چنیوٹ کے افسوس ناک واقعے پر کچھ خیالات (2)
آئیے، اپنے تجربے پر غور کرتے ہیں۔ ہم لوگ اس دھرتی پر رہتے تھے۔ ایک سیاسی جماعت نے معاشی، معاشرتی اور سیاسی مسائل حل کرنے کے لیے تجویز دی کہ ملک کو تقسیم کر دینا چاہیے۔ کچھ لوگ اس تجویز کے حامی تھے۔ کچھ لوگوں نے اس تجویز کی مخالفت کی۔ یہ ایک سیاسی رائے تھی، جس سے اختلاف یا اتفاق کرنے کا سب کو حق تھا۔ اپنے حق میں فیصلہ کروانے کے لیے کچھ نوجوان جوش میں آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مخالفت کرنے والے غدار ہیں۔ ملک میں غیر ملکی حکمران موجود تھے۔ ان سے آزادی مانگی جا رہی تھی۔ آزادی مانگنے والوں میں بہت سے مذاہب کے ماننے والے موجود تھے جو ملک کے مختلف حصوں میں رہتے ہیں۔ کون کس سے غداری کر رہا تھا؟ اپنے اپنے ضمیر کی رائے بیان کی جا رہی تھی۔ سیاسی رائے غداری نہیں ہوتی۔ غداری کرنے کا مفہوم یہ ہے کہ ہم نے کوئی عہد کیا تھا۔ کوئی حلف اٹھایا تھا۔ اس عہد کو توڑنا اور حلف شکنی کرنا غداری کہلاتا ہے۔ جو حلف اٹھایا جاتا ہے، اس حلف کے متن پر بحث مباحثے کو غداری نہیں کہتے۔
کچھ لوگوں کو زیادہ جوش آ گیا۔ انہوں نے کہا کہ جو ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، وہ اچھے مسلمان ہیں، ہماری مخالفت کرنے والے اچھے مسلمان نہیں ہیں بلکہ بالکل مسلمان نہیں ہیں۔ یہ رویہ بھی قابل اعتراض تھا۔ کسی کے مسلمان ہونے یا نہ ہونے، اچھا یا برا مسلمان ہونے کا فیصلہ کوئی دوسرا تو نہیں کر سکتا۔ ایک شخص خود جو اپنا عقیدہ بیان گا، وہی اس کا عقیدہ سمجھا جائے گا۔ کسی کے عقائد کی قدر پیمائی (اچھائی یا خامی) اس کے فعل کی بنیاد پر طے کی جائے گی۔ اچھے کام کو اچھا کہا جاتا ہے اور برے کام کو برا کہا جاتا ہے۔
ایک جما جمایا تاثر ہم سب کے اندر موجود ہوتا ہے۔ ایک خاص معنی میں اسے تعصب بھی کہا جاتا ہے۔ ایک جج صاحب کے بارے میں کہا گیا کہ وہ تو بالکل انگریز ہیں۔ پہلے سے طے کر لیا گیا کہ انگریز اصول پسند ہوتے ہیں۔ جج صاحب کو اصول پسند دیکھا تو بے ساختہ انہیں انگریز کا لقب دے دیا۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے ڈرائیور نے بتایا کہ وہ اپنے صاحب یعنی محمد علی جناح سے ہر وقت پیسے مانگتا رہتا تھا۔ ایک روز جناح صاحب نے اس سے کہا "تم ایک دم مسلمان ہو گیا ہے، تھوڑا ہندو بنو”۔ قائد اعظم ہمارے ہی ملک میں رہتے تھے۔ ایک عام تاثر تھا کہ مسلمان کھلے دل سے پیسہ خرچ کرتے ہیں اور ہندو کفایت شعار ہوتے ہیں۔ قائد اعظم نے ڈرائیور محمد حنیف سے یہی کہا تھا کہ سوچ سمجھ کر پیسے خرچ کیا کرو۔
قائد اعظم تو صرف ستر برس پہلے دنیا سے رخصت ہوئے۔ پانچ سو برس پہلے شیکسپئیر کا انتقال ہوا تھا۔ شیکسپئیر نے اپنے ڈرامے (مرچنٹ آف وینس) میں لالچی شخص شائی لاک کو یہودی بتایا۔ آج کل ڈراموں میں شائی لاک کا عقیدہ بتانے سے گریز کیا جاتا ہے۔ اصل معاملہ یہ تھا کہ یورپ میں مسیحی عقیدہ ماننے والوں کی اکثریت تھی۔ مذہبی تعصب کا زمانہ تھا۔ یہودیوں کو فوج میں بھرتی نہیں کیا جاتا تھا۔ سرکاری ملازمت نہیں ملتی تھی۔ چنانچہ دو وقت کی روٹی کمانے کے لیے دکانداری کرتے تھے۔ دکاندار اگر آنے پائی اور منافع کا حساب نہ رکھے تو کاروبار نہیں کر سکتا۔ ہماری معیشت ہماری نفسیات پر اثرانداز ہوتی ہے۔
اب سے ایک صدی پہلے کانگریس نے ایک سیاسی جماعت کے طور پر منظم ہونا چاہا۔ سیاسی کارکن تعلیم یافتہ لوگ ہوتے ہیں لیکن ان میں سے اکثر افراد کے مالی وسائل محدود ہوتے ہیں۔ اگر ان سے پوری دیانت کے ساتھ کام لینا ہو تو ان کے رزق روٹی کا بندوبست بھی کرنا ہو گا۔ دوسری صورت میں وہ پوری طرح کام نہیں کریں گے یا اپنے کام میں ہیرا پھیری کریں گے۔ کانگریس نے اپنے کارکنوں کی تنخواہ مقرر کر دی۔ آئی۔ کے گجرال کے والد جہلم میں کانگریس کے ضلعی صدر تھے۔ پڑھے لکھے انسان تھے۔ انہیں ماہانہ ایک سو روپیہ تنخواہ ملتی تھی۔ ان کی بیوی گھریلو ضروریات کے لیے مٹکے میں پانی لے کر تیسری منزل پر لے جاتی تھی ۔ ڈاکٹر ذاکر حسین اور ڈاکٹر محمد اشرف یورپ سے پی ایچ ڈی کر کے آئے تھے۔ دونوں کو ایک سو روپیہ تنخواہ ملتی تھی۔ ڈاکٹر اشرف ایک سو روپے معاوضے پر کانگریس کے صدر دفتر میں کام کرتے تھے وہیں سردار پٹیل سے لڑائی جھگڑا بھی کیا جاتا تھا، پنڈت نہرو سے عاریتا کتابیں مانگ کر بھی پڑھتے تھے۔ ڈاکٹر ذاکر حسین ڈاکٹریٹ کی ڈگری لے کر ہندوستان واپس آئے تو جامعہ ملیہ میں ایک سو روپے ماہوار پر برسوں پرنسل کے فرائض انجام دیتے رہے۔ 1937ء کے انتخابات سے پہلے آل انڈیا مسلم لیگ کوئی منظم سیاسی جماعت نہیں تھی۔ علامہ اقبال نے ایک خط میں قائد اعظم سے یہی کہا تھا کہ اگر مسلم لیگ غریب مسلمانوں کی معیشت کی فکر نہیں کرے گی تو عوام کے لیے مسلم لیگ میں کوئی کشش نہیں ہو گی۔
مسلم لیگ میں کشش نہ ہونے کا قصہ الگ ہے۔ مولانا شوکت علی تقریر کے لیے اٹھے اور فرمایا "سنو جواہر لال کیا کہتا ہے، مسلمانوں کے ساتھ کلچر کا اختلاف نہیں، روٹی کا جھگڑا ہے”۔ جواہر لال نہرو کی بات بتا کر مولانا نے ایک خاص انداز میں فرمایا، "روٹی پر تو کتے لڑا کرتے ہیں”۔ بجا فرمایا، کتے روٹی کی فکر کرتے ہیں۔ اچھے بھلے انسانوں کو روٹی نہ ملے تو کتوں کی طرح لڑنے پر اتر آتے ہیں۔ بات یہ ہے کہ ڈھاکہ کے نواب سلیم اللہ خان، کرنال کے نواب لیاقت علی خان اور شمالی پنجاب کے سر سکندر حیات خان کے لیے روپیہ پیسہ ہونا یا نہ ہونا برابر تھا۔ لاہور کے برکت علی ایڈووکیٹ کو اپنا باورچی خانہ چلانے کے لیے پیسوں کی ضرورت تھی۔ ہم نے پیسوں کے معاوضے کو طعنے میں بدل دیا۔ آج تک کہتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے کارکن تو تنخواہ لیتے ہیں۔ متعین تنخواہ لینا تو کوئی عیب نہیں۔ اندھیرے اجالے میں کسی کو چاقو دکھا کر اس کے پیسے چھپننا جرم ہے۔ کہا جاتا ہے کہ صحافی لکھنے کے پیسے لیتے ہیں۔ ہر لکھنے والے کا باپ اردشیر کاؤس جی تو نہیں جو اس کے لیے بنگلے چھوڑ کر مرا ہو۔ لکھنے والا اپنے کام کا معاوضہ لیتا ہے تو اس میں کیا برا ئی ہے۔ جائز کمائی اور ناجائز منافع خوری کو باہم نتھی کرنے سے نامعقول نفسیات پیدا ہوتی ہے۔
اس کی ایک مثال دیکھئے۔ 1985ء میں ضیاءالحق نے ریفرنڈم منعقد کروایا۔ ریفرنڈم منعقد کیا جاتا ہے، انتخاب لڑا جاتا ہے۔ یہ فیصلہ اجتماعی ضمیر کو کرنا ہے کہ انعقاد کی کارروائی اچھی ہے یا لڑائی کا ضابطہ ۔ اس ریفرنڈم میں سوال پوچھا گیا کہ جنرل ضیاءالحق نے اسلامی نظام نافذ کرنے کے لیے جو اقدامات کئے ہیں کیا آپ ان کی حمایت کرتے ہیں۔ اگر آپ کا جواب ہاں میں ہے تو آپ نے ضیاالحق کو آئندہ پانچ برس کے لیے صدر منتخب کر لیا ہے۔ اس ایک مختصر عبارت میں کتنے سوال رکھ دئیے گئے تھے۔ اسلام تو چودہ سو برس سے دنیا کے کروڑوں ،اربوں انسانوں کا مذہب چلا آرہا ہے۔ اسلام کی تشریح پر بڑے بڑے عالم فاضل لوگوں کا ایک دوسرے کے ساتھ اختلاف بھی رہا ہے۔ اسلام کے مطالعے پر پوری پوری زندگیاں صرف کرنے والے ایک رائے کو غلط اور دوسری کو صحیح سمجھتے ہیں ۔ اسلام کسے کہتے ہیں؟ اس پر تو اختلاف نکل آئے گا۔
کیا اسلام کا کوئی متعین اور جامد نظام بھی ہوتا ہے۔ اس پر تو بہت سوال اٹھیں گے۔ معیشت، معاشرت، ثقافت کا کوئی ایک رنگ تو نہیں ہوتا۔ زبردستی یکسانیت پیدا کی گئی تو جھگڑا ہو جائے گا۔ جنرل ضیا کی آمریت کے مخالف اسلام دشمن تو نہیں تھے۔ بہت سے افراد کی رائے تھی کہ ضیا الحق نے اسلامی نظام نافذ کرنے کے لئے درست اقدامات نہیں کئے۔ استاد محترم مجیب الرحمن شامی اس زمانے میں ضیا الحق کی شدومد سے حمایت کرتے تھے۔ اب ان کی رائے ہے کہ ضیا حکومت کے نافذ کردہ ضابطوں کو "صحیح اسلامی قوانین” کہنا مشکل ہے۔ ایک رائے یہ بھی تھی کہ جنرل ضیا الحق سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے اسلام کا نام کا استعمال کرتے ہیں۔ ہمارے ملک میں ایسے افراد بھی موجود تھے جن کا موقف تھا کہ یہ اسلامی نطام کی بحث ہی نہیں۔ ضیا الحق نے اقتدار پر غاصبانہ قبضہ کیا ہے۔ انہیں اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے۔ اسلامی نظام کی بحث طے کرنا عوام کا حق ہے۔ ایسے افراد کی بھی کمی نہیں تھی جو سمجھتتے تھے کہ سیاسی اور معاشی نظام کا مذہب سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ قائد اعظم نے ایک تقریر میں کہا تھا "مذہب بہت اہم ہے لیکن انسانی زندگی میں اور بہت سے اہم معاملات ہیں”۔ گویا قائد اعظم مذہب کو انفرادی آزادی قرار دیتے ہوئے اجتماعی معاشرت کی خصوصیات بیان کر رہے تھے۔
1985ء کے پاکستان میں یہ سب آرا موجود تھیں۔ ایسی رائے رکھنے والے لوگ مزید پانچ برس کے لئے ضیاالحق کو صدر نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔ ریفرنڈم میں پوچھے گئے سوال میں ان سب نکات کو نظر انداز کر کے اونٹ کے گلے میں بلی باندھ دی گئی۔ "اسلام پسند کرتے ہو تو ضیا الحق صدر رہیں گے”۔ سامنے کی بات تھی کہ ضیاالحق کا اسلام سے کیا تعلق ہے؟ جوش ملیح آبادی نے کیا اچھا سوال پوچھا تھا، "اسلام کا شاہی سے تعلق کیا ہے؟” آمریت اسی زبردستی کا نام ہے کہ سوال کو گڈمڈ کر دیا جاتا ہے۔ مذہب جیسی نازک چیز کا ناجائز استعمال کیا جاتا ہے۔ مذہب جیسے جذباتی معاملے کو غیر متعلقہ معاملات میں گھسیٹنے سے انتہا پسندی جنم لیتی ہے۔
یہ بحث یہاں ختم نہیں ہوتی۔ اس پر مزید بات کریں گے۔ آج کے لئے شاید اتنا ہی کافی ہے۔
(جاری ہے)


