ریڈیو پاکستان پر پیر نو اکتوبر سے ایک گھنٹے دورانیے کا خبرنامہ


ریڈیو پاکستان آج رات آٹھ بجے سے ایک نئے انداز میں خبرنامے کا آغاز کر رہا ہے۔ خبرنامے کا دورانیہ آدھے گھنٹے سے بڑھا کر ایک گھنٹہ کیا جا رہا ہے اور اس میں کئی نئے سلسلے شامل کئے جا رہے ہیں۔ نئے سلسلوں میں خبروں کے علاوہ کھیلوں ، سائنس وٹیکنالوجی ، تجارتی اور تفریحی خبریں اور موسم کی صورتحال تفصیل سے پیش کی جائے گی۔ خبرنامے میں ملک بھر سے ریڈیو پاکستان کے نمائندوں کی براہِ راست رپورٹس بھی شامل ہوں گی ۔خبرنامہ 26 لاکھ افراد کے لئے فیس بک پر بھی براہِ راست ویڈیو سٹریمنگ کے ذریعے نشر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ریڈیوپاکستان صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک خبریں نشر کرتا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے شعبہ خبر کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے گذشتہ دو ماہ کے دوران ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے شعبے کے نئے ڈائریکٹر جاوید خان جدون نے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل شیراز لطیف کی سربراہی میں انقلابی تبدیلیاں کیں جن میں ملک بھر سے ریڈیو پاکستان کے نمائندوں کی براہِ راست رپورٹنگ، قومی خبروں کی لائیو ویڈیو سٹریمنگ اور نیوز اسٹوڈیوز کی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات شامل ہیں۔

اس سے قبل جاوید خان جدون ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کے سربراہ تھے۔ اُنہوں نے چینل کے دنیا کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینلز سے مسابقت کرنے اور اسے فعال بنانے کے لئے انتھک کوششیں کیں۔ جاوید خان جدون کو رپورٹنگ اور نیشنل نیوز روم میں کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ انہوں نے انتہائی اہم شخصیات کے ساتھ ریڈیو پاکستان کے خصوصی نمائندے کے طور پر کام کیا ہے۔ جاوید خان جدون نے نئی دلی میں دو سال پی بی سی نیوز بیورو کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں اور پاکستان اور بھارت کے درمیان انتہائی اہم معاملات کی رپورٹنگ کی۔ انہوں نے ہوانا میں NAM  سربراہ اجلاس، سوئٹزرلینڈ میں ڈیووس اقتصادی فورم ، اسلام آبادمیں سارک سربراہ اجلاس اور نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت اہم کثیر الجہتی واقعات کے لئے خدمات انجام دیں ۔جاویدخان جدون کو ریڈیو پاکستان کے بہترین رپورٹر کا نیشنل ایکسیلینس ایوارڈ اور حالاتِ حاضرہ کے پروگراموں کے لئے ایکسیلینس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

نجمہ حنیف

ہ حنیف براڈ کاسٹ جرنلسٹ ہیں اور ریڈیو پاکستان بہاولپور سے وابستہ ہیں۔

najma-hanif has 10 posts and counting.See all posts by najma-hanif