نریندر مودی ایک لبرل ہندو نہیں ہیں


بھارت آج کل ہندو انتہا پسندی کا شکار ہے اور اس حوالے سے پاکستان کی ایک بھاری اکثریت میں بجا طور پر تشویش پائی جاتی ہے۔ یہی تشویش ایک بھارتی لبرل ہندو بھی محسوس کرتا ہے۔ کیونکہ؛

گوشت کھانا ہندوؤں میں حرام سمجھا جاتا ہے۔ مگر ایک لبرل ہندو خود گوشت کھائے یا نہ کھائے، دوسروں کے گوشت کھانے پر پابندی لگائے گا نہ اس کی حمایت کرے گا۔ کوئی ہندو اگر گوشت کھانے کی پابندی پر عمل نہیں کرنا چاہتا تو اس پر بھی ایک لبرل ہندو کو کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔

ایک لبرل ہندو کو اس بات کی کوئی فکر نہیں ہو گی کہ جتنے ہندو پچھلی کئی صدیوں میں ہندو مذہب چھوڑ کر مسیحی یا مسلمان ہوئے تھے ان کی اولادوں کو اب واپس گھر آنا چاہیے یعنی ہندو مذہب قبول کر لینا چاہیے۔

ایک لبرل ہندو اپنے مندروں کے ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں کا بھی احترام کرے گا اور انہیں گرانے میں خود شامل ہو گا نہ کسی ایسے اقدام کی حمایت کرے گا۔ بلکہ ایک لبرل ہندو تو بھارت میں موجود خوبصورت مسجدوں اور گرجا گھروں کو بھارت کا خوبصورت تاریخی سرمایہ سمجھے گا اور اس پر فخر بھی کرے گا۔

ایک لبرل ہندو اپنے بھگوانوں کی بے احترامی کے شک میں کسی ہندو غیر ہندو کو قتل کرے گا نہ اس کے لئے سزائے موت کی حمایت کرے گا۔ نہ ہی وہ کسی ایسے ایشو کو بھارت کی سالمیت یا بھارتی عوام کی غیرت پر حملہ گردانے گا۔

ایک لبرل ہندو دوسرے مذاہب کے لوگوں کو اپنے سے کم تر نہیں سمجھے گا بلکہ ان کا احترام کرے گا اور بھارت میں اس تنوع کو بھارت کی خوب صورتی گردانے گا۔

ایک لبرل ہندو بھارت میں موجود مسلمان صوفیاء کے مزاروں پر خود جائے یا نہ جائے لیکن دوسرے لوگوں کے جانے پر اعتراض نہیں کرے گا۔

ایک لبرل ہندو کسی دوسرے مذہب کے حامل شخص کو اپنے مندر میں آنے سے نہین روکے گا۔ اور نہ ہی اس کا برا مانے گا۔ بلکہ آنے والے کو خوش آمدید کہے گا۔

ایک لبرل ہندو کسی بھی ہندو کے مذہب تبدیل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں کرے گا۔ اگر کوئی ہندو اپنا مذہب چھوڑ دیتا ہے اور دوسرا مذہب اپنا لیتا ہے تو ایک لبرل ہندو اسے واپس ہندو مذہب پر لانے کے لئے فکرمند یا پریشان نہیں ہو جائے گا۔

اگر کوئی ہندو لڑکی یا لڑکا کسی دوسرے مذہب کے شخص سے شادی کر لیتا ہے تو ایک لبرل ہندو کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔

ایک لبرل ہندو بھارت میں رہنے والے باقی مذاہب کے لوگوں کو زبردستی ہندو بنانے کو ناجائز سمجھے گا اور ایسی کسی تحریک کی حمایت نہیں کرے گا۔

ایک لبرل ہندو یہ نہیں چاہے گا کہ بھارت میں رہنے والے دوسرے مذاہب کے لوگوں پر ہندوؤں کا رعب ہو۔

ایک لبرل ہندو شاہ رخ خان، عامر خان، سلمان خان، اظہرالدین، ثانیہ مرزا، ابوالکلام آزاد اور ان جیسے ان گنت مسلمان آرٹسٹوں، سائنسدانوں، سیاستدانوں، کھلاڑیوں اور دوسرے ہیروز کو اپنا مانتا ہے اور ان پر فخر کرتا ہے اور انہیں بھارت کے لئے بالکل ایسے ہی ایک قیمتی سرمایہ سمجھتا ہے جیسے وہ ٹنڈولکر، گواسکر، لتا منگیشکر اور مادھوری کو سمجھتا ہے۔

ایک لبرل ہندو یہ چاہے گا کہ بھارت میں رہنے والے تمام لوگ اپنی مذہبی روایات کے مطابق اپنی زندگیاں بے خوف اور آزادی سے بسر کریں۔ انہیں ہندو اکثریت سے کسی قسم کا خوف نہ ہو اور ہندو اکثریت ان پر اپنی مرضی تھوپنے کی کوشش نہ کرے۔

ایک لبرل ہندو اپنی عبادات دوسروں پر نہیں تھوپے گا۔ مثال کے طور پر ایک لبرل ہندو کسی ایسے آرڈر کی حمایت نہیں کرے گا جس کے تحت سب لوگوں کو یوگا کرنے پر قانوناً مجبور کیا جائے۔

ایک لبرل ہندو گائے کے ذبح کرنے پر پابندی کی حمایت نہیں کرے گا۔ وہ گائے ذبح کرنے والے کو قتل کرے گا نہ ہی اس کے لئے قتل کی سزا تجویز کرے گا۔

ایک لبرل ہندو ”پی کے“ جیسی زبردست فلم کو اپنے مذہب کی توہین سمجھے گا نہ اس پر پابندی کی حمایت کرے گا۔

ایک لبرل ہندو کسی غیر ملکی سیاح کو اس جرم پر نہیں پیٹے گا کہ اس کے ٹخنے پر کوئی تصویر بنی ہوئی ہے جس کی شکل کسی مورتی سے ملتی جلتی ہے۔

ایک لبرل ہندو چاہے گا کہ بھارت ایک سیکولر ملک ہی رہے تاکہ تمام لوگوں کو برابر کے شہری حقوق حاصل ہوں۔

ایک سیکولر بھارت ہی اس کے تمام شہریوں کو ان کے حقوق کی ضمانت دے سکتا ہے اور سارے لوگوں کو ساتھ لے کر ترقی کر سکتا ہے اور اقوام عالم ایک با عزت مقام پا سکتا ہے۔

اس ساری بحث سے یہ نتیجہ نکالنا بہت آسان ہے کہ مودی جی، یوگی جی اور ان کے بی جے پی کے قریبی ساتھی لبرل ہندو نہیں ہیں۔ وہ بھارت کو ایک سیکولر ملک کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتے۔ یہ بات بھارت کے عوام کے لئے بہت خطرناک ہے اور اس پر ہم سب کی تشویش بجا ہے۔

پس خیال: ایک لبرل مسلمان کیا ہو گا اور وہ کیسا پاکستان دیکھنا چاہے گا؟

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik