قدرت اللہ شہاب کا بابا نائنٹی۔۔۔ مزید سوالات


قدرت اللہ شہاب نے اپنی آب رواں جیسی نثر میں اہم ترین واقعات سنین کے بغیر بیان کئے ہیں۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں، ایک صوفی کی نظر پلک جھپکنے میں صدیوں کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ فانی انسان البتہ گھڑی کی سوئیوں اور تقویم کے پابند ہیں۔ شہاب صاحب نے بابا نائنٹی کے پہلے خط میں جموں کے ڈاک خانے کا حوالہ دیا ہے۔ 1917 میں پیدا ہونے والے شہاب صاحب 1940 میں سول سروس میں آ گئے تھے۔ اس سے پہلے کچھ عرصہ چمکور صاحب میں بھی مقیم رہے۔ گورنمنٹ کالج لاہور میں تعلیم پائی۔ گویا بابا نائنٹی سے رابطہ بیس برس کی عمر سے پہلے ہوا۔ لغزش دست و پا میں مبتلا انسان سوچنے پر مجبور ہیں کہ بیس برس کی عمر میں شہاب صاحب کی "خامیوں، کوتاہیوں اور کمزوریوں” کی تفصیل کیا ہو سکتی تھی۔ ایک سرکاری اہل کار کے طور پر ان کی سالانہ خفیہ رپورٹ بعد میں مرتب ہونا شروع ہوئی۔ پاکستان کی سیاست اور تاریخ میں شہاب صاحب کے کردار کی کسی "خامی، کوتاہی یا کمزوری” کا خیال بھی دل میں لانا ہم جیسے عاجزوں کے لئے شہر ممنوع ہے۔ یہ تفصیل جاننا صرف اس لئے مقصود ہے کہ اگر کبھی تصوف اور سلوک سے ناآشنا عاصی افراد کو ایسا کوئی مکتوب موصول ہو تو اسے محض عنفوان شباب کی خود الزامی سمجھا جائے یا احساس گناہ کا یہ پشتارہ زندگی بھر کے لئے کندھے پر رکھ لیا جائے؟

شہاب صاحب 1940 میں امپریئل سول سروس کے رکن منتخب ہوئے۔ اس برس برصغیر کے طول و عرض سے مسلم، غیر مسلم کل ملا کر گیارہ افراد اس امتحان میں پاس ہوئے تھے۔ تب بابا نائنٹی شہاب صاحب کی زندگی میں دخیل ہو چکے تھے۔ کیا شہاب صاحب کے انتخاب میں بھی بابا نائنٹی کو دخل تھا؟ کیا پاکستان کی سول سروس میں شمولیت کے خواہاں نوجوانوں کو تعلیمی اہلیت کی بجائے بابا نائنٹی جیسے صاحبان دست گاہ سے رجوع کرنا چاہیے؟

یہ تاریخی حقیقت برصغیر پاک و ہند کا ہر مسلمان جانتا ہے کہ شہاب صاحب نے اسکول کے زمانے میں انگریزی مضمون نگاری کے ایک بین الاقوامی مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کی تھی۔ جس پر انہیں ریاست جموں و کشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ نے ایک سو روپے کی مالیت کی کتابیں انعام میں دیں۔ حضور مہاراجہ نے شہاب صاحب کو شاہی محل میں بلا کر اپنے درشن دیے نیز اہل کاروں سے کہا کہ انہیں ” کچھ چائے وائے۔۔۔ کچھ پیسٹری ویسٹری” پیش کریں۔ چنانچہ شہاب صاحب کی انگریزی دانی مسلمہ تھی۔ ایک بے معنی سوال سر اٹھاتا ہے کہ حضرت بابا نائنٹی اپنی مکتوب نویسی کے لئے انگریزی زبان کا انتخاب کیوں فرماتے تھے۔ غالب کے شعر کا انگریزی ترجمہ بھی ان کی سہولت کے لئے کرنا پڑتا تھا۔ گویا بابا نائنٹی جیسے رشد و ہدایت کے سرچشمے ان کم سواد انسانوں پر بند ہوتے ہیں جو فصیح اور دقیق انگریزی نہ جانتے ہوں۔

1762ء میں احمد شاہ ابدالی کو ہندوستان پر حملے کی دعوت بزبان فارسی دی گئی تھی۔ اگر یہ مکتوب حضرت شاہ ولی اللہ  (رح) کی بجائے بابا نائنٹی نے لکھا ہوتا تو کیا احمد شاہ ابدالی کو انگریزی گرامر کی تعلیم کے لئے رتن چند روڈ، لاہور کی اس نجی اکیڈمی میں داخلہ لینا پڑتا جہاں انگریزی بولنا بھی سکھایا جاتا ہے اور حسن ابدال کیڈٹ کالج میں داخلے کے امتحان کی تیاری بھی کم خرچ بالا نشین کروائی جاتی ہے۔

پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ ہر قسم کی سرکاری خط و کتابت اردو زبان میں کی جائے۔ بابا نائنٹی کی لسانی ترجیحات کی روشنی میں اس فیصلے کے حسن و قبح  پر کیا حکم لگایا جائے؟

قدرت اللہ شہاب موحوم نے واضح کیا ہے کہ مرشد بابا نائنٹی حرف ہدایت کا ابلاغ کاغذ پر لکھ کر کرتے تھے۔ روایت کی جاتی ہے کہ اہل چین نے کوئی دو ہزار برس پہلے کاغذ ایجاد کیا۔ کیا اہل باطن دنیاوی ایجادات سے استفادہ کرتے ہیں؟ ان ایجادات کے بارے میں بھی حتمی فیصلہ ہونا چاہیے جنہیں ماضی میں حرام قرار دیا گیا، بعد ازاں با اکراہ قبول کیا گیا۔ اور پھر ان سے رغبت درجہ اولیٰ میں احسن قرار پائی۔ مثلاً بیٹھنے کے لئے چار پایوں والی انگریزی کرسی، پینے کے لئے برف کا پانی، لاؤڈ اسپیکر، ریل گاڑی، ہالینڈ کی ایٹمی ٹیکنالوجی اور شمالی کوریا کے میزائیل۔۔۔

1937ء کے لگ بھگ شہاب صاحب سے رابطہ کرنے والے محترم بابا نائنٹی نے تب اپنی عمر نوے برس بیان فرمائی۔ کیا موجودہ عہد تیرہ و تاریک میں سانس لینے کے سزاوار بابا نائنٹی کی توجہ سے محروم ہو چکے ہیں؟

بابا نائنٹی کے ارشادات قدرت اللہ شہاب کے داخلی نفسانوں تک محدود تھے یا بابا نائنٹی ان امور میں بھی رہنمائی کرتے تھے جو سرکاری اہل کار ہونے کے ناتے شہاب صاحب کے علم میں آتے تھے اور صیغہ راز کا درجہ رکھتے تھے؟

صدر ایوب نے مارشل لا لگا کر پاکستان کی نیا ڈبو دی۔ خود قدرت اللہ شہاب نے حیات مستعار کے آخری ایام میں احمد بشیر کو بتایا تھا کہ صدر ایوب خان کی قیادت پر ایمان لانے اور ان کی حمایت کرنے کا گناہ ایک بھاری پتھر کی طرح ان کے ضمیر پر رکھا تھا۔ بابا نائنٹی نے 1958ء میں کن ملکی اور بین الاقوامی مصلحتوں کی بنا پر شہاب صاحب کی درست رہنمائی سے گریز کیا؟

ہم اہل پاکستان کی غلطیوں کے باعث مشرقی پاکستان 1971 میں ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔ لاکھوں کلمہ گو جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نوے ہزار فرزندان توحید غنیم کی قید سے دوچار ہوئے۔ کیا 1971ء میں حضرت بابا نائنٹی کا وصال ہو چکا تھا؟

محسن ملت گورنر جنرل غلام محمد کے بارے میں عام طور پر معلوم ہے کہ دیوا شریف کی بزرگ ہستی حضرت حاجی وارث علی شاہ سے بے حد عقیدت رکھتے تھے۔ شہاب نامہ کے مندرجات سے معلوم ہوتا ہے کہ قدرت اللہ شہاب گورنر جنرل غلام محمد کے طور طریقوں سے چنداں خوش نہیں تھے۔ انہیں گورنر جنرل کی غیر ملکی خاتون سیکرٹری رتھ بورل کا امور ریاست میں عمل دخل بھی نہیں بھاتا تھا۔ طبع وسوسہ آمادہ سوال اٹھاتی ہے کہ حضرت حاجی وارث علی شاہ اور بابا نائنٹی کے باہم مراسم کی نوعیت کیا تھی۔ ان دو بزرگوں اور اس زمانے کے دیگر باطنی زعما نے باہم مشورے سے غلام محمد کا کوئی ایسا موثر بندوبست کیوں نہیں کیا کہ مشرقی بنگال کا باریش اسپیکر آئین ساز اسمبلی مولوی تمیز الدین انصاف کی جستجو میں، برقع اوڑھ کر، رکشے میں بیٹھ کر، عقبی دروازے سے سندھ کی چیف کورٹ میں داخلے کی خجالت سے محفوظ رہتا؟

1986ء میں قدرت اللہ شہاب نے دنیا سے پردہ فرمایا تو ڈاکٹر صفدر محمود جیسے علوم باطنیہ کے شناور، راہ سلوک کے مسافران مخلص اور روحانی دنیا کے راز داں میاں نواز شریف تک رسائی رکھتے تھے۔ کیا میاں نواز شریف کا دامن ان دنوں کرپشن سے پاک تھا؟

اس زمانے میں نواز شریف کے قریبی حلقے میں ایک بزرگ طاہر القادری نام کے تھے۔ وہ بھی عالم رویا کے رمز شناس ہیں۔ بابا نائنٹی کے سلسلہ انوار اور حضرت علامہ طاہر القادری میں ربط کی صراحت بھی کسی طور نہیں ہو پائی۔ گمراہ روحوں کی رہنمائی اس ضمن میں ضروری ہے۔

انگلینڈ کی بکنگھم شائر کاؤنٹی میں کلائیو ڈن اسٹیٹ پر واقع محترمہ کرسٹائن کیلر کا سوئمنگ پول تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ یہیں پر انگلستان کے آب مصفا کے کنارے صدر ایوب خان کی کرسٹائن کیلر سے خوش فعلیاں اخبارات کی زینت بنی تھیں۔ کیا قدرت اللہ شہاب صدر صاحب کے ان اشغال سے آشنا تھے۔ شہاب صاحب نے آغا محمد یحییٰ خان کی سوم رس اور نار پھل سے شیفتگی پر سخت گرفت کی۔ بابا نائنٹی نے کن مصالح کی بنا پر صدر ایوب کی ایسی ہی نوشیدنی اور لحمیاتی ترجیحات سے چشم پوشی فرمائی؟

کیا پروگریسو پیپرز لمٹیڈ پر سرکاری قبضے کی مہم میں شمولیت پر بابا نائنٹی نے قدرت اللہ شہاب صاحب کو کوئی ہدایت جاری کی؟ کیا بابا نائنٹی پاکستان رائٹرز گلڈ کے رکن رہے؟

شہاب صاحب نے واضح نہیں کیا کہ بابا نائنٹی لکھنے کے لئے کبوتر کا پر بطور قلم استعمال کرتے تھے یا فاؤنٹین پین سے استفادہ کرتے تھے۔ ہدایہ خاص کے لئے کس قسم کی روشنائی قابل ترجیح ہے۔ کیا نامہ اعمال کی سیاہی سے کام لیا جا سکتا ہے؟

خطا کار سوچ کا ناگ پھن اٹھاتا ہے کہ بابا نائنٹی نے کن خوبیوں کی بنا پر قدرت اللہ شہاب کو اپنی رہنمائی کا اہل سمجھا جب کہ بیس برس کی عمر میں شہاب صاحب کی کوتاہیوں، خامیوں اور کمزوریوں کی فہرست تیرہ صفحات پر محیط تھی؟ ایک سوال یہ کہ بابا نائنٹی لکھنے کے لئے فول اسکیپ کا کاغذ استعمال کرتے تھے یا انہیں کوئی دوسری تقطیع پسند تھی؟ بابا نائنٹی لکھنے کے لئے کاغذ اپنے ہمراہ لاتے تھے یا ان کی کلک رمز  شناس شہاب صاحب کی اسکول کالج کی کاپیوں پر بہار دیتی تھی؟

پہلا حصہ پڑھنے کے لئے نیچے کلک کریں


Comments are closed.