فارس کو کون بچائے گا؟ ۔۔۔ماں کی دعائیں یا پونے دو کروڑ روپے؟


 ماں کے پاس دعا کی صورت بڑا طاقتور ہتھیار ہوتا ہے۔ سوچتا ہوں اگر پونے دو کروڑ روپے اکھٹے نہ ہو سکے خدا نخواستہ۔۔تو کیا فارس بچ جائے گا؟

ایک کزن بہت شدید بیمار تھا۔ اس کو ایک ایسی نیورو سے متعلقہ بیماری لاحق تھی جو لاعلاج سمجھی جاتی ہے۔ ایسی بیماری کا مستقل علاج تو نہیں ہے لیکن مناسب علاجٗ جسمانی مشقوں اور ادویات سے زندگی رواں رکھی جا سکتی ہے۔ علاج اور ادویات مہنگی تھیں اس لیے اس کی ماں نے دعاؤں میں اسی مناسبت سے اضافہ کر دیا۔ رات کی نیند قربان کی اور پوری پوری رات سجدے میں بسر کرنا شروع کی۔ جہاں پہلے دعاؤں میں پہلے چند آنسو بطور ٹوکن سوئے فلک روانہ کیے جاتے تھے اب آنسوؤں کی جھڑی میں دعا کو لپیٹ کر بھیجا جانے لگا۔

ایک بہت اچھے پڑھے لکھے بزرگ تھے۔ ان کے پاس بیٹھا تھا۔ کزن کی بیماری کا ذکر چھڑاتو میں نے بڑے یقین سے کہا کہ کوئی فکر کی بات نہیں کزن کو کچھ نہیں ہو گا۔ اس کی ماں جس طرح دعائیں کر رہی ہے اس سے عرش ہل جائے گا وغیرہ وغیرہ۔

ان بزرگ نے دنیا دیکھ رکھی تھی۔ میں نے ابھی ایام نوجوانی میں ابھی قدم رکھا تھا جذباتی تھا۔ انہوں نے میری بات غور سے سننے کے بعد کہا، دیکھو نوجوان ۔۔کچھ قوانین ایسے ہوتے ہیں جن کو بدلا تو نہیں جا سکتا لیکن ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ اور اس کے لیے اسباب اسی دنیا سے لیے جاتے ہیں۔ جو کچھ آپ کہہ رہے ہیں اس سے میں یہ مطلب اخذ کروں کہ دنیا کی تمام مائیں اگر سجدے میں چلی جائیں اور آنسوؤں کا سیلاب لے آئیں اور دعا کریں کہ سورج مغرب سے طلوع ہونا شروع ہو جائے تو کیا اللہ تعالیٰ ماؤں کے احترام میں سورج کو مغرب سے طلوع کرنا شروع کر دیں گے؟

دعا کی تاثیر برحق ہے لیکن وہ باب علیحدہ ہے۔ اس کو جو بھی مسئلہ ہے اس کا سبب یہیں سے نکالنا پڑے گا۔ خدا نے انسان کو دانش دی اور انسان نے اس تحفے کو استعمال کر کے اسباب نکالے تو بالواسطہ یہ اسباب بھی اللہ تعالیٰ کے ہی دیے ہوئے ہیں۔ اس کے علاج کے لیے رقم اکھٹی کرو اور علاج کرواؤ وگرنہ جس بیماری کی شدت کا تم ذکر کر رہے ہو وہ ڈیڑھ مہینہ بھی نہیں نکالے گا۔

ایک مہینے میں ہی کزن کی وفات ہو گئی۔ وہی ماں اب اس کی وفات پر روتی جاتی۔ ایک سال قبر پر بیٹھے گزار دیا۔

پورا دن قبر کے پاس بیٹھی رہتی اور مٹی کے ڈھیر سے باتیں کرتی رہتی۔۔کاشف کیا حال ہیں؟ میرے بیٹے نے ناشتہ کر لیا؟ اچھا ناشتہ کیا ہو گا میرے اللہ نے جو دیا ہو گا؟ مجھے تم نظر نہیں آتے بس دیکھنا چاہتی تھی آج میرے کاشی نے کس رنگ کے کپڑے پہنے ہوں گے؟ میں جب دوپہر کو سو رہی ہوتی ہوں تو تم مجھے ڈرانے بھی نہیں آتے۔۔ سچ بتا دوں تمھیں نہیں ڈرتی تھی قسم سے ۔۔سب اداکاری تھی جس پر تم ہنس کر لوٹ پوٹ ہوتے تھے۔ اور میں تمھیں ہنستا دیکھنا چاہتی تھی۔۔دیکھ اب مجھے کوئی ڈرانے نہیں آتالیکن ہر وقت ڈرتی رہتی ہوں سہمی رہتی ہوں۔ جب سے تم گئے ہو ڈر بہت بڑھ گیا ہے۔ جب ڈر حد سے بڑھ جاتا ہے تو کمرے میں جاتی ہوں اور صندوق سے تمھارے ان دھلے کپڑے نکالتی ہوں اور ان میں رچے تمھارے جسم کی خوشبو سونگھتی ہوں ۔ڈر کم ہو جاتا ہے۔ لیکن کاشی جب تمھارے کپڑوں سے تمھاری خوشبو ختم ہو جائے گی تو۔۔؟ تو میں کیا کروں گی ؟ پھر ماں قبر پر بین شروع کر دیتی ۔۔تم ہو ہی کمینے ۔۔کمینے نہ ہوتے تو مجھے یوں کیوں اکیلا چھوڑ جاتے۔۔

یہ سب ایک سال چلتا رہا۔

آج فارس کی داستان نظر سے گزری۔ فارس سے زیادہ اس کی ماں کا چہرہ ذہن میں گھوم گیا۔

جس بچے کو پیدائش سے لیکر لاکھوں دفعہ چوما ہو وہ یوں ریزہ ریزہ ہو کر ایسے کیوں جائے؟

اور بچے پر ایسی بیماری ہو تو وقت کا ایک ایک لمحہ ہتھوڑے کی طرح دل پر لگتا ہے۔

ماں کیا سوچ سکتی ہے کیا کر سکتی ہے۔۔۔؟

دعا کر سکتی ہے؟

پونے دو کروڑ کے اکٹھا ہونے کے لیے آنسوؤں کا نذرانہ پیش کر سکتی ہے۔۔

یا پھر کائنات میں ان انمول گھڑیوں کے ہمیشہ کے لیے رک جانے کی دعا کر سکتی ہے جن گھڑیوں میں فارس زندہ ہے اور سانس لے رہا ہے۔

گھڑیاں اہم ہیں۔ فیصلہ ہم سب کے ہاتھ میں ہے۔ رقم تھوڑی یا زیادہ نہیں ہوتی ہے۔ تھوڑی رقم مل کر زیادہ رقم کہلاتی ہے۔ شاید کچھ عرصے بعد ہمارے پاس مایوسی اور پشیمانی کے علاوہ کچھ نہ بچے۔

ملک ریاض آگے بڑھیں یا خادم اعلیٰ بہت خوش آئند بات ہے۔۔

لیکن سوئے اتفاق ان تک ہماری آواز نہیں پہنچتی تو کیا ہوا۔۔۔۔ہم سب کیاکم ہیں؟

آپ براہ راست عطیات بھیج سکتے ہیں۔ (سٹیٹ بینک ہماری براہ راست اکاؤنٹ میں عطیات کی اپیل کرنے پر اکاؤنٹ بند کر چکا ہے۔ براہ مہربانی ایزی پیسہ وغیرہ کے ذریعے عطیات بھیجیں، یا فون پر رابطہ کریں)

Rehman Malik

CNIC 35202-79128901

0320-1449320

بیرون ملک مقیم پاکستانی اگر ہمارے بچے کی جان بچانے کی خاطر اپنا حصہ ڈالنا چاہیں تو اس مقصد کے لئے ہم نے ایک ویب سائٹ پر فنڈنگ جمع کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ آپ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے اس میں پیسے جمع کرا سکتے ہیں۔ آپ کے دیے ہوئے دس بیس ڈالر بھی ہمارے بیٹے کی جان بچا سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کا لنک یہ ہے

https://www.gofundme.com/heart-surgery-for-10yearold-faris

عطیات براہ راست میو کلینک کے اکاؤنٹ میں بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں

Mayo International Patient Financial Services

Patient Name: Muhammad Faris

Patient’s Mayo Clinic# 9174667

Account # 142078009545

U.S. Bank National Association

Rochester Branch

155 First Avenue, SW

Rochester Minnesota 55902.

Routin ABA # 091000022

Swift Address:USBKUS44IMT

والدہ فارس

رابطہ نمبر

رحمان ملک (والد فارس)

0320-1449320

(ادارہ ‘ہم سب’ کی جانب سے عدنان کاکڑ ذاتی طور پر تصدیق کر چکے ہیں کہ یہ کیس جینوئن ہے)


خادم اعلٰی، ملک ریاض، مخیر پاکستانیو، میرے بچے کو دردناک موت سے بچا لو

وقار احمد ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وقار احمد ملک

وقار احمد ملک اسلام آباد میں مقیم ایک صحافی ہے۔ وہ لکھتا نہیں، درد کی تصویر بناتا ہے۔ تعارف کے لیے پوچھنے پر کہتا ہے ’ وقار احمد ملک ایک بلتی عورت کا مرید اور بالکا ہے جو روتے ہوئے اپنے بیمار بچے کے گالوں کو خانقاہ کے ستونوں سے مس کرتی تھی‘ اور ہم کہتے ہیں ، ’اجڑے گھر آباد ہوں یا رب ، اجڑے گھر آباد۔۔۔‘

waqar-ahmad-malik has 180 posts and counting.See all posts by waqar-ahmad-malik