پیپلز پارٹی نے فاروق ستار کا ‘3 گھنٹے کا ڈرامہ’ انجوائے کیا، شہلا رضا


گذشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی جانب سے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کے اعلان اور بعدازاں والدہ کے حکم پر فیصلہ واپس لینے پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شہلارضا کا کہنا تھا کہ ‘فاروق ستارنے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی سیاست دہرائی، لیکن پیپلز پارٹی نے 3 گھنٹے خوب انجوائے کیا’۔

شہلا رضا کا مزید کہنا تھا کہ فاروق ستار کی سیاست کے دن ختم ہوچکے تھے، اب (پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ) مصطفیٰ کمال کے دن بھی ختم ہونے والے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما ماروی مین کا کہنا تھا کہ ،’یہ سارا معاملہ اس قابل نہیں ہے کہ اس پر ردعمل ظاہر کیا جائے، اسے انہیں خود ہی حل کرنے دیں’۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے اس سارے معاملے کو ‘غیر منطقی’ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا ‘دہشت گرد بلوچستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں، اسموگ نے پورے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اسلام آباد کو احتجاجی مظاہروں نے مفلوج کر رکھا ہے اور یہاں ایم کیو ایم اور پی ایس پی انضمام اور علیحدگی کے ڈرامے رچا رہے ہیں، غیر منطقی’۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).