفعت رکھتی ہے۔
عورت کی نسوانیت، جو اس کے دکھ اور پیڑے کے باوجود، ایک طاقتور علامت بنتی ہے، وہ اس کی شناخت اور خودی کا حصہ ہے۔ فروا گلوری جیسے فلاسفہ نے عورت کے دکھ اور پیڑے کو ایک قوت کے طور پر دیکھا جو اُسے مرد سے الگ اور منفرد بناتا ہے۔ عورت کا دکھ ہمیشہ اسے کمزور نہیں کرتا، بلکہ اسے اپنی حقیقت اور طاقت کا شعور دیتا ہے۔ یہی وہ طاقت ہے جو اسے مرد کے تسلط سے آزاد ہونے کا حوصلہ دیتی ہے، اور یہی نسوانیت کا اصل جوہر ہے۔ عورت کا دکھ اور پیڑا اس کی نسوانیت کے اندر گہرے معنی پیدا کرتے ہیں، اور یہ ایک مسلسل جدوجہد ہے جو اُسے اپنی طاقت اور مقام کے بارے میں زیادہ پختہ بناتی ہے۔
خواتین نے نہ صرف فطرت کے رومانوی تصورات کو اپنایا بلکہ گھریلو زندگی کی شکوہ، سماجی پابندیوں کے خلاف آواز، اور صنفی شناخت کے بحران کو بھی شعری زبان دی۔ جیسے اینا لیٹیشیا بار باؤلڈ نے اپنی نظم ”Washing۔ Day“ میں گھریلو وضع کو پیش کیا:
آ، اے سروتی! آ اور گا اس دھلائی کے ڈراؤنے دن کی داستاں!
اے بیاہ کی جھولی میں جکڑی عورتو،
سر اٹھائے بازو، لال ہتھیلیاں،
قدم بدلتی، کام میں جُتی ہوئی!
اس نظم میں گھریلو زندگی کی روزمرہ کی تکالیف کو بیان کیا گیا ہے، جہاں عورت اپنی محنت اور جستجو کے باوجود اپنے مقام کی پہچان پانے کی کوشش کرتی ہے۔
جواں بیلے کی ”Thunder“ میں فطرت کا رومانوی اظہار دیکھنے کو ملتا ہے، جہاں بادلوں کی شدت اور گہرائی میں ایک نوع کی عالی شان اور غیر معمولیت کی جھلک ہے :
بلندیاں چھوتے بادلوں کا رعب دھوم سے چلنا،
کالے گھنے پردوں میں آسمان کا لپٹ جانا؛
جیسے موت کے لباس میں دشمنوں کا ہجوم،
زمین پر ان کے سائے کا خوف طاری ہونا۔
شارلٹ سمتھ کی ”The Glow Worm“ میں پاکیزگی اور فطرت کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے، جہاں ایک نوجوان لڑکا چمکتی جگنو کو دیکھ کر اس کی خوبصورتی میں محو ہوتا ہے :
ناتجربہ کار آنکھوں سے دیکھتا ہے وہ
چمکتی جگنو کو، شہابِ ثاقب کی مانند،
گھاس کے ٹیلے پر؛ حیران، خوش ہو کر چلاتا ہے،
اے شبنم بھری گھاس کے تارے! تُجھے اپنا بنا لوں!
نسوانیت کا پیڑا ایک پنڈورا باکس کی مانند ہے جس میں دکھ، درد، اور قربانیاں تو ہیں، مگر اس کے اندر ایک طاقت بھی ہے جو عورت کو مرد سے الگ اپنی شناخت کو تسلیم کرنے کی طاقت دیتی ہے۔ عورت کا دکھ، جو ابتدا میں ایک بوجھ محسوس ہوتا ہے، دراصل اُسے اپنی حقیقت اور طاقت کے بارے میں شعور عطا کرتا ہے۔ عورت کی زندگی کا یہ سفر کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، مگر وہ ہمیشہ اپنی نسوانیت کو اپنے درد سے زیادہ طاقتور بناتی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ عورت کے دکھوں اور پیڑوں کے باوجود، اس کی نسوانیت ایک روشنی کی طرح چمکتی ہے، جو نہ صرف اُسے خودی کی شناخت دیتی ہے بلکہ اس کی طاقت کا بھی اقرار کرتی ہے۔

