نگوگی وا تھیونگو: ایک بڑے مابعد نوآبادیاتی مفکر کی رخصتی


28 مئی 2025 کو جب جارجیا، امریکہ کے ایک ہسپتال میں نگوگی وا تھیونگو (Ngũgĩ wa Thiong ’o) نے آخری سانس لی، تو صرف افریقہ ہی نہیں بلکہ عالمی ادب، ایک بڑی اور توانا آواز سے محروم ہو گیا۔ نگوگی صرف ایک فکشن رائٹر نہیں تھے، بلکہ وہ نوآبادیاتی استبداد، لسانی سامراج، ثقافتی جبر اور مابعد نوآبادیاتی آمریت کے خلاف ایک مسلسل مزاحمتی بیانیے کا نام تھے۔ وہ ایڈورڈ سعید، فرانترز فینن، ایمی سیزر، ہومی کے بھابھا، گائتری چکروتی سپیوک، البرٹ میمی جیسے بڑے مابعد نوآبادیاتی مفکرین کی فہرست کا حصہ ہیں۔ ان کی زندگی، لکھت اور نظریات اُن تمام خطوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں جو آزادی، سماجی انصاف اور خودمختاری کے خواہش مند ہیں۔

نگوگی وا تھیونگو 5 جنوری 1938 کو کینیا کے قصبے لیمورو (Limuru) کے نواحی گاؤں کمیریتو (Kamiriithu) میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام جیمز نگوگی تھا، جو بعد میں انہوں نے ترک کر کے افریقی شناخت کے اظہار کے طور پر اپنا مقامی نام اختیار کیا۔ ان کا تعلق ایک زرعی سماج سے تھا اور انہوں نے نوآبادیاتی نظام کی عدم مساوات، تعلیمی تفریق، اور سماجی استحصال کو نہ صرف قریب سے دیکھا بلکہ سہا بھی۔ انہوں نے تعلیم میکریرے یونیورسٹی، یوگنڈا، اور لیڈز یونیورسٹی، برطانیہ، سے حاصل کی۔ بعد ازاں وہ نیروبی یونیورسٹی میں انگریزی ادب کے لیکچرار مقرر ہوئے۔

مقامی (افریقی) شناخت، زبان، اور تاریخ کی بازیافت نگوگی کی فکر کا مرکزی نکتہ ہے۔ ان کا پہلا ناول Weep Not، Child ( 1964 ) مشرقی افریقہ میں انگریزی زبان میں لکھا جانے والا پہلا اہم ناول تھا، اس میں آزادی کے خواب، ماؤ ماؤ بغاوت، اور نوآبادیاتی مظالم کو ایک بچے کی نظر سے دکھایا گیا ہے۔ بعد ازاں ان کے ناولوں The River Between ( 1965 ) اور A Grain of Wheat ( 1967 ) نے انہیں عالمی شہرت عطا کی۔ ان کا شاہکار ناول Petals of Blood ( 1977 ) نوآبادیات سے آزادی کے بعد کینیا میں پیدا ہونے والے سماجی و معاشی استحصال، کرپشن، طبقاتی تفریق، مقامی اشرافیہ کے استحصال، اور کارپوریٹ کلچر کی لوٹ مار پر مبنی ہے۔

ڈراما نگاری میں بھی نگوگی نے منفرد مقام حاصل کیا۔ ان کا پہلا ڈراما The Black Hermit ( 1962 میں پیش کیا گیا، 1968 میں شائع ہوا) جو افریقی شناخت، مذہب اور سیاست کے مابین کشمکش کو بیان کرتا ہے۔ ان کا سب سے معروف ڈراما I Will Marry When I Want ( 1977 ) ہے، جسے انہوں نے وا میری (Ngugi wa Mirii) کے ساتھ مقامی زبان کیکوئُو میں تحریر کیا۔ اس ڈرامے میں آزادی کے بعد پیدا ہونے والی سماجی نا انصافیوں، غیر ملکی قوتوں کے استحصال کو اجاگر کیا گیا، جس کی پاداش میں حکومت نے انہیں گرفتار کر لیا اور ایک سال کے لیے بغیر مقدمے کے قید کر دیا۔ قید کے دوران انہوں نے کیکوئُو زبان میں ایک تمثیلی ناول Devil on the Cross ( 1980 ) ٹوائلٹ پیپر پر لکھا، جس میں ایک تمثیل کے ذریعے سماجی و معاشی ظلم پر طنز کیا گیا۔ ان کا طویل طنزیہ ناول Wizard of the Crow ( 2004 ) آمریت، مذہبی منافقت، اور نوآبادیاتی ورثے پر کڑی تنقید کرتا ہے۔

1978 میں رہائی کے بعد نگوگی کو جلاوطنی اختیار کرنا پڑی۔ انہوں نے برطانیہ اور پھر امریکہ کی جامعات میں تدریسی فرائض انجام دیے۔ 2004 میں وہ اپنے وطن کینیا واپس گئے، لیکن ایک پرتشدد حملے کے بعد انہیں دوبارہ وطن چھوڑنا پڑا۔

”Decolonising the Mind“ نگوگی وا تھیونگو کی ایک انقلابی تصنیف ہے جو نوآبادیاتی ذہنیت، زبان اور افریقی ادب کے باہمی تعلق کو ایک نئے زاویے سے دیکھتی ہے۔ اس کتاب میں نگوگی نے استدلال کیا ہے کہ زبان محض ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ ثقافتی شناخت، شعور اور طاقت کا زبردست آلہ ہے۔ ان کے مطابق، نوآبادیاتی قوتوں نے افریقی ذہنوں کو محکوم بنانے کے لیے ان کی زبانوں کو دبا کر یورپی زبانوں (خصوصاً انگریزی، فرانسیسی) کو مسلط کیا۔ یوں ایک لسانی اور ثقافتی اجارہ داری حاصل کی۔ نگوگی نے زور دیا کہ افریقی مصنفین کو اپنی مقامی زبانوں میں لکھنا چاہیے، کیونکہ وہی زبانیں یہاں کے لوگوں کے تجربات، ثقافت، تاریخ اور مزاحمت کو اصل صورت میں پیش کر سکتی ہیں۔ یہ کتاب نگوگی کی جانب سے انگریزی زبان میں آخری تصنیف تھی، جس کے بعد انہوں نے صرف کیکوئُو اور سواحلی میں لکھنے کا فیصلہ کیا۔

فکشن کے علاوہ ان کی دیگر کتب میں Homecoming ( 1972 ) ، Writers in Politics ( 1981 ) ، Barrel of a Pen ( 1983 ) ، Moving the Centre ( 1993 ) ، اور Penpoints، Gunpoints and Dreams ( 1998 ) شامل ہیں، جو ادب، ثقافت، سیاست، اور مزاحمت کے باہمی تعلقات پرایک زبردست، مدلل اور منطقی بیانیہ پیش کرتی ہیں۔

ان کی سوانحی تحریروں میں Detained: A Writer ’s Prison Diary ( 1981 ) ، Dreams in a Time of War: A Childhood Memoir ( 2010 ) ,In the House of the Interpreter ( 2012 ) ، اور Birth of a Dream Weaver: A Writer‘ s Awakening ( 2016 ) شامل ہیں۔

نگوگی وا تھیونگو کی فکری میراث آزادی، ثقافتی خودمختاری، رد استعماریت اور لسانی انصاف پر استوار ہے۔ وہ بارہا نوبل انعام کے لیے نامزد ہوئے، لیکن ان کا اصل خراج ان کے الفاظ، نظریات، اور تحریریں ہیں جو محکوموں کو شعور اور مظلوموں کو آواز عطا کرتی ہیں۔ وہ جسمانی طور پر ہمارے درمیان نہیں رہے، لیکن ان کے افکار، نظریات اور تحریریں زندہ رہیں گی جنہوں نے نہ صرف ادب کو ایک نیا رخ دیا بلکہ زبان اور شناخت کے سوال کو عالمی مکالمے کا حصہ بنایا۔

Facebook Comments HS