دوستوں کا وٹس ایپ گروپ


shafay sabir

آج کل میں پرائم ویڈیو پر انڈین ویب سیریز ”پنچایت“ کا سیزن 4 دیکھ ہو رہا ہوں۔ یہ سیریز کیسی ہے، یہ میرا مدعا نہیں۔ سیریز میں ہیرو سائیڈ کے چار مردانہ کردار ہیں، جو آپس میں دوست بھی ہیں۔ ان چاروں دوستوں نے ایک وٹس ایپ گروپ بنا رکھا ہے۔ چاروں میں سے اگر کسی ایک کو بھی، یا سبھی کو جب بھی کوئی مسئلہ ہوتا ہے، یا ان کی آپس میں کوئی ان بن ہوتی ہے، کوئی گھریلو پریشانی ہوتی ہے، ورک ریلیٹڈ کوئی ایشو ہوتا ہے تو یہ اسی گروپ میں میسج ڈال کر ایک اوپن جگہ اکٹھے ہوتے ہیں۔ کھانا کھاتے ہیں، بیر پیتے ہیں، ہنسی مذاق کرتے ہیں، دل کی باتیں ایک دوسرے سے شیئر کرتے ہیں، ساتھ میں اکٹھے چند گھنٹے گزارنے کے بعد ، وہ یک دم تر و تازہ محسوس کرتے ہیں۔

بالکل اسی طرح، حقیقی زندگی میں بھی ہم نے ایسا کیا ہوتا ہے۔ قریبی دوستوں کا ایک وٹس ایپ گروپ ہوتا ہے۔ جب بھی کسی کو کوئی مسئلہ در پیش ہوتا ہے، دوستوں کے وٹس ایپ گروپ میں میسج آتا ہے، سبھی مل بیٹھتے ہیں اور لو جی! ہر کوئی فریش ہو کر اٹھتا ہے۔

یہ جو دوست ہوتے ہیں نا، یہ بڑے قیمتی ہوتے ہیں۔ یہ آپ کے خونی رشتہ دار نہیں ہوتے، لیکن ان سے بڑھ کر آپ کے قریب ہوتے ہیں، آپ کو سب سے بہتر سمجھتے ہیں، جب آپ کسی الجھن کا شکار ہوں، آپ ان کے ساتھ دل ہلکا کر لیتے ہیں، رو لیتے ہیں۔ رشتہ داروں کہ ساتھ آپ ایسا نہیں کر سکتے۔ جو دوست ہوتا ہے وہ جیجمینٹل نہیں ہوتا، وہ کبھی آپ کو جج نہیں کرتا، آپ پر شک نہیں کرتا، آپ کو سمجھتا ہے، وہ آپ کے متعلق possessive بھی ہوتا ہے، خوشی میں بیشک وہ دیر سے پہنچے، لیکن کسی بھی غم پر وہ سب سے پہلے پہنچتا ہے، یہی وہ خوبی ہے جو دوست کو رشتہ دار سے اوپر والا درجہ دیتی ہے۔

میں لاہور میں رہتا ہوں، ہم کالج کے کلاس فیلوز کا جو وٹس ایپ گروپ ہے اس میں میرے دوست تو تین چار ہی ہیں لیکن یہ گروپ ہمارے لیے ایک خوشیوں کی ایک تھیراپی کی مانند ہے، ہم اس میں ایک دوسرے کا مذاق اڑاتے ہیں اور کچھ لمحوں کے لئے ہم سب کچھ بھول بھلا جاتے ہیں۔

میرے جو دوست ہیں، ایک پیر محل سے ہے، ایک سمندری سے اور تیسرا کھڑانوالہ سے۔ ہم کم ملتے ہیں، بات چیت کم ہوتی ہے، ہر کوئی مصروف ہے، لیکن ہم ہر ویک اینڈ پر ایک دوسرے کو کال کرتے ہیں، پورے ہفتے کی روداد سناتے ہیں، یوں ہماری بیٹری ایک ہفتے کے لئے فل چارج ہو جاتی ہے۔

ایک جو بات ہے کہ آپ کی ورک پلیس پر آپ کے دوست کم ہوتے ہیں اور کولیگز زیادہ۔ اگر آپ دوست اور کولیگز میں فرق نہیں کرنا جانتے تو آپ سچے دوست سے ابھی تک محروم ہیں۔ اس محرومی کو جلد از جلد دور کیجیے۔

آج کل سب اپنی اپنی زندگیوں میں مگن ہیں، ہر کوئی کسی نا کسی شکل میں زندگی سے نبردآزما ہے۔ زندگی کسی کی بھی آسان نہیں، سب کی اپنی اپنی اداکاری ہے۔ تو اس افراتفری کے دور میں، پکے دوستوں کا وٹس ایپ گروپ ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ اس وٹس ایپ گروپ کی وجہ سے آپ کچھ لمحات کے لئے اپنی پریشانیاں بھول جاتے ہیں۔ میمز شیئر کر کے ہنستے ہیں، اچانک میٹ اپ پلان کرتے ہیں، لانگ ڈرائیو کا پلان کرتے ہیں، کسی کوئٹہ کیفے میں چائے پینے کے بہانے اکٹھے ہوتے ہیں، ایک دوسرے کو اپنی اپنی لائف اپ ڈیٹس دیتے ہیں۔

دوستوں کا یہ وٹس ایپ گروپ ایک نعمت سے کم نہیں۔ اگر آپ کے پاس مخلص دوست ہیں تو آپ خوش قسمت ترین انسان ہیں۔ دوستوں کے اس وٹس ایپ گروپ سے جڑے رہیے اور مسکراتے رہیے۔ اور ایک اہم بات۔ رات کو سونے سے پہلے، دوستوں کا یہ وٹس ایپ گروپ لازمی چیک کیا کریں۔ آپ کو ان کے پرانے میسج پڑھ کر دلی خوشی ملے گی اور آپ سکون سے سوئیں گے۔

Facebook Comments HS

ڈاکٹر شافع صابر

ڈاکٹر شافع صابر سر گنگا رام ہسپتال لاہور میں، آرتھوپیڈک سرجری میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کر رہے ہیں

shafay-sabir has 70 posts and counting.See all posts by shafay-sabir