شرمین عبید چنائے نے فیس بک اور جنسی ہراسانی کا سوال اٹھا دیا


پاکستان کی دو بار آسکر انعام یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کی حال میں کی گئی پوسٹس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا پینڈورا باکس کھل گیا ہے کہ آیا فیس بک پر فرینڈ ریکویسٹ بھیجنا ہراساں کرنے کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں۔

چند روز قبل شرمین عبید چنائے نے ٹوئٹر اور فیس بک پر پوسٹ شئیر کی تھی جہاں انھوں نے اپنی بہن کے ساتھ کراچی کے معروف آغاخان ہسپتال میں ہونے والے واقعے کا ذکر کیا تھا۔

شرمین عبید کے مطابق ان کی بہن ہسپتال میں اپنے طبی معائنے کے لیے گئی تھیں جہاں ان کے ڈاکٹر نے بعد میں انھیں فیس بک دوست بننے کی پیشکش بھیج دی۔

شرمین عبید کی پوسٹ شائع ہونے کے بعد اطلاعات کے مطابق ہسپتال نے اس ڈاکٹر کو نوکری سے برخاست کر دیا۔

چند دن قبل ہونے والے واقعے کے بعد شرمین عبید نے پوسٹ میں اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘یہ میری سمجھ سے باہر ہے کہ کس طرح ایک ڈاکٹر جو ایمرجنسی میں مریضوں کے علاج کے لیے متعین ہے وہ ان کی تفصیلات لینے کے بعد انھیں فیس بک پر فرینڈز ریکوسٹ بھیج سکتا ہے۔’

شرمین عبید نے مزید لکھا: ‘ایسا کرنا انتہائی غیر اخلاقی ہے اور اس ڈاکٹر نے غلط خاندان کی عورت کے ساتھ ایسا کیا ہے اور میں اس کی شکایت کروں گی۔ ہراساں کرنے کو روکنا ضروری ہے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp