شرائط


کوئی اچھا انسان نہیں ہوجاتا
خدا کا اقرار کرنے سے
نہ انکار کرنے سے
نہ فیصلہ موخر کرنے سے
نہ الجھن میں پڑے رہنے سے

کوئی اچھا انسان نہیں ہوجاتا
سر پر مقدس پانی چھڑکنے سے
نہ امرت پینے سے
نہ کلمہ پڑھنے سے
نہ بھجن گانے سے

کوئی اچھا انسان نہیں ہوجاتا
کسی دریا میں اشنان کرنے سے
نہ کسی تالاب میں ڈبکی لگانے سے
نہ کسی جھیل میں تیرنے سے
نہ کسی کنویں میں اترنے سے

کوئی انسان اچھا نہیں ہوجاتا
کسی شخصیت کو ماننے سے
نہ کسی کو نہ ماننے سے
نہ کسی کا رتبہ بڑھانے سے
نہ کسی کا رتبہ گھٹانے سے

کوئی اچھا انسان نہیں ہوجاتا
کسی کا غم منانے سے
نہ خوشی منانے سے
نہ کوئی تصویر گھر میں لٹکانے سے
نہ کسی کے اقوال دوہرانے سے

کوئی انسان اچھا نہیں بن جاتا
کسی شہر میں رہنے سے
نہ کوئی سفر کرنے سے
نہ کسی پہاڑ پر چڑھنے سے
نہ کسی صحرا میں گم ہوجانے سے

کوئی اچھا انسان نہیں بن جاتا
بال بڑھانے سے
نہ ترشوانے سے
نہ کوئی لباس پہننے سے
نہ کوئی مشروب پینے سے

انسان اچھا بنتا ہے
خوش اخلاقی سے
ہم دردی سے
صلہ رحمی سے
حسن سلوک سے

 

Facebook Comments HS

مبشر علی زیدی

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریر میں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

mubashar-zaidi has 194 posts and counting.See all posts by mubashar-zaidi