علما عید کے چاند پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام


چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی عدم موجودگی میں بھی مسجد قاسم علی خان کی مقامی اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج عید الفطر منائیں گے۔ مقامی کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالطیف شاکر کی سربراہی میں ہوا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

کمیٹی کے رکن قاری سمیع اللہ جان نے اس بات کا اعلان کیا کہ کمیٹی کو مجموعی طور پر چاند کی 50 شہادتیں موصول ہوئیں جن میں سے 46 درست ثابت ہوئیں۔ موصول ہونے والی شہادتوں کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 99 فیصد شہادتیں پشاور اور اس کے مضافاتی علاقوں سے موصول ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مقامی کمیٹی پر دباؤ ڈال رہی تھی کہ وہ رویت ہلال کا اجلاس منعقد نہ کریں جو کہ درست طریقہ نہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مقابلے میں چاند دیکھنے والی کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی دبئی جا چکے ہیں ۔ ان کی عدم موجودگی میں خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید اس بار پاکستان کے لوگ ایک ساتھ عید منانے میں کامیاب ہو سکیں گے لیکن مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے بغیر بھی چاند دیکھنے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔
ہفتہ کے روز مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امسال پاکستان بھر میں ایک ہی عید منائی جائے گی لیکن مفتی منیب الرحمان کی خواہش پشاور میں اجلاس طلب کرنے کے باوجود ادھوری رہ گئی۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ علما عید کے چاند پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ایسا گزشتہ کئی عشروں سے باقاعدگی سے ہر برس ہوتا چلا آ رہا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ رمضان اور عیدین کے سوا دیگر قمری تہوار ملک بھی میں ایک ہی روز منائے جاتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).