پرما کی اٹھارہویں سالگِرہ پہ فینی کے محبت بھرے خطوط (سلسلہ وار 14 )
ہم خوش ہوتے ہیں جب ہمارے بچے کسی مقابلے میں جیتتے ہیں یا امتحان میں اول آتے ہیں اور خوشی کی بات بھی ہے مگر کیا ہم بچوں کو ہار کی اہمیت بتاتے ہیں۔ ہار سے ہم یہ سیکھتے ہیں کہ کہیں ہماری محنت میں کسر رہ گئی تھی ہار ہمیں سکھاتی ہے کہ جب ہم جیتیں تو یاد رکھیں کہ جیت آسانی سے حاصل نہیں ہوتی۔ ہر کوئی زندگی میں جیتنا چاہتا ہے کامیابی چاہتا ہے ہم بحیثیت والدین اپنے بچوں سے صرف یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ کامیاب زندگی گزاریں اور زندگی کے ہر قدم پر جیت ان کی ہو اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ ہم انھیں یہ سکھائیں کہ زندگی کو ہر ہار کے بعد ایک نئے سرے سے جیا جاسکتا ہے اور کوئی ہار ہمیں آگے بڑھنے اور اپنی منزل پہ پہنچنے سے نہیں روک سکتی۔ ہار ایک وقفہ ہے جیت اور تمہارے بیچ۔ ہر شکست ایک نئی امید لے کر آتی ہے۔ کامیابی آسانی سے نہیں ملتی اس کے لئے بہت لگن اور محنت درکار ہوتی ہے۔ ہم کسی مقابلے میں ہار سکتے ہیں مگر وہ وقتی ہار ہماری ہمت اور حوصلہ نہیں توڑ سکتی۔ اپنے خوابوں پر اتنا بھروسا ہونا چاہیے کہ اگر کہیں شکست سے سامنا ہو بھی جائے تو ہم پہلے سے زیادہ محنت سے اپنی منزل کو حاصل کرنے کی جستجو کریں۔ ہار صرف اس وقت ہوتی ہے جب کوشش کرنا ترک کر دی جائے۔ پرما تم اور فرجاد دونوں زندگی کو کہیں سے بھی ایک نئے سرے سے جینے کا ہنر رکھتے ہو اس لیے کبھی کسی ہار سے مت گھبرانا کوئی ہار بھی تمہارے ارادوں کو اور تمھارے خوابوں کو تم سے نہیں چھین سکتی۔


