قدرت اللہ شہاب کا نائنٹی بابا – کچھ سوالات


 

قدرت اللہ شہاب ریاست جموں و کشمیر کے ایک ذہین طالب علم تھے۔ 1940 میں سول سرونٹ ہو گئے۔ ادب کی دنیا میں قدم رکھا۔ افسانے اور رپورتاژ میں کمال پیدا کیا۔ پاکستان کی آزادی اور قدرت اللہ شہاب کا اقبال ایک ساتھ طلوع ہوئے۔ قریب دس برس مملکت کے اعلیٰ ترین منصب دار سے وابستہ رہے۔ گورنر جنرل ہاؤس اور پھر ایوان صدر میں قیام رہا۔ گورنر جنرل غلام محمد نے انہیں اپنا سیکرٹری مقرر کیا تھا۔ اسکندر مرزا بھی ان کے قدر دان رہے۔ اکتوبر 1958ء میں انقلاب آ گیا، زمین و آسمان درہم برہم ہو گئے لیکن قدرت اللہ شہاب بدستور منزلیں مارتے رہے۔ ابوالاثر حفیظ جالندھری نے قدرت اللہ شہاب کی شخصیت کو کوزے میں بند کر دیا تھا۔

جب کہیں انقلاب ہوتا ہے

قدرت اللہ شہاب ہوتا ہے

ایوب خان طلوع ہوئے تو قدرت اللہ شہاب پر ایک عجیب انکشاف ہوا۔ "صدر ایوب نے کہا، میں نے تمہیں اپنا سیکرٹری مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔ یہ سن کر میرا نفس کچھ پھول سا گیا۔۔۔ بہت سے لوگوں کی طرح میں بھی اس غلط فہمی میں مبتلا ہو گیا کہ نیا صدر جو نیا نظام لانا چاہتا ہے، شاید وہی ملک کے لئے سود مند ثابت ہو”۔  (شہاب نامہ صفحہ 700)

واضح رہے کہ اکتوبر 1958 میں قدرت اللہ شہاب کو سول سرونٹ کے عہدے پر فائز ہوئے اٹھارہ برس گزر چکے تھے۔ وہ ہندوستان بلکہ پاکستان میں بھی ملکی بندوبست کی پیچیدگیوں سے پوری طرح آگاہ تھے۔ تاہم ان کا سیاسی شعور اس قدر پختہ تھا کہ آئین کی پامالی اور جمہور کی حکمرانی کے خلاف ایک سرکاری اہل کار (ایوب خان) کی بغاوت کو ایک داخلی احساس کی نذر کر دیا۔

قدرت اللہ شہاب اس قدر طاقتور بیوروکریٹ تھے کہ انہوں نے نئے صدر کو صرف ایک ہفتے کے اندر پاکستان کے سرکاری نام، نصب العین اور سیاست میں مذہب  کے دخل کے بارے میں ایک تفصیلی نوٹ پیش کیا۔ شہاب صاحب کے بقول انہوں نے صدر ایوب کو اپنا فیصلہ بدلنے پر قائل کر لیا۔ ایسی بصیرت قابل رشک ہے لیکن اسی کتاب میں ایک اقتباس پر نظر ڈالنے سے کچھ سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ اقتباس دیکھئے۔

"اچانک 9 جون کا مبارک دن طلوع ہوا۔ ا س روزمجھے اچانک ”نائنٹی“ Ninetyکا پہلا خط موصول ہوا۔ میں اسے فقط اسی کوڈ نام سے جانتا ہوں۔ میں نے اسے کبھی نہیں دیکھا اور نہ ہی مجھے یہ معلوم ہے کہ وہ کون ہے؟ کیا ہے؟ اور کہاں ہے؟ ہماری خط وکتابت بذریعہ ڈاک ایک بار ہوئی۔ اس کا پہلا خط بذریعہ ڈاک آیا تھا۔ لفافے پر ڈاکخانے کی مہر لگی ہوئی تھی۔

June 9, Jammu Market 9.30 a.m.

ڈاکیہ اسی روز دن کے ساڑھے بارہ بجے یہ خط ڈِلِیور کر گیا تھا۔ شہر کے پوسٹل نظام میں ممکن ہی نہیں تھا کہ صبح ساڑھے نو بجے پوسٹ کیا ہوا خط اسی روز دوپہر کے ساڑھے بارہ بجے مل بھی جائے۔ تیرہ صفحات پر مشتمل اس خط میں میرے ظاہر و باطن کی ایسی ایسی باریک ترین خامیوں، کوتاہیوں اور کمزوریوں کو اس قدر تفصیل سے بیان کیا گیا تھا جن میں سے بعض کا علم مجھے اور خدا کے علاوہ اور کسی کونہ تھا اور بعض کا مجھے خود بھی پورا علم نہ تھا۔ یہ خط اس طرز کی فصیح وبلیغ اور دقیق انگریزی زبان میں لکھا ہوا تھا کہ اسے سمجھنے کے لیے مجھے بار بار ڈکشنری کا سہار ا لینا پڑتا تھا۔ نصف خط اس تجزیے پر مشتمل تھا اور باقی کا نصف احکامات و ہدایات اور مستقبل کے لائحہ عمل سے پُر تھا۔ آخر میں لکھنے والے کے نام کی جگہ فقط یہ درج تھا۔

” A ninety years young fakir” یعنی” ایک نوّے سالہ جوان فقیر “

اس خط میں ایک حکم یہ تھا کہ اس میں اٹھائے گئے سوالات کا مکمل جواب انگریزی میں لکھ کر اسے اپنی کتابوں والی الماری کے کسی خانے میں رکھ دوں۔ میں نے فوراً تعمیل حکم کر دی۔ چند لمحوں کے بعد الماری کے پٹ کھولے تو میرا لکھا ہوا خط غائب تھا۔ اس خط کا جواب اسی شب میرے تکیے کے نیچے پڑا ہوا ملا۔ جواب کے آخر میں”ایک نوے سالہ جوان فقیر“ کی جگہ فقط ایک لفظ (Ninety  نوّے) درج تھا۔ اس حیرت ناک واقعہ سے میرے تن بدن پر شدید ہیبت اور گھبراہٹ طاری ہوگئی …

اس کے بعد کم وبیش پچیس برس تک ہمارے درمیان اس عجیب وغریب خط وکتابت کا سلسلہ قریباً قریباً روزانہ جاری رہا۔ بعض اوقات ہمارے درمیان خطوط کی آمدورفت دِن اور رات کے دوران دو دو ،تین تین یا چار چار بار تک بھی پہنچ جاتی۔ ہمارا لیٹر بکس کبھی الماری ہوتی تھی، کبھی اپنی جیب کبھی کوئی کتاب یا کاپی یا کبھی یونہی سرِراہ چلتے چلتے ”نائنٹی“ کے تحریر کردہ خطوط ہوا کے دوش پر سوار پھول کی پتّیوں کی طرح سر پر آ لگتے تھے۔

حکم یہ تھا کہ اس کے ہاتھ کی لکھی ہر تحریر کو جلد ازجلد تلف کردیاجائے۔ اتنی اجازت ضرور تھی کہ اس کے احکامات اور ہدایات کو اپنے الفاظ میں اس طور پر بے شک محفوظ کرلوں گا کہ اگر یہ کاغذات کسی اور کے ہاتھ لگ جائیں، تو یہ سب باتیں محض پراگندہ خیالی نظر آئیں۔ فقط ایک بار چھوڑ کر میں اس حکم کو بھی پوری پوری پابندی سے بجا لاتا رہا۔

ایک روز میرے دل میں لالچ آیا کہ میں اپنے گمنام اور نادیدہ خضرراہ کا کم ازکم ایک دستخط Ninety اس کے کسی خط سے پھاڑ کر نشانی اور برکت کے طور پر اپنے پاس محفوظ کرلوں۔ یہ خیال آنا تھا کہ سزا کا تازیانہ فوراً نازل ہو گیا۔ رات کا وقت تھا۔ ایک کاغذ آہستہ آہستہ بل کھاتا ہوا میری گود میں آ گرا۔ تحریر تھا کہ حکم عدولی کا یہ منصوبہ فوری سزا کا مستحق ہے۔  بتیاں چند لمحوں کے بعد اپنے آپ گل ہو جائیں گی اور میرے دونوں ہاتھ اور دونوں پاوں نصف گھنٹہ تک ایک ایک زندہ سانپ سے باندہ کر رکھے جائیں گے۔ یہ خوفناک فیصلہ سن کر میں بے اختیار رو پڑا۔ میں نے جلدی جلدی اپنے ارادہ سے توبہ کی۔ دل کی گہرائیوں سے معافی مانگی اور غالب کا یہ شعر انگریزی ترجمہ کے ساتھ لکھ کر الماری میں رکھ دیا۔

حد چاہیے سزا میں عقوبت کے واسطے

آخر گنہگار ہوں کافر نہیں ہوں میں

دیکھتے ہی دیکھتے بجلی کے بلب کی جانب سے نائنٹی کا جواب لہراتا ہوا میرے ہاتھ میں آیا، تحریر تھا،”ہاہاہا۔۔۔ بس دو زندہ سانپوں کے تصور سے ڈر گئے۔ بزدل ہو۔ چلو معاف کیا”۔

قدرت اللہ شہاب جیسے بلند پایہ صوفی بزرگ اور محب وطن ادیب کے بیان پر شک و شبہے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ایسے فانی انسان جن کے بارے میں ڈاکٹر صفدر محمود کا فرمان ہے کہ "روشن خیال، سیکولر، اینٹی روحانیت لابی ایسی باتوں سے الرجک ہے کیونکہ بدقسمتی سے انہوں نے مطالعہ تو کیا ہے لیکن ان کا دامن کسی ایسے تجربے سے خالی ہے جسے ہم سپرنیچرل یا آسمانی خبر یا روحانی تجربہ کہتے ہیں۔۔۔” علم اور واردات کی ان وادیوں میں قدم دھرنے کا تصور نہیں کر سکتے، تجربے اور مشاہدے کی ان فضاؤں میں پر مارنے کی تاب نہیں رکھتے، بصیرت کی ان سمندروں میں غواصی کا خیال تک دل میں نہیں لا سکتے۔ ایک موہوم سا خیال ہے کہ قدرت حق سے قدرت اللہ شہاب اور ڈاکٹر صفدر محمود مختلف زمانوں میں پاکستان کے اعلیٰ ترین مناصب پر فائز رہے۔ روحانی معاملات کے علاوہ ان بلند پایہ ہستیوں کے اقدامات ہماری قومی تاریخ پر بھی اثر انداز ہوئے۔ محض اس زاویے سے کچھ تفہیم طلب امور پر رہنمائی کی استدعا کرنی چاہیے۔

بابا نائنٹی کے بارے میں قدرت اللہ شہاب صاحب نے "کون ہے؟ کیا ہے؟ اور کہاں ہے؟” جیسے بنیادی نکات سے بھی لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔ قدرت اللہ شہاب خود صاحب حال و قال تھے۔ جن گناہگار انسانوں کو یہ نعمت نصیب نہیں ہوئی، زندگی کی کسی منزل پر ایسے کسی مظہر سے واسطہ پڑنے پر یہ مقہور افراد کس بنیاد پر فیصلہ کریں؟

مزید پڑھیے