کانٹے کے مقابلے، نئے ریکارڈ اور لاہور کی ہیٹ ٹرک: پی ایس ایل 10 کا مکمل جائزہ
پاکستان سپر لیگ کا دسواں ایڈیشن، جسے پی ایس ایل ٹین کے نام سے جانا جاتا ہے، ایک ایسی کہانی رقم کر گیا جو نہ صرف پاکستانی کرکٹ بلکہ عالمی ٹی ٹوئنٹی لیگز کے لیے بھی ایک نئی مثال بن چکی ہے۔ یہ صرف کرکٹ کا ایک ٹورنامنٹ نہیں تھا بلکہ جذبے، مہارت، اور بے مثال تفریح کا ایک ایسا امتزاج تھا جس نے لاکھوں شائقین کو محظوظ کیا جہاں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اپنی بے پناہ مالی طاقت اور بڑے بڑے ناموں کے ساتھ شہرت رکھتی ہے، وہیں پی ایس ایل ٹین نے یہ ثابت کیا کہ کم مالی وسائل کے باوجود کس طرح معیار، مقابلہ اور عوامی جوش و خروش سے ایک کامیاب ترین لیگ کا انعقاد کیا جا سکتا ہے۔
پی ایس ایل ٹین حقیقت میں ایک انتہائی کامیاب ایونٹ ثابت ہوا۔ یہ ٹورنامنٹ شروع سے آخر تک انتہائی سنسنی خیز مقابلوں سے بھرا رہا۔ ہر دوسرا میچ ایسے محسوس ہوتا جیسے فائنل ہو، جہاں آخری گیند تک مقابلہ جاری رہتا۔ یہ کانٹے دار مقابلے ہی پی ایس ایل کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ ہر ٹیم نے میدان میں اپنا سو فیصد دیا اور کوئی بھی ٹیم کسی دوسری سے کمزور نظر نہیں آئی سوائے ملتان سلطانز کے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہر میچ میں خون کو گرمانے والے مقابلے دیکھنے کو ملے۔ شائقین کی بڑی تعداد نے گراؤنڈز کا رخ کیا، اور ہر شہر کے اسٹیڈیم میں کرکٹ کے دیوانوں کا جم غفیر نظر آیا۔ لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی کے اسٹیڈیم رنگا رنگ روشنیوں اور جوشیلے نعروں سے گونجتے رہے۔
پی ایس ایل ٹین کا فائنل لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا، اور لاہور قلندرز نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے تیسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا اور اس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد وہ دوسری ایسی ٹیم بن گئی جس نے تین پی ایس ایل ٹائٹل جیتے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل میں 201 رنز کا بڑا ہدف دیا، لیکن لاہور قلندرز نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی اور 5 لاکھ امریکی ڈالر، یعنی 14 کروڑ پاکستانی روپے کی انعامی رقم کی حقدار ٹھہری۔
پی ایس ایل ٹین نے اعداد و شمار کے لحاظ سے بھی کئی نئے ریکارڈ قائم کیے۔ یہ ٹورنامنٹ 11 اپریل سے 25 مئی 2025 تک کھیلا گیا، جس میں چھ ٹیموں کے درمیان کل 34 میچز ہوئے۔ بلے بازوں نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مجموعی طور پر اس ٹورنامنٹ میں 11201 رنز بنے جس میں 1000 چوکے اور 520 چھکے شامل ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان نے 12 میچوں میں 449 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب بلے باز کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کے بعد لاہور قلندرز کے فخر زمان 439 رنز کے ساتھ دوسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز 399 رنز کے ساتھ تیسرے اور لاہور قلندرز کے عبداللہ شفیق 390 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر رہے۔ اس ٹورنامنٹ میں کل پانچ سنچریاں بنائی گئیں، جو حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، جیمز ونس، محمد رضوان اور رائیلی روسو نے سکور کیں۔ فخر زمان نے چار نصف سنچریاں بنا کر سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے بعد صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، ڈیوڈ وارنر، جیمز ونس اور عبداللہ شفیق نے تین تین نصف سنچریاں بنائیں۔
صاحبزادہ فرحان نے سب سے زیادہ 52 چوکے لگائے، جبکہ حسن نواز نے 28 چھکوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ باؤلروں نے بھی بلے بازوں کو ناکوں چنے چبوائے۔ اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 462 وکٹیں گریں۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 12 میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کر کے ٹورنامنٹ کے سب سے کامیاب باؤلر کا اعزاز حاصل کیا اور ”فضل محمود کیپ“ جیتی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد، کراچی کنگز کے حسن علی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فہیم اشرف اور کراچی کنگز کے عباس آفریدی، ان سب نے سترہ سترہ وکٹیں لے کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فہیم اشرف نے ایک میچ میں پانچ وکٹیں بھی حاصل کیں۔
فیلڈنگ کے شعبے میں پی ایس ایل ٹین میں شامل اکثر ٹیموں نے مایوس کن کارکردگی دکھائی۔ اس ٹورنامنٹ میں 96 کیچ ڈراپ ہوئے، جو ایک بڑی تعداد ہے اس پر انہیں کرکٹ ماہرین اور شائقین کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل سمیت کئی اہم میچوں میں کئی کیچ چھوڑے، جس نے ان کے نتائج پر بھی منفی اثر ڈالا۔ اس کے علاوہ، وکٹ کیپروں نے بھی 28 سٹمپنگ کے مواقع ضائع کیے اور 28 بار رن آؤٹ کے مواقع گنوائے۔ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں ٹیموں کو مستقبل میں بہتری لانے کی اشد ضرورت ہے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے نہ صرف سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں بلکہ اپنی ٹیم کو تیسری بار فاتح بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا اور اپنی کپتانی کا لوہا منوایا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان حسن نواز نے بیٹنگ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچایا۔ ہر ٹیم کے کپتان نے اپنی ٹیم کی قیادت کے لیے ہر ممکن کوشش کی کچھ کامیاب رہے اور باقی ناکام۔
پاکستان سپر لیگ کے دس سالہ شاندار سفر میں لاہور قلندرز ( 2022، 2023، 2025 ) اور اسلام آباد یونائیٹڈ ( 2016، 2018، 2024 ) نے اپنی برتری کا بھرپور انداز میں لوہا منوایا ہے۔ دونوں ٹیمیں تین تین بار ٹائٹل جیت کر نہ صرف اپنی مستقل مزاجی ثابت کر چکی ہیں بلکہ پی ایس ایل کی سب سے کامیاب ٹیموں میں شمار ہوتی ہیں۔ دیگر ٹیموں میں پشاور زلمی 2017، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2019، کراچی کنگز 2020 اور ملتان سلطانز 2021 نے ایک ایک بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، یوں لیگ کی تاریخ میں شامل ہر ٹیم کم از کم ایک بار ضرور فاتح رہی ہے۔
جب بات دنیا کی دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز سے موازنے کی آتی ہے، تو پی ایس ایل ٹین کئی لحاظ سے منفرد نظر آتی ہے۔ جہاں آئی پی ایل اپنے بے پناہ مالی وسائل کے لیے جانی جاتی ہے اور اس میں دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی شامل ہیں، وہیں پی ایس ایل کا سارا انحصار معیار، مقابلے اور خالص کرکٹ کے جذبے پر ہے۔ پی ایس ایل کا بنیادی مقصد پاکستانی کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس ٹورنامنٹ نے کئی نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر پہچان دلائی، جو اس کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔
پی ایس ایل کی ایک اور اہم خصوصیت اس کا نیک ٹو نیک مقابلہ ہے۔ اکثر میچز میں آخری اوور اور آخری گیند تک سنسنی برقرار رہی۔ اس میں مالی منفعت کی دوڑ اتنی زیادہ نہیں لگی جتنی کہ آئی پی ایل میں، بلکہ پی ایس ایل میں کرکٹ کا اصلی جوہر زیادہ نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے۔
پی ایس ایل ٹین نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاکستانی کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں اور یہاں عالمی معیار کی کرکٹ کا انعقاد عین ممکن اور ناگزیر ہے۔ یہ لیگ نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہے بلکہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک نرسری بھی ہے، جو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارتی اور انہیں عالمی سطح پر متعارف کراتی ہے۔ اگرچہ فیلڈنگ کے شعبے میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، لیکن مجموعی طور پر پی ایس ایل ٹین ایک یادگار ٹورنامنٹ رہا جو پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی نوید لے کر آیا ہے۔ یہ لیگ عالمی کرکٹ میں پاکستان کی شناخت کو مزید مضبوط کر رہی ہے اور دنیا کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ کا ایک اہم مرکز ہے جہاں ہر بار ایک نیا اور بہتر مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے۔

