مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف آرٹیکل 62، 63 میں ترمیم پر تیار


روزنامہ ایکسپریس نے تنویر محمود راجہ کی بائی لائن سے خبر دی ہے کہ تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتیں آرٹیکل 62، 63 میں ترمیم کے معاملہ پر بات چیت کے لئے رضامند ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اعلی حکومتی شخصیت نے تحریک انصاف کے متحرم پارلیمانی راہنما سے رابطہ کر کے پارلیمنٹ سے انتخابی اصلاحات کے قانون کی مںظوری سے متعلق حمایت طلب کی جس پر تحریک انصاف نے اس بارے میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کی شرط پر آرٹیکل 62، 63 میں ترمیم سے متعلق رضامندی ظاہر کی۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ حکومت آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں متفقہ انتخابی قانون کا بل پیش کرے گی، آرٹیکل 62، 63 پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ اس ضمن میں حکومت کی کوشش ہے کہ انتخابی قانون کا بل تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے اتفاق رائے کے ساتھ منظور کرایا جائے۔

تحریک انصاف کے ذرائع نے ایکسپریس کو بتا کہ اگر حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کا مطالبہ مان لے تو تحریک انصاف الیٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال اور ووٹرز کی بائیو میٹرک تصدیق سمیت دیگر مطالبات سے دستبردار ہونے کے لئے تیار ہے۔

اس بارے میں قوی امکان ہے کہ آئندہ دو سے تین روز میں مسلم لیگ ن کے راہنما تحریک انصاف کے اراکین کمیٹی سے باضابطہ ملاقات کریں گے جس میں ان ایشوز پر تفصیلی غور کر کے حتمی شکل دی جائے گی۔

بشکریہ روزنامہ ایکسپریس


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).