سابق امریکی صدر باراک اوباما کو نئی نوکری مل گئی


سابق امریکی صدر براک اوباما کو نئی نوکری مل گئی ہے اور اب وہ عدالت میں جیوری کے فرائض انجام دیں گے۔ ریاست الینوائے میں عدالت کے اہلکار نے بتایا کہ سابق صدر براک اوباما جیوری کا رکن بنیں گے۔ اس بارے میں زیادہ تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں تاہم یہ تصدیق کی گئی ہے کہ اوباما آئندہ ماہ کک کاؤنٹی آ رہے ہیں۔ 56  سالہ اوباما کا واشنگٹن ڈی سی اور شکاگو میں ایک ایک مکان ہے۔

صدر اوباما کو عدالت میں دیوانی اور فوجداری مقدمات کے لیے طلب کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ سابق صدور بل کلنٹن اور جارج ڈبلیو بش بھی وائٹ ہاؤس سے رخصت ہونے کے بعد جیوری کی خدمات ادا کر چکے ہیں۔ براک اوباما نے ہارورڈ کے لا سکول سے تعلیم حاصل کی اور سینیٹر بننے سے قبل وہ 12 سال تک شکاگو یونیورسٹی کے لاسکول میں پڑھاتے تھے۔ اس کے علاوہ انھوں نے شہری حقوق کے وکیل کے طور پر بھی کام کر رکھا ہے۔

اخبار شکاگو ٹریبیون نے کک کاؤنٹی کے چیف جج ٹموتھی ایوانز کے حوالے سے لکھا: ‘انھوں نے اپنے نمائندے کے ذریعے مجھ پر یہ واضح کیا کہ وہ ایک شہری اور اس برادری کے ایک فرد کے طور پر اپنی عوامی خدمات انجام دیں گے۔’ ٹموتھی ایوانز نے کہا کہ سابق صدر کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے تاہم براک اوباما کے ترجمان نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

کاؤنٹی کے جیوری کو ایک دن خدمت کے عوض سوا سترہ (17.25) امریکی ڈالر اجرت ملتی ہے۔

اوباما اس کاؤنٹی میں جیوری کی خدمات ادا کرنے والی پہلی بڑی شخصیت نہیں ہیں بلکہ ان سے قبل معروف اداکارہ اور میڈیا مالک اوپرا ونفری نے سنہ 2004 میں ایک قتل کے مقدمے میں جیوری کا کردار ادا کیا تھا۔ جنوری میں صدارت کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد صدر اوبامہ کو انڈونیشیا میں ارب پتی رچرڈ برینسن کے ساتھ پتنگ کے سہارے پانی میں سرفنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp