قومی یکجہتی اور اسفندیار ولی کا خطاب

بہر صورت خدا خدا کرکے! گزشتہ اتوار کو اے این پی نے کراچی کی تاریخ کا ایک بڑا جلسہ منعقدکیا۔ سینیٹر شاہی سید کی طلسماتی کارکردگی کا یہ عالم تھا کہ ہفتہ و اتوار کی درمیانی رات شہر بھر میں میلے کا سا سماں تھا۔ تیز بخار کے باوجود شاہی سید، سیکرٹری جنرل یونس بونیری کے ہمراہ رات گئے مختلف علاقوں میں لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کرتے رہے۔ ایئرپورٹ سے جلسہ گاہ تک طویل جلوس نے شہر کے ان تاریخی جلوسوں کی یاد دلا دی جس سے بڑے بڑے فرعون نما حکمرانوں کے ایوانوں میں لرزہ بپا ہوا کرتا تھا۔ عوامی سمندر نے جلسہ گاہ کو ڈھانپ لیا تھا جبکہ دور دور تک شاہراہوں پر عوامی بحرِ بے کراں اپنے قائد کی تقریر سننے کیلئے موجود تھا۔
یوں تو میڈیا نے اس جلسے کو وہ کوریج نہیں دی جو اس کا حق تھا، لیکن اس کے باوجود سیاست کے افق پر جو سچائیاں نمایاں ہوئیں وہ یہ ہیں کہ اے این پی آج بھی شہر کی دوسری بڑی موثر و منظم جماعت ہے۔ اس شو نے باور کرایا کہ شاہی سید پہلے سے بھی زیادہ کارکنوں میں مقبول اور ان کے ایک اشارے پر پورا شہر انگڑائی لیتے محو رقص ہو جاتا ہے۔ اس فقیدالمثال جلسے کے بعد ایسی تمام جماعتیں جو اے این پی کی کمزور ہوتی سیاسی پوزیشن پر نہال تھیں، اب پریشاں نظر آنا شروع ہو گئی ہیں۔ مختصر یہ کہ اگر اس ردھم کو برقرار رکھا گیا اور وہ انہونی جو اسلام کے اس قلعے پاکستان میں ہوتے دیر نہیں لگتی، نہ ہوئی تو آئندہ انتخابات میں اے این پی کا سرخ پرچم بلند و بالا ہی نظر آئیگا ۔
سب سے حوصلہ افزا اور قابل تحسین واقعہ یہ ہوا کہ اس جلسے میں اے این پی کے قائد اسفندیار ولی خان نے قومی یکجہتی، ملکی سالمیت و امن اور پاکستانی عوام میں محبت کے فروغ کے ماسوا کچھ نہیں کہا۔گزشتہ چند سالوں میں اے این پی کے ہزاروں کارکن و رہنما بے قصور مارے گئے، کوئی اور جماعت اس طرح کے جبر کا شکار ہوتی اور اس کے قائد کے سامنے ہزارہا جذباتی کارکن موجود ہوتے تو نہ جانے وہ کیا کیا جذبات اُبھارتے، لیکن اسفندیار ولی خان نے کسی تلخی کا ذکر تک نہیں کیا۔ ایک پرامن و خوشحال نئی دنیا کے وہ آس بنے دکھائی دیئے۔ اپنے خطاب میں اس امر پر طمانیت کا اظہار کیا کہ حکومت و فوجی اسٹیبلشمنٹ آئین کی پاسداری کے لئے یک رائے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج، پولیس و عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اے این پی وطن کی خاطر ماضی کی طرح کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
یہاں ہم یہ بھی بتاتے چلیں کہ اگلے روزبرادر رانا گل آفریدی، فاروق بنگش، حیدرآباد کے اورنگزیب لالہ، سلطان مندوخیل، ترجمان عبدالمالک ، میاں شفیع الزماں کاکاخیل اور کریم اللہ یوسف زئی جیسے پرانے سیاسی’ گروئوں‘ کے پرمغز سوالات پر مبنی قائد اے این پی سے ایک نشست بھی ہوئی۔ اس میں راقم بھی اپنے اُستاد میاں افتخار حسین کے ہمراہ موجود تھا۔ اگر خدائے بزرگ و برتر نے موقع نصیب کیا تو کسی کالم میں اس فکر انگیز نشست کے حوالے سے بھی آپ سے ہم کلام ہوں گے ۔مختصر یہ کہ اسفندیار ولی کے خیالات محبت کا استعارہ اور ملک بھر کے عوام کو ایک لڑی میں پرونے کی خواہش سے لبریز تھے۔ اگر میڈیا اس جلسے سے انصاف کرتا تو یہ امر یقیناً قومی یکجہتی کے فروغ کا باعث ہوتا۔ جلسے میں بالخصوص اردو بولنے والے بھائیوں سے جس اپنائیت کا اظہار کیا گیا وہ بالخصوص لائق ستائش ہے۔ اس شہر کو نفرتوں نے عروس البلاد سے تاریکیوں کا شہر بنا کر رکھ دیا تھا۔ اے این پی کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ سالہا سال دُکھ جھیلنے کے بعد جب وہ پھر میدان عمل میں آئی تو اس کا نقطہ آغاز پیامِ آشتی و محبت تھا…

