پرما کی اٹھارہویں سالگِرہ پہ فینی کے محبت بھرے خطوط (20)
زندگی میں ہم اکثر صحت پر اتنی توجہ نہیں دیتے جتنی ہمیں دینی چاہیے۔ ہم یہ سنتے ہوئے بڑے ہوتے ہیں کہ جان ہے تو جہان ہے مگر پھر بھی ہم اس بات پر کان نہیں دھرتے جو غلط ہے۔ زندگی کی بھاگ دوڑ میں سب سے زیادہ ہماری صحت متاثر ہوتی ہے اور ہمیں اس وقت احساس ہوتا ہے جب یا تو ہم اپنی صحت خراب کر چکے ہوتے ہیں یا ایسی عادتوں کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے کہ صحت متاثر ہو۔ اپنی صحت کو کبھی بھی taken for granted مت لینا۔
صحت سب سے بڑی نعمت ہے۔ رات میں جلدی سونا اور صبح سویرے اٹھنا اچھی صحت کے لئے بہت ضروری ہے مگر آج کل اس کا الٹ ہو رہا ہے ہم قدرت کے نظام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہے ہیں۔ رات سونے کے لئے بنائی گئی ہے اور دن جاگ کر کام کرنے کے لئے اور ہو یہ رہا ہے کہ رات بھر لوگ جاگتے ہیں اور دن میں بے خبر سوتے ہیں۔ اس سے صحت تو خراب ہو ہی رہی ہے مگر وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔ اچھی صحت کے لئے زندگی میں نظم و ضبط کی بہت اہمیت ہے۔ پوری نیند لینا، اچھی خوراک کھانا، کھیل کود میں حصہ لینا اور ایسی عادتوں سے پرہیز کرنا جن سے صحت متاثر ہو ایسا کرنا بہت ضروری ہے۔ پرما تم اپنا بھی خیال رکھو اور فرجاد کو بھی راغب کرو کہ وہ بھی اپنی صحت پر توجہ دے اور کبھی اس معاملے میں لاپرواہی نہ برتے۔


