معروف قانون دان شریف الدین پیر زادہ انتقال کرگئے
12 جون 1923 کو بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع برہان پور میں پیدا ہونے والے سید شریف الدین پیرزادہ نے ممبئی یونیورسٹی سے وکالت کی تعلیم حاصل کی، قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں سکونت اختیار کی، شریف الدین پیرزادہ ایوب خان کے دور حکومت میں 1966 سے 1968 تک وزیر خارجہ رہے، انہیں ملک کا پہلا اٹارنی جنرل آف پاکستان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، وہ یحییٰ خان اور ضیا الحق کے دور آمریت میں کم و بیش 9 برس تک اٹارنی جنرل آف پاکستان رہے۔ اس کے علاوہ پرویز مشرف کے دور اقتدار میں شریف الدین پیر زادہ کو خصوصی سفیر کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا۔
شریف الدین پیرزادہ کو 1973 کے آئین کا خالق کہا جاتا ہے۔ شریف الدین پیر زادہ کا شمار ملک کے ذہین ترین وکیلوں میں ہوتا تھا تاہم وہ کچھ برس سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے۔ شریف الدین پیر زادہ کے انتقال کے باعث سندھ ہائی کورٹ میں تمام بورڈ ڈسچارج کردیئے گئے ہیں تاہم اہم مقدمات کی سماعت فاضل جج صاحبان کے چیمبر میں ہوگی۔


