تاریخی فتح۔ قوم، فوج اور فضا کے شاہینوں کا فخر


مئی 2025 کی جنگ پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب بن چکی ہے، جسے صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ یہ صرف ایک جنگ نہیں تھی، یہ ایک غیر متزلزل عزم، بے مثال قربانی اور ناقابل شکست حب الوطنی کی جیتی جاگتی تصویر تھی۔ دشمن نے سوچا تھا کہ وہ ہمیں جھکا دے گا، مگر اسے یہ معلوم نہ تھا کہ یہ قوم مٹی کی نہیں فولاد کی بنی ہے، اور اس کے محافظ وہ ہیں جنہیں آسمان بھی سلام کرتا ہے۔

سب سے پہلے سلام ان فضا کے شہسواروں کو، ہماری عظیم پاک فضائیہ کو، جنہوں نے دشمن کے طیاروں کو زمین بوس کیا۔ دن ہو یا رات، پہاڑ ہو یا صحرا، ہمارے پائلٹس نے بہادری اور مہارت کی ایسی مثالیں قائم کیں جن پر نہ صرف ہم، بلکہ دنیا حیران رہ گئی۔ ان کی بروقت کارروائیوں نے نہ صرف دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے بلکہ ہماری سرزمین کی حرمت کو بھی محفوظ رکھا۔

پھر بات ہو پاک فوج کی، تو ان کے قدموں کی چاپ دشمن کے دلوں پر لرزہ طاری کر گئی۔ ہماری بری اور بحری افواج نے جس نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ قربانی کے ساتھ محاذ سنبھالا، وہ ہمارے فخر کا باعث ہے۔ ہر سپاہی، ہر افسر، ہر یونٹ نے ثابت کیا کہ پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہیں۔

اس جنگ میں ایک اور روشن ستارہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی صورت میں چمکا، جنہوں نے نہ صرف اندرونِ ملک مورال بلند رکھا، بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا موقف نہایت وقار اور مہارت سے پیش کیا۔ ان کی قیادت میں پاکستان کی سچائی، قربانی اور عزم پوری دنیا کے سامنے واضح ہو کر سامنے آیا۔

لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ جب پوری قوم اور افواج ایک صف میں کھڑی تھیں، اُس وقت کی ”فارم 47 حکومت“ ایک ناقابلِ فہم خاموشی میں دفن تھی۔ نہ بھارت کے خلاف ایک واضح موقف، نہ مودی کی جارحیت پر ایک لفظ، نہ شہدا کو خراج تحسین، نہ قوم کو حوصلہ دینے کا کوئی پیغام۔ ان کی یہ خاموشی سوالات چھوڑ گئی۔ کیا انہیں دشمن کی گولیوں سے زیادہ اقتدار کی کرسی عزیز تھی؟ کیا وہ قومی غیرت اور خودداری سے اتنے غافل ہو چکے ہیں کہ دشمن کے حملے پر بھی زبان بند رکھی؟

قوم نے مایوسی کے اس اندھیرے میں بھی روشنی کا راستہ خود تلاش کیا۔ جس نے ہر لمحہ، ہر قدم پر اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہو کر دشمن کو پیغام دیا کہ ”یہ ملک صرف افواج کا نہیں، بلکہ 24 کروڑ عوام کا قلعہ ہے۔“ بچے، بزرگ، خواتین، طلبہ، مزدور، سب نے یہ پیغام دیا کہ یہ ملک کسی حکومت یا پارٹی کا محتاج نہیں، یہ ملک عوام، افواج اور قربانی کے جذبے سے چلتا ہے۔

یہ فتح صرف ایک جنگ کی نہیں، یہ ایک نظریے، ایک ایمان، اور ایک متحد قوم کی فتح ہے۔ دشمن کو ایک بار پھر یاد دلایا گیا کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے، اور اس کے محافظ صرف سرحدوں پر نہیں، بلکہ ہر گلی، ہر شہر، ہر دل میں بستے ہیں۔

پاکستان زندہ باد۔

Facebook Comments HS