یارے علی عظمت


سدا اسی طرح جیتے رہو۔

سب سے پہلے یہ کہ آپ کو جان بوجھ کر جناب، محترم اور اسی طرح کے الفاظ اور القاب سے مخاطب نہیں کیا۔ وجہ یہ ہے کہ دل مانا نہیں۔ جناب وناب اور محترم، قبلہ کا چکر ان کے لئے ہوتا ہے جو خود سے پرے اور اوپر اوپر محسوس ہوتے ہیں۔ آپ تو بہت اپنےاپنے لگے یار۔

بات کچھ ایسے ہے نام تو آپ کا عرصہ سے سنتے آئے ہیں۔ میوزک کا چاہنے والا شاید ہی کوئی ہو جو آپ سے ناواقف ہو۔ اور بھلا کوئی پاکستانی، ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار سے کیسے انجان ہو سکتا ہے؟ اس دور میں بلاشبہ آپ کے چاہنے والے لاکھوں بلکہ شاید کروڑوں میں تھے۔ ان میں سے ایک دیہاتی بھی تھا۔ تو جب نوے کی دہائی میں وہ دیہاتی ٹی وی پر آپ کو گاتا دیکھتا اور سنتا تو اس کی رگوں کے اندر بہتا خون پارے میں بدل جاتا۔ شدت جوش سے اس پر نچلا بیٹھنا حرام ہو جاتا۔ شوق تو اسے بہت تھا مگر ایک تو وہ آپ کے جیسے لمبے لمبے بال رکھ نہ پایا۔ خیر یہ اپنی باتیں چھوڑتے ہیں۔ ہے جذبہ جنون کے علاوہ بھی آپ کا نام کئی ایک مشہور گانے رکھتا ہے۔ پر سچ کہوں تو مجھے ان میں سے” ہے جذبہ جنون تو ہمت نا ہار “کے علاوہ “گرج برس ساون گھر آیو “اور “یہ جسم ہے تو کیا” اچھے لگتے ہیں۔ ہاں “پپو یار تنگ نا کر “بھی خوب ہے۔

مگر اصل بات یہ ہے کہ آج تو آپ کے گانے موضوع گفتگو ہیں ہی نہیں، آج کوئی اور “باتیں” ہیں۔آج دوپہر میں قیلولہ کرنے کا وقت یوٹیوب نے لے لیا۔ اس پر سہیل وڑائچ صاحب کے پروگرام “ایک دن دنیا کے ساتھ” میں آپ کی باتیں سن لیں۔ بس جی آپ کی باتیں ہمیں لڑ گئیں۔ ناراض مت ہونا یار،آپ کی باتیں تو مجھے آپ کے گانوں سے بھی اچھی لگیں۔ سیدھی، صاف، کھری اور پر معنی۔ کئی جگہوں پر پر مزاح بھی۔ میں اتنا کھل کر ہنستا رہا کہ میرا بیٹا حمزہ میرے زور زور ہنسنے سے تنگ آکر میرے ہنسنے کی نقلیں اتارنے لگ گیا۔ کیا آدمی ہو یار۔ سبحان اللہ۔ عرصہ بعد ایسا انسان دکھا جس پر دل نے گواہی دی یہ بندہ اندر باہر ایک ہے۔ بیٹیوں سے آپ کے رویہ اور پیار نے جہاں دل مسرت سے بھردیا وہاں رشتوں ناتوں کی کچھ شناسائی بھی نصیب ہوئی۔ بہت اچھے لگے آپ۔ ایک دم مست ملنگ سے۔ سندھ کی دھرتی سے ایک دیہاتی آپ کو سلام کہتا ہے اور آپ کو شادمانی کی دعا بھیجتا ہے۔ بیٹیوں کے لئے بہت سارا پیار۔ اور ہاں مجھے ضروری نہیں لگتا کہ ان کے لئے دعا بھیجوں۔ کیوں کہ ان کو آپ جیسا باپ جو مولا نے دے رکھا ہے۔

نیاز مند

جمیل عباسی


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).