جب بھاگیہ شری نے پہلی بار مرد کو گلے لگایا


بالی وڈ فلم ‘میں نے پیار کیا’ کی شوٹنگ چل رہی تھی۔ سلمان خان فلم کی اداکارہ بھاگیہ شری کو چھیڑ کر بھاگے اور اچانک گر پڑے، ہنس کر بھاگیہ شری نے کہا، ‘کوئی بات نہیں، ہوتا ہے، ہوتا ہے۔’ فلم کے ہدایتکار سورج بڑجاتيا نے کو یہ بات پسند آ گئی اور انھوں نے آف دا کیمرہ مکالمے کو فلم میں شامل کر لیا۔

28 سال پہلے فلم ‘میں نے پیار کیا’ کی بھاگیہ شری اور آج کی بھاگیہ شری میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ صحافی راکھی شرما نے بھاگیہ شری سے بات کی۔

وہ کہتی ہیں اس وقت بھاگیہ شری سورج بڑجاتيا کی فلم کے مثالی ہیروئن تھیں۔ آج وہ مکمل طور پر گلیمرس اوتار میں آ چکی ہیں۔

اس تبدیلی کے بارے میں بھاگیہ شری کہتی ہیں: ‘مجھ میں پہلے اعتماد کی کمی تھی۔ عورت عمر کے ساتھ اور نكھرتی ہے اور پراعتماد ہوتی ہے۔ میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔’

بھاگیہ شری کو فلم میں نے پیار کیا میں کئی مناظر پر اعتراض تھے۔ انھوں نے بتایا: ‘میں نے تعلیم حاصل کرنے کا اپنا خواب پورا کیا۔ اب میں ایک نيوٹریشنسٹ ہوں۔ میں نے سٹینفورڈ سے بھی تعلیم حاصل کی ہے۔’

‘میں نے پیار کیا’ سلمان خان کی پہلی اور بھاگیہ کی اکلوتی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ سلمان کے ساتھ ان کی جوڑی کافی پسند کی گئی۔ اس فلم سے سلمان بالی وڈ کے سب سے اونچے مقام پر پہنچے لیکن بھاگیہ شری نے شادی کر کے خاندان کو اہمیت دی۔ وہ کہتی ہیں کہ اگر انھوں نے اپنا فلمی کیریئر جاری رکھا ہوتا تو زندگی بہت مختلف ہوتی۔

انھوں نے بتایا: ‘میں نے بہت کچھ چھوڑ دیا۔ میں بہت کچھ کر سکتی تھی۔ بہت سے باصلاحیت لوگوں کے ساتھ کام کر سکتی تھی۔ لیکن میں نے ایک فیصلہ کیا اور اس پر قائم رہی۔ اگر میں فلم میں رہنے کا انتخاب کرتی تو زندگی بہت مختلف ہوتی۔’

فلم ‘میں نے پیار کیا’ کے بعد بھاگیہ شری نے فلمیں تو کیں، لیکن صرف اپنے شوہر ہمالیہ کے ساتھ۔ وہ کہتی ہیں کہ انھیں دوسرے اداکار کے ساتھ فلمیں کرنے سے پرہیز نہیں تھا لیکن وہ رومانٹک مناظر میں صرف اپنے شوہر کے ساتھ ہی پراعتماد تھیں۔

فلم ‘میں نے پیار کیا’ میں بھاگیہ شری کی وجہ سے کئی مناظر بدلے گئے، یہ بات سلمان خان کھلے طور پر کہہ چکے ہیں۔ جبکہ بھاگیہ شری کا کہنا ہے کہ صرف ایک سین ایسا تھا جسے کرنے میں انھیں دقت تھی۔

انھوں نے بتایا: ‘ایک سین میں مجھے دوڑ کر سلمان کی باہوں میں جانا تھا۔ آج کل کی نسل شاید یہ سن کر ہنس پڑے لیکن یہ میرے لیے پہلی بار تھا جب میں کسی مرد کے گلے لگی۔’ وہ کہتی ہیں: ‘میں بہت قدامت پسند تھی۔ اس سین سے میں اتنا پریشان ہوئی کہ سیٹ پر ہی رو پڑی۔ سلمان اور سورج بڑجاتیا نے اسے حل کرنے کی کوشش بھی کی اور میں بھی جانتی تھی کہ اس سین کو کسی اور طرح سے فلمایا نہیں جا سکتا۔ خود کو کافی مائل کرنے کے بعد میں نے اس سین کو مکمل کیا۔’

بھاگیہ شری جہاں شادی شدہ زندگی میں خاندان اور چار بچوں کے ساتھ خوش ہیں، وہیں ان کے پہلے کو سٹار سلمان خان اب تک کنوارے پن کا لطف اٹھا رہے ہیں۔ سلمان کی شادی کے سوال پر بھاگیہ شری نے کہا: ‘شادی کا تو پتہ نہیں لیکن سلمان بچوں کے ساتھ بہت گھل مل جاتے ہیں۔ وہ بچوں کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ جب بھی ان کے اپنے بچوں ہوں گے، وہ ایک اچھے والد ثابت ہوں گے۔’

بھاگیہ شری اب فلموں میں زیادہ نظر نہیں آتیں لیکن اب ان کا بیٹا ابھیمنیو دسانی جلد ہی فلموں میں آنے والے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp