طالبان کے حملے میں 140 افغان فوجی ہلاک


افغانسان میں فوجی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی صوبے بلخ میں افغان فوجی اڈے پر ایک حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 140 سے زائد ہو گئی ہے جبکہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ افغانستان کی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے فوجی اڈے میں قائم مسجد سے جمعے کی نماز پڑھ کر باہر نکلنے والے افراد کے علاوہ ایک کینٹین کو بھی نشانہ بنایا۔

فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان جنگجو فوجی وردی پہن کر اڈے میں داخل ہوئے اور پھر انھوں نے حملہ کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی لڑائی میں دس طالبان جنگجو مارے گئے ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ان کے خود کش بمباروں نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔

امریکی فوج کے ترجمان جان تھامس نے اس حملے کی سفاکی کو ختم کرنے’ میں افغان کمانڈوز کی بھی تعریف کی۔ ایک آرمی کمانڈر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعے کی شام تک جائے وقوع سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں اور کم از کم ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

مزارِ شریف میں یہ فوجی اڈہ افغان نیشنل آرمی کی 209ویں کور کی بیس ہے۔ یہ فوجی دستہ شمالی افغانستان میں سکیورٹی کا ذمہ دار ہے اور اس کے زیرِ نگرانی علاقے میں قندوز صوبہ شامل ہے جہاں حال ہی میں شدید لڑائی دیکھی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہاں جرمنی سمیت متعدد ممالک کے فوجی مقیم ہیں تاہم اب تک یہ واضح نہیں کہ کیا کسی غیر ملکی فوجی کو بھی کوئی نقصان پہنچا ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں افعانستان کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ننگرہار میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ٹھکانے پر 9800 کلوگرام وزنی بم کے حملے میں کم از کم 36 جنگجو ہلاک ہوئے تھے۔ جی بی یو 43/بی نامی اس بم کو ‘بموں کی ماں’ کہا جاتا ہے اور یہ تاریخ کا سب سے بڑا غیر جوہری بم ہے جو امریکہ نے کسی بھی کارروائی میں استعمال کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp