گرم دلیہ اور مردوں سے دوری ۔ عمر 109 سال


دنیا بھر میں مختلف جان لیوا امراض کے پھیلاؤ اور قدرتی آفات کے باوجود ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو اپنی عمر کی سینچری مکمل کرچکے ہوں۔ اب ایسی ہی ایک اور 109 سالہ خاتون منظر عام پر آئی ہیں اور انہوں نے اپنی طویل عمر کا راز بتا کر سب کو حیران کردیا۔

اسکاٹ لینڈ کی 109 سالہ جیسی گیلن جیسے ہی منظر عام پر آئیں تو میڈیا ان کی لمبی عمر کا راز جاننے کے لیے ان کی طرف دوڑ پڑا، اور ان کے جواب نے سب کو حیران کردیا۔

ان کے مطابق ان کی طویل عمر کے 2 بنیادی راز ہیں۔ ایک ہر صبح گرم دلیے کا پیالہ، اور دوسرا مردوں سے مکمل دوری۔

جیسی کا کہنا تھا کہ مرد جس قدر اہمیت رکھتے ہیں، اس سے کہیں زیادہ وہ پریشانیوں کا سبب بنتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ساری عمر مردوں سے دور رہیں۔

جیسی نے 13 سال کی عمر میں اپنا گھر چھوڑ دیا تھا۔ اسکاٹ لینڈ کے ایک گاؤں کی رہائشی جیسی نے اپنی نوجوانی کا زیادہ تر حصہ گائیوں کا دودھ دوہتے ہوئے گزارا۔ وہ محنت پر یقین رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے، ’میں اس عمر میں بھی محنت کرتی ہوں اور بہت کم چھٹیاں لینا پسند کرتی ہوں‘۔ جیسی اب بھی باقاعدگی سے ورزش کرتی ہیں اور چرچ جا کر عبادت بھی کرتی ہیں۔

مردوں کے بارے میں ان کے مزید خیالات ہیں، ’میں نے کبھی شادی نہیں کی، کبھی کسی مرد پر بھروسہ نہیں کیا، صرف اپنے آپ پر بھروسہ کیا اور یہی میری طویل عمر کا راز ہے‘۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اٹلی سے تعلق رکھنے والی 116 سالہ ایما مورنو نے بھی ایک انٹرویو میں اپنی طویل العمری کا راز کچھ اسی نوعیت کا بتایا تھا۔ ایما کے مطابق اپنی نوجوانی میں انہوں نے ایک شادی کی تھی لیکن وہ اس شادی سے خوش نہ رہ سکیں۔ جس کے بعد انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی اور اس کے بعد سے تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی طویل زندگی کی وجوہات صبح جلدی اٹھنا اور تجرد کی زندگی گزارنا بھی ہے۔

جیسی کے آس پاس رہنے والے لوگ ان کے ہمت و حوصلے، اور اس طویل العمری میں بھی ان کی فعال زندگی پر انہیں حیران کن خاتون قرار دیتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).