ایرانی پارلیمان اور آیت اللہ خمینی کے مزار پر حملوں میں 12 ہلاک، 42 زخمی


 ایران کے دارالحکومت تہران میں دو مختلف حملوں میں پارلیمان کی عمارت کے علاوہ آیت اللہ خمینی کے مزار کو نشانہ بنایا گیا ہے جن میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے کچھ افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا لیکن تازہ اطلاعات کے مطابق پارلیمان پر حملہ اب بظاہر ختم ہو گیا ہے اور تمام حملہ آور ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ آیت اللہ خمینی کے مزار پر ہونے والا خود کش حملہ تھا۔ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے تیسرا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والے 12 افراد میں حملہ آور بھی شامل ہیں یا نہیں۔ اس حملے میں دو سکیورٹی اہلکاروں کے ہلاک ہو نے کی اطلاعات ہیں۔

شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ شدت پسند تنظیم نے ایک ایسی ویڈیو نشر کی ہے جو ان کے مطابق پارلیمان کی عمارت پر حملے کے دوران عمارت کے اندر سے بنائی گئی۔ 24 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں ایک حملہ آور کو ساکن پڑے ایک شخص پر گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو گروپ کی ویب سائٹ اعماق پر جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی۔ اگر دولت اسلامیہ کے اس دعوے کو مان لیا گیا تو یہ اس کا ایران میں پہلا حملہ ہو گا۔

پارلیمان سے باہر ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں شدید فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں اور ایسی اطلاعات ہیں کہ اس فائرنگ سے ایک محافظ ہلاک بھی ہوا ہے۔ تسنیم نیوز ایجنسی نے نائب وزیرِ داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ پارلیمان پر حملہ کرنے والے خواتین کے کپڑوں میں ملبوس تھے۔ اطلاعات کے مطابق پارلیمان کے عمارت پر حملے کے وقت ہی تہران کے جنوبی علاقے میں واقع آیت اللہ خمینی کے مزار پر کم از کم تین حملہ آوروں نے دھاوا بولا۔ نیم سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان میں سے دو نے زائرین پر فائرنگ کی جبکہ تیسرے نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔

خبر رساں ادارے ارنا نے پارلیمان کے سپیکر علی لاریجانی کے حوالے سے بتایا کہ ’یہ معمولی واقعات ہیں اور دہشت گردوں کو سزا دی جائے گی۔‘  حملے کے باوجود جاری رہنے والے پارلیمان (مجلس) کے اجلاس کے بعد انھوں نے کہا ’جیسا کے آپ جانتے ہیں کہ بزدل دہشت گردوں نے عمارت میں گھسنے کی کوشش کی اور ان سے سختی سے نمٹا گیا۔ گو کہ یہ معمولی واقعات ہیں تاہم اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دشت گرد مسائل پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا ’سکیورٹی فورسز ان کے خلاف اقدامات کریں گی اور اللہ نے چاہا تو یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔‘

آیت اللہ خمینی کے مزار کے افسرِ تعلقاتِ عامہ علی خلیلی نے خبر رساں ادارے ارنا کو بتایا ہے کہ ایک مسلح شخص نے خود کو مزار کے باہر واقع بینک کے سامنے دھماکے سے اڑایا تاہم فارس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ کرنے والی ایک عورت تھی۔ ایران کی لیبر نیوز ایجنسی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دو حملہ آوروں کو حراست میں لیا ہے۔

ایران کی ایرب نیوز ایجنسی نے پارلیمان کے ایک رکن الیاس حضراتی کے حوالے سے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پر متعدد افراد نے حملہ کیا جنھوں نے کلاشنکوفیں اٹھا رکھی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق بظاہر پارلیمان اور مزار پر ایک ہی وقت میں حملہ ہوا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp