بول نیوز کی جانب سے واجبات کی ادائیگی


میں، طیبہ مصطفیٰ، آج ایک اہم بات اپنے تمام پڑھنے والوں کے گوش گزار کرنا چاہتی ہوں۔ بول چینل کو اپنی خوشی سے خیر باد کہنے کے بعد اور اپنے ساتھ کئے گئے ناروا سلوک پر لب کشائی کے بعد پچھلے ماہ مجھ سے واجبات کی ادئیگی کے حوالے سے بات کی گئی اور کلیئرنس کے لئے بلایا گیا جس کے بعد مجھے میرے واجبات ادا کردیے گئے، میں تمام ویب سائیٹس اور خبر رساں اداروں سے گزارش کروں گی کہ میرے واجبات کے حوالے سے کسی بھی بلاگ کو چھاپنے سے گریز کریں، جو بلاگز چھاپے جا رہے ہیں وہ پرانے ہیں اور کلیئرنس سے پہلے کے ہیں۔ میں ہم سب ویب سائیٹ کی لکھاری ہوں اور میرے بلاگز تاریخ کے ساتھ اس ویب سائیٹ پر موجود ہیں جو بول کے حوالے سے تھے اور واجبات کی ادائیگی نہ کئے جانے پر ان بلاگز میں تفصیل کے ساتھ تمام نکات پر بات کی گئی تھی۔

میں اپنے بلاگ میں پہلے بھی تذکرہ کرچکی ہوں جو ہم سب کی ویب سائیٹ پر موجود ہے کہ کسی بھی ادارے کا تمسخر یا اس کی ساکھ کو نقصان پہنجانا کسی بھی طرح قابل ستائش عمل نہیں اور میں ہرگز نہیں چاہتی کہ ادارے کی ساکھ کو کوئی نقصان پہنچے۔ میں نے چند افراد کی اس سوچ کے خلاف آواز بلند کی تھی جو ملازمین کے جائز حقوق سلب کرنے اور ان کی عزت نفس کو مجروح کرنے کا باعث بن رہی تھی اور میں نے صرف حق اور سچ کے لئے آواز بلند کی تھی لہذا میرے بلاگز کو اپنی مرضی سے استعمال کرنے اور اپنی مرضی کے عنوان سے چھاپنے سے گریز کیا جائے، میں ہم سب ،دانش اور دلیل کے علاوہ کسی اخبار یا رسالے یا اور نہ ہی کسی ویب سائیٹ کے لئے لکھتی ہوں، جو لکھ رہا ہے وہ اپنی مرضی سے ہم سب پر بھیجے گئے بلاگز کو ازسرنو چھاپ رہا ہے جس کی میں ذمہ دار نہیں۔ میرا فرض تھا کہ میں سچ اور حق لکھوں اور میں اسی لئے تمام سوشل میڈیا پر استعمال کئے جانے والے میرے بلاگز کے حوالے لاتعلقی کا اظہار کرتی ہوں اور میرے ان بلاگز کی وجہ سے اگر کسی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت چاہتی ہوں۔ میرے واجبات ادا کردیے گئے تھے لہذا میرے واجبات یا اس کی ادئیگی کو لے کے ادارے کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).