حسن روحانی ایران کے صدر منتخب ہوگئے، انتہا پسند امیدوار ناکام


ایران میں صدر حسن روحانی دوسری مرتبہ ملک کا صدر منتخب ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس طرح امید کی جارہی ہے کہ ایران بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے گا اور ملک میں اعتدال پسندانہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ حسن روحانی کو اعتدال پسند اور روشن خیال رہنما سمجھا جاتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس بار ایرانی عوام نے حسن روحانی کی خارجہ پالیسی اور دنیا کے ساتھ روابط بڑھانے کی حکمت عملی کی وجہ سے بڑھ چڑھ کر ان کی کامیابی میں کردار ادا کیا ہے۔ حسن روحانی کو قدامت پسند 56 سالہ ابراہیم رئیسانی کی طرف سے ذبردست مقابلہ کا سامنا تھا۔ رئیسانی پیشہ کے لحاظ سے وکیل ہیں لیکن وہ بھی عالم دین ہیں اور انہیں ملک کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریب سمجھا جاتا ہے۔ اس لئے انتخاب کے دوران انہیں ملک کے قدامت پسند سیاسی گروہوں کے علاوہ خامنہ ای کی بالواسطہ حمایت بھی حاصل تھی۔

68 سالہ حسن روحانی دوسری مرتبہ ایران کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ 2013 میں منتخب ہونے کے بعد انہوں نے عالمی سطح پر ایران کی تنہائی ختم کرنے کے لئے سخت کوششیں کی تھیں۔ ان کوششوں اور ان کی دانشمندانہ حکمت عملی کے نتیجہ میں 2015 میں ایران، امریکہ سمیت دنیا کے چھ بڑے ممالک کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ اس معاہدہ کے نتیجہ میں اگرچہ ایران نے یورونیم کی افزودگی پر پابندیاں قبول کرلی تھیں لیکن اس کے باعث اس پر عائد عالمی اقتصادی پابندیاں ختم ہوئی تھیں اور متعدد بین الاقوامی کمپنیاں ایران کے ساتھ لین دین کرنے کے قابل ہوئی ہیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مایوسی، معاشی مسائل اور بے روزگاری کی صورت حال میں اس معاہدہ کی بدولت قابل ذکر تبدیلی رونما ہوئی ۔ اسی طرح امریکہ میں منجمد فنڈز بھی ایران کو حاصل ہو سکے تھے۔ اس کامیابی کی وجہ سے حسن روحانی کو عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی تھی۔ اس کا اظہار جمعہ کے روز ووٹنگ کے دوران بھی دیکھنے میں آیا۔ حسن روحانی کے حامی جوق در جوق ووٹ دینے کے لئے گھروں سے نکلے۔ ایرانی وزارت داخلہ کے اعلان کے مطابق ووٹروں کی کثیر تعداد کی وجہ سے پولنگ کے وقت میں تین مرتبہ اضافہ کرنا پڑا۔ ملک کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر رات گیارہ بجے تک ووٹ دینے کا سلسلہ جاری رہا۔

غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق اس مرتبہ ووٹ دینے والوں کی شرح 73 فیصد سے زائد رہی۔ ملک کے چار کروڑ ووٹروں نے اپنا جمہوری حق استعمال کیا۔ صدر حسن روحانی دو کروڑ 28 لاکھ ووٹ لے کر کامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔ ان کے قریب ترین مدمقابل ابرہیم رئیسانی کو ڈیڑھ کروڑ ووٹ ملے ہیں۔ انہوں نے انتخاب میں بے قاعدگیوں کی شکایت کی ہے اور کہا کہ حسن روحانی کے حامیوں نے پولنگ اسٹیشنوں پر اپنے امید وار کے حق میں پرو پیگنڈا کیا جو انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم انہوں نے اپنی شکست تسلیم کی ہے ۔ اس طرح ایران میں نئے صدر کے انتخاب سے جو خدشات سامنے آسکتے تھے ، وہ فی الوقت ٹل گئے ہیں۔

مبصرین کا خیال تھا کہ ابراہیم رئیسانی کے کامیاب ہونے کی صورت میں ایران کا بیرونی دنیا سے رابطہ ختم کر دیا جاتا اور صدر روحانی کے دور میں ہونے والی پیش رفت کو روکنے کے علاوہ اس سے حاصل ہونے والے فوائد کو ملکی مفاد کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا جاتا۔ ایران کو امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منتخب ہونے کی صورت میں ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے جو ایران کو امریکہ کا دشمن قرار دیتے ہیں۔ وہ ایران کے بارے میں سخت گیر پالیسی کے حوالے سے اسرائیل اور سعودی عرب کے ہمنوا ہیں۔ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کی بھی بات کرتے رہے ہیں لیکن یورپی ممالک کی مخالفت کی وجہ سے ابھی وہ اس مقصد میں کامیاب نہیں ہوئے۔ صدر ٹرمپ اس وقت سعودی عرب کے دورہ پر ہیں جہاں وہ سعودی عرب اور دیگر عرب ملکوں کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں ایران کے خلاف مشکلات پیدا کرنے اور اس کا اثر و رسوخ محدود کرنے کے لئے بات چیت کریں گے۔ امریکی اور سعودی حکام اس بارے میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بیانات دیتے رہے ہیں۔

صدر حسن روحانی اگرچہ ایران کے دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات بحال کرنے اور ملک کے لئے تجارت اور اقتصادی تعاون کے امکانات میں اضافہ کرنے کی حکمت عملی پر کاربند ہیں لیکن انہیں صدر ٹرمپ اور اسرائیل کے علاوہ سعودی عرب کے شدید ایران مخالف رویہ کی وجہ سے مستقبل میں مزید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کی کامیابی کے بعد ایران موجودہ خارجہ پالیسی پر عمل جاری رکھے گا تاہم اگر اس پر پابندیاں عائد کرنے اور اس کے مفادات کو زک پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ایران بھی جارحانہ رویہ اختیار کرسکتا ہے۔ صدر روحانی کو اپنے ملک کی سخت گیر مذہبی قیادت اور وسیع قدامت پسند رائے عامہ کو بھی مطمئن کرنا ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سید مجاہد علی

(بشکریہ کاروان ناروے)

syed-mujahid-ali has 2750 posts and counting.See all posts by syed-mujahid-ali