چنیوٹ کے افسوس ناک واقعے پر کچھ خیالات (1)
کراچی کا رہنے والا ایک نیک شخص بھلائی کا ارادہ لئے گھر سے نکلا۔ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گاؤں گاؤں سفر کرتا چلا جا رہا تھا۔ ایک برس تک ایسا ہی کرنے کی نیت باندھی تھی۔ کوئی اسلحہ پاس نہیں۔ کوئی مال دولت ساتھ نہیں کہ لٹ جانے کا اندیشہ ہو۔ کھانے پینے کی فکر نہیں۔ نیکی کی باتیں کرتے چلے جا رہے ہیں۔ کسی نے اندھیرے اجالے میں کوئی نامناسب بات دیکھی نہ سنی۔ جہان دن ختم ہو جاتا، کسی مسجد میں ٹھہر جاتے تھے۔ کھانا مقامی طور پر مل جاتا تھا۔ سونے کو چھت مل جاتی تھی۔ سورج نکلنے سے پہلے جاگتے، نماز ادا کرتے اور اگلی منزل کا راستہ لیتے تھے۔ چنیوٹ جا پہنچے۔
چنیوٹ کا علاقہ پنجاب میں ہے۔ یہاں کی مٹی کا قوام دلچسپ ہے۔ بہت سی فرقہ پرست تنظیموں کا ظہور اسی خطے سے ہوا۔ پنجاب کی تاریخ میں ایک سے زیادہ مرتبہ شعلہ بیان مقرر ووٹ لے کر یہاں کی نمائندگی کرتے رہے۔ شعلہ بیانی کا نسخہ بھی قابل غور ہے۔ عقیدے کے معاملات پر بڑے بڑے اجتماعات ہوتے ہیں۔ کچھ انگارے پلے سے ڈالے جاتے ہیں۔ ایمان کی چنگاری کو ہوا دی جاتی ہے۔ ایک خاص کیفیت پیدا ہوتی ہے۔ دوسروں کے بارے میں زیادہ زہر ناک اور قابل اعتراض گفتگو کرنے والا مقرر پھولوں سے لاد دیا جاتا ہے۔ اس پر والہانہ محبت کی کرنیں نچھاور کی جاتی ہیں۔ گھٹا ٹوپ اندھیرے میں مصنوعی روشنیوں کا منظر ایک موثر کیفیت پیدا کرتا ہے۔ اس کیفیت کو وہ اہل دنیا بھی جانتے ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں گناہ کی راتیں گزاری ہیں۔ ایسے معصوم افراد بھی اس صورت حال کو جانتے ہیں جو کبھی اپنے گاؤں سے نہیں نکلے۔ نوجوانوں کا خون کھولنے لگتا ہے۔ علم، کم علمی یا لاعلمی سے فرق نہیں پڑتا۔ خواہش پیدا ہوتی ہے کہ کچھ ایسا کر کے دکھایا جائے کہ اس فہرست میں نام آ جائے۔ اس کی مثالیں دینا مناسب نہیں ہو گا۔ بچپن میں کئی راتیں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، وزیر آباد اور لائل پور کے مناظروں میں صرف کر رکھی ہیں۔ دھینگا مشتی کے مناظر بھی دیکھے۔
چنیوٹ کا ایک نوجوان، عمر یہی کوئی اٹھارہ بیس برس، مدرسے میں تعلیم پائی۔ دل کا برا نہیں تھا۔ دن رات سوچتا تھا کہ کچھ ایسا کر کے دکھایا جائے کہ نامہ اعمال بھی روشن ہو جائے اور اپنا نام بھی دلوں کی دھڑکن بن جائے۔ کراچی سے آنے والی تبلیغی جماعت کو دیکھ کر خون نے جوش مارا۔ جو کچھ پڑھ اور سوچ رکھا تھا، ان خیالات کا پرندہ زور زور سے پھڑپھڑانے لگا۔ آؤ عقل لڑائیں۔
الطاف گوہر مرحوم نے ایسے ہی ایک نیک شخص کا واقعہ لکھا ہے۔ الطاف گوہر سابق مشرقی پاکستان میں تعینات تھے۔ ایک روز معلوم ہوا کہ درمیانے درجے کا ایک سرکاری اہل کار بندوق اٹھا کر قصبے کے چوک میں نکل آیا ہے۔ اندھا دھند گولیاں چلا رہا ہے۔ الطاف گوہر موقع پر جا پہنچے۔ بندوق کی گولیاں ختم ہو چکی تھیں۔ سرکاری افسر کو ہاتھ سے پکڑ کر اہنے دفتر میں لے آئے۔ مناسب وقفہ دے کر دریافت کیا کہ یہ آپ کو کیا ہو گیا تھا؟ افسر مذکور نے ندامت سے کہا کہ "صاحب، ذکر بہت کیا، فکر بالکل نہیں کی”۔ قسمت اچھی تھی، کسی کو گولی نہیں لگی۔ علاقے میں ضلعی افسر الطاف گوہر تھے۔ معاملہ ختم ہو گیا۔ ایسے اتفاقات ہر روز نہیں ہوتے۔ چنیوٹ میں بات بگڑ گئی۔ مقامی نوجوان اکرم کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا۔ ایک پھاوڑا اٹھائے مسجد میں گھس گیا۔ نیک لوگوں کے مجمعے پر حملہ کر دیا۔ کئی افراد زخمی ہوئے۔ کراچی سے تبلیغ کے لئے آنے والا بزرگ شخص ضربات کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔ اس واقعے پر افسوس کرنا چاہیے۔ ہم قتل کا الزام اٹھا کر بحث مباحثے کے چوک میں نکل آئے ہیں۔ اپنے مطلوبہ افراد کے گلے میں طوق لٹکانا چاہتے ہیں۔ کچھ سوچنا چاہیے۔ کن معاملات پر بحث بالکل نہیں کرنی چاہیے۔ کن امور پر بات کرتے ہوئے دوسروں کے احساسات کا خیال رکھنا چاہیے۔ اپنی سوچ کے گھوڑے کو لگام کیسے دینی چاہیے۔ کسی ایک واقعے سے دنیا ختم نہیں ہو جاتی۔ اس سانحے سے سبق اخذ کرنا چاہیے۔ آئیے کچھ سوچ بچار کرتے ہیں۔
ہمیں اکثر یہ شکایت سننے کو ملتی ہے کہ ہم لوگ بحث مباحثے میں ایک رخا رویہ اختیار کرتے ہیں کبھی کبھی ہم ایک دوسرے کو انتہا پسند بھی قرار دیتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے سے یہ پوچھتے ہی نہیں کہ انتہا پسندی سے ہماری مراد کیا ہے؟ عربی بدو کا اونٹ تو آپ کو یاد ہو گا۔ اس سے پوچھا گیا تھا کہ تمہیں پہاڑ پر چڑھنا پسند ہے یا اترنا۔ اس نے جواب میں کہا کہ ہموار راستے میں چلنے میں آپ کو کیا اعتراض ہے؟ زندگی میں کبھی چڑھائی درپیش ہوتی ہے۔ زیادہ زور لگتا ہے۔ جلد تھکاوٹ ہونے لگتی ہے کبھی ڈھلان سامنے آجاتی ہے۔ اوپر چڑھنے کی نسبت نیچے اترنا آسان ہوتا ہے لیکن اس میں رفتار پر قابو رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ ایسا نہ ہو کہ آسان راستے کی ترنگ میں رفتار اتنی بڑھ جائے کہ لڑھک کر کھائی میں جا گریں۔
زندگی میں تھوڑا بہت اتار چڑھاﺅ تو ہر وقت موجود رہتا ہے۔ تاہم سفر کا زیادہ حصہ بیزار کر دینے والی ہموار سڑک کی طرح ہوتا ہے۔ اصول، قانون اور ضابطے اوسط نکال کر مرتب کئے جاتے ہیں۔ اوسط نکالنے میں چڑھائی اور ڈھلوان دونوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے فرض یہ کیا جاتا ہے کہ زیادہ تر معاملہ ان دو انتہائوں کے بیچ کہیں ہو گا۔
جمہوریت سمجھوتے کی ثقافت ہے۔ معاشرے میں ہر طرح کی رائے پائی جاتی ہے۔ سب کا اپنا اپنا مفاد ہے۔ رائے جرم نہیں ہوتی۔ اسی طرح مفاد بھی کوئی منفی بات نہیں ہے۔ کہا یہ جاتا ہے کہ ہر شخص اپنا مفاد بہتر جانتا ہے۔ تانگہ چلانے والے کا مفاد یہ ہے کہ اس کا تانگہ چوری نہیں ہو۔ اس کے گھوڑے کو گھاس ملے۔ تانگے میں سفر کرنے والی سواری کا مفاد یہ ہے کہ جب ضرورت ہو تانگہ دستیاب ہو۔ تانگہ آرام دہ ہو اور جہاں پہنچنا ہے وہاں تک کسی رکاوٹ کے بغیر پہنچا دے۔ سڑک پر صرف یہ تانگہ اور اس کا مسافر ہی تو نہیں ہیں۔ دوسرے افراد بھی موجود ہیں ان کا مفاد یہ ہے کہ آپ کا تانگہ ان کا اسباب روندتا ہوا نہ نکل جائے۔ انہوں نے زمین کاشت کر رکھی ہے ۔ آپ کا گھوڑا ان کی فصل خراب نہ کرے۔ قدرتی بات ہے کہ یہ سب لوگ اپنا اپنا فائدہ چاہتے ہیں۔ تجربے نے بتایا کہ اگر کسی ایک کو من مانی کرنے دی تو نا انصافی ہو گی۔ ناانصافی پر احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کو روکا جائے گا تو تشدد ہو گا۔ فساد پھیل جائے گا۔
فساد کو روکنے کے لیے ضروری ہے کہ جبر اور زبردستی کئے بغیر تنازعات کو حل کرنے کا کوئی طریقہ نکالا جائے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ فساد سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ فساد کا کوئی انجام نہیں ہوتا۔ فساد ہمیشہ جاری نہیں رہ سکتا۔ اگر فساد کا کوئی ایسا حل نکالا گیا، جسے ایک فریق ناانصافی سمجھے گا تو جلد یا بدیر پھر فساد ہو گا۔ فساد کو روکنے کے لیے قانون بنایا جاتا ہے۔ ضابطہ مرتب کیا جاتا ہے۔ ذمہ داری کا تعین کیا جاتا ہے۔ اختیار طے کیا جاتا ہے۔ یہ بھی بتا دیا جاتا ہے کہ معاشرے میں کسی جائز مطالبے کو کسی غیر متعلقہ معاملے کے ساتھ نتھی نہیں کیا جائے گا۔ اونٹ کے گلے میں بلی نہیں باندھی جائے گی۔ بلی سو روپے کی ہے۔ اونٹ ایک لاکھ کا۔ شرط یہ رکھ دی کہ بلی خریدنی ہے تو اونٹ بھی خریدنا ہو گا۔
(جاری ہے)


