لبرل ازم کے مخالف ایک پرجوش نوجوان سے مکالمہ
آج ایک نوجوان کا پیغام موصول ہوا۔ لب و لہجہ خاصا جارحانہ۔ انہیں مولوی خادم حسین رضوی کے بارے میں کسی تحریر پر اعتراض تھا۔ اتفاق سے درویش کی طبیعت بھی کسی قدر مکدر تھی۔ ممکن تھا کہ بات زیادہ تلخ ہو جائے۔ خیر گزری کہ تلخی دب گئی۔ اس کے لئے اساتذہ کا بتایا ہوا ایک نسخہ آزمانا پڑا۔ بات کا رخ کشیدگی کے مرکزے سے بدلنے کی کوشش کی جائے۔ بہت سی تلخی تو محض سرسری تاثر کا نتیجہ ہوتی ہے۔ مکالمہ دلچسپ اور چشم کشا رہا۔ نوجوان کا نام تبدیل کر دیا ہے کیونکہ یہ مکالمہ ذاتی حیثیت میں تھا۔ البتہ اس سے سوشل میڈیا پر بحث مباحثے کے کچھ بنیادی زاویوں پر روشنی پڑتی ہے۔
آپ کے پیج کا مقصد کیا ہے؟ ہر کتا بلا یہاں آکر کسی پر بھی بھونک لیتا ہے، کوئی نظم ؟ کوئی ضابطہ؟ کوئی حد؟
مطلب بیان کریں؟ کتا بلا تو ہر جگہ بھونک رہا ہے۔
افسوس! میں سوچ رہا تھا غیر جانبداری سے پیج چلا رہے ہیں آپ۔
کیوں جناب، کیا آپ کے ذاتی صفحے پر ہم میں سے کسی نے کچھ ارسال کیا ہے؟ جو کچھ لکھا گیا ہے اس میں کچھ خلاف واقعہ ہے کیا؟ کیا منیر کمیشن کی رپورٹ آپ نے دیکھ رکھی ہے؟ کیا خادم حسین کی تقاریر آپ نے سنی ہیں؟
مولوی خادم صاحب بے جا شور مچا رہے ہیں.. لیکن اس لکھاری نے مولوی خادم کی آڑ میں اکابریں کو نشانہ بنایا ہے. ۔
کتا اور بلا جیسے الفاظ آپ استعمال کریں اور غیر جانبداری ہماری مشکوک ٹھہرے؟ کون سے اکابر؟ مثال کے طور پر؟ اکبر کی جمع اکابر ہوتی ہے۔ اکابرین کا لفظ اردو لغت میں کہاں دیکھا آپ نے؟
بھائی میں آپ سے اردو کی کلاس نہیں لے رہا مضمون نہیں سمجھ آرہا تو اس پر اعتراض کیجئے۔۔۔ مثال کے طور پر شورش کاشمیری اور سید عطا اللہ شاہ (بخاری) رحمہم الله
میں بھی آپ سے تاریخ اور سیاست کا درس نہیں لے رہا۔ سید عطا اللہ شاہ بخاری، ان کی سیاست، ان کی خطابت، سب تاریخ کا حصہ ہیں۔ شورش کاشمیری کا انتقال تو ہماری آنکھوں کے سامنے ہوا ہے۔ انہیں لاہور کی ٹولنگٹن مارکیٹ کے باہر کوثر نیازی سے خوش بیانی کرتے ایک زمانے نے سن رکھا ہے؟ اکابر کا لفظ قانون کی کتاب میں نہیں ہے۔ اس کی کوئی سیاسی اہمیت نہیں۔ جنہیں آپ اکابر گنتے ہیں، دوسروں پر ان کا احترام واجب نہیں۔ یہ تو آپ کا شخصی معاملہ ٹھہرا
آپ کے قانون میں بدتمیزی ہی بدتمیزی ہے؟ یہ قانون ہے کہ مرے ہوؤں پر بھی بہتان باندھتے جاؤ؟
تاریخ میں سب کو ایک دن مرنا ہوتا پے۔ کیا اسٹالن، ہٹلر اور چنگیز خان کے تاریخی کردار پر صرف اس لئے بات نہ کی جائے کہ ان کا انتقال ہو چکا ہے۔ بدتمیزی تو دراصل وہ شخص کر رہا ہے جو منبر رسول پر بیٹھ کر گالی دشنام کرتا ہے۔
خدانخواستہ آپ کے اس پلیٹ فارم سے کل کو کوئی توہینِ رسالت کر دی تو کیا آپ کا جواب یہی ہو گا؟
خدانخواستہ ۔۔۔ ہم سب کی ویب سائٹ پر مذہب کو زیر بحث نہیں لایا جاتا۔ ویسے آپ کا تعارف؟
عبدالرحیم، گوجرانوالہ۔ پھر مذہبی شخصیات پر تنقید کی کیونکر اجازت دیتے ہیں آپ؟
مذہبی شخصیات جب سیاست میں داخل ہونے کا ارادہ کرتی ہپں تو ان کا مذہبی تشخص نہیں بلکہ سیاسی اور سماجی کردار زیر بحث آتا ہے۔ مذہب کا تقدس بالائے بحث ہے اور غیر مشروط ہے۔ مذہب کے نام پر سیاست کی جائے تو سیاسی جواب دیا جائے گا۔ عطا اللہ شاہ (بخاری) کا سیاسی اور سماجی کردار 1920 سے 1963 تک پھیلا ہوا ہے۔ ابھی آپ تاریخ کا مطالعہ فرمائیے۔
آپ کی بات بجا ہے، لیکن عطاءاللہ شاہ بخاری رح اور خادم رضوی میں زمین و آسمان کا فرق ہے…
ان سے اختلاف کرنا مذہبی تقدس کے ذیل میں نہیں آتا۔
جناب اختلاف اور چیز ہے۔ ایک انسان کے منفی پہلو کو اجاگر کرنا اور۔۔۔۔
برادر عزیز ، مولانا عطا اللہ تحریک خلافت کا حصہ تھے، درست یا غلط؟ ۔ اقبال اور جناح نے تحریک خلافت میں حصہ نہیں لیا۔ تحریک خلافت پر بات ہو گی تو عطاللہ شاہ، اقبال اور جناح پر بھی بات ہو گی۔ درست ہے نا؟ منفی پہلو تو آپ فرما رہے ہیں نا۔۔۔ مولانا عطا اللہ کی تقاریر تاریخ کا حصہ ہیں۔ اب کیا ہم ایوب خان کا مولانا مفتی محمود اور مولانا بھاشانی سے تعلق زیر بحث نہیں لائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے دوستوں سے بات کرتے ہوئے کوثر نیازی کو سیاست دان سمجھیں یا عالم دین؟
(تحریک خلافت کا حصہ) بالکل تھے۔۔۔ لیکن میں نے کسی تاریخ میں پڑھا ہے نا سنا ہے کہ شاہ جی منبر رسول پر گالیاں دیا کرتے تھے
آپ کے پڑھنے اور سننے کی جواب دہی تو مجھ درویش سے نہی ہونی چاہیے۔ آپ اپنے محترم اساتذہ سے رجوع فرمائیں۔ آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ عطااللہ، اظہر علی اظہر، مولوی حبیب الرحمن اور شورش کاشمیری کی خطابت کا رنگ کیا تھا۔ ویسے آپ کا تعلق گوجرانوالہ میں کس علاقے سے ہے۔ اس لئے دریافت کر رہا ہوں کہ درویش بھی گوجرانوالہ ہی سے تعلق رکھتا ہے۔ وہیں تعلیم پائی۔ وہاں کے سیاسی سماجی حالات سے کچھ آگہی ہے
میں گوجرانوالہ اندرون شہر اردو بازار کے قریب رہائش پذیر ہوں..
واہ واہ۔ وہ دیار تو میری آنکھوں میں ابھی زندہ ہے۔ بیری والا چوک، برتنوں والا بازار، چاول والا بازار، گھنٹہ گھر۔ حافظ بک ڈپو ہے ابھی وہاں یا ختم ہو گیا؟
(حافظ بک ڈپو) ابھی ہے۔ آپ کس علاقہ کے مکین تھے؟
یہی گلیاں تھیں۔ یہی کوچے تھے۔ اردو بازار سے بیری والا چوک کی طرف جائیں تو ایک مسجد داہنے ہاتھ تھی جس کے نیچے میڈیکل کی دکانیں تھیں
اب اس مسجد کے نیچے حکماء کا راج ہے
اچھا، ہاشمی میڈیکل اسٹور بہت بڑی دکان تھی۔ ڈاکٹر معراج کا کلینک اے ڈی ماڈل اسکول کی طرف جاتے ہوئے پڑتا تھا
جی وہ ہم بچپن میں دیکھا کرتے تھے اب پتہ نہیں کہاں ہے..
تو مولانا، ہم ایک ہی دیار کے رہنے والے ہیں۔ کیا فائر بریگیڈ کے دفتر کے پاس لڑکے اب بھی کرکٹ کھیلتے ہیں پرائمری اسکول میں؟
اللہ آپکی زبان مبارک کرے، بدقسمتی سے مولانا نہیں ہوں..
میں دوستوں کو اسی خطاب سے پکارتا ہوں
وہ پرائمری اسکول موجود ہے، وہاں اب اسٹیشنری کی بہت بڑی مارکیٹ ہے. ۔
گرجرانوالہ میں تطہیر کاظمی صاحب ۔۔۔ اردو کے بہت بڑے استاد ۔۔۔ گوبند گڑھ میں رہتے تھے۔ میں کوئی تیس پنتیس برس سے ادھر نہیں گیا۔ نامعلوم اب کیا ماحول ہو گا۔ حافظ جلال الدین کا انتقال ہو چکا۔۔۔ یہ مجھے معلوم ہے۔ آپ کا اسکول کونسا تھا؟ کھیالی دروازہ آپ کے علاقے ہی میں ہے؟
ان کا نام (تطہیر کاظمی) میں آپ ہی سے سن رہا ہوں.. میں اقراء مسلم ہائی اسکول کا طالب علم تھا
اچھا۔ یہ نام (اقراء مسلم ہائی اسکول) میں نے نہیں سن رکھا۔ میں اے ڈی ماڈل اسکول میں پڑھا۔
میرے والد محترم اے ڈی ماڈل اسکول سے ریٹائرڈ ہیں. کھیالی دروازہ ہمارے بالکل قریب ہے۔
اشرف صاحب، معراج الدین صاحب اور میاں ابراہیم صاحب اے ڈی ماڈل اسکول میں ہیڈ ماسٹر رہے۔ نصیر صاحب سائنس کے استاد تھے۔
جی بالکل۔ اسی دور میں شفقت جاوید کے نام سے میرے والد بھی غالباً وہیں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ نصیر صاحب میرے والد کے کولیگ رہے ہیں۔
شفقت جاوید؟ ایک گورے چٹے، خوش شکل، قد تقریباً پانچ فٹ سات انچ۔ کیا مجھے ٹھیک یاد ہے؟
جی، جی، بالکل وہی۔ باڈی بلڈر۔۔۔
صحت مند سے میری یہی مراد تھی۔ وہ میرے استاد ہیں۔ میں نے ان سے اردو اور سائنس پڑھی۔ میرا سلام عرض کیجئے گا ان سے۔
آپ کا نام تو شاید میں بھول چکا ہوں.. شاید والد صاحب نام سے اپنے ہونہار شاگرد کو پہچان سکیں..
نام میں کیا رکھا ہے۔ ہونہار نہیں، نہایت نالائق شاگرد تھا۔ استاد محترم سے گھرکیاں کھاتا تھا۔ اسکول کے بڑے دروازے سے بالکل اوپر ان کا کمرہ جماعت تھا۔
ماشاءاللہ۔ تو میں وجاہت صاحب سے بات کر رہا ہوں، گفتگو میں اونچ نیچ کو معاف فرمائیے گا..
جیتے رہیے۔ یہ سارا قصہ ہی اس لئے چھیڑا کہ آپ کا مزاج برہم نہ رہے۔ لڑنا جھگڑنا اچھی بات نہیں۔ بلاوجہ کا میل آتا ہے دلوں میں۔۔۔
میں لڑائی جھگڑے کی نیت سے آیا ہی نہیں تھا، لبرل ازم دکھتا ہے مجھے..
بھائی کیا آپ کو یاد ہے کہ لبرل کا لفظ آپ نے پہلی بار کب سنا یا پڑھا؟
کچھ عرصہ قبل امریکہ میں موجود ایک جاننے والے نے بولا تھا۔
بھائی عرصہ نہیں پوچھا، کوئی سنہ اس لفظ سے آپ کے ذہن میں آیا؟ مثلاً کتنا پہلے؟ دس برس؟ پندرہ برس؟ بیس یا پچیس برس؟
قریبا تین سال پہلے سنہ 2014 میں… اور آج میری عمر قریبا ساڑھے چوبیس سال ہے۔
درازی عمر کی دعا ہے۔ یہ فرمائیے کہ آپ نے کسی ایسے مصنف کو پڑھا جسے آپ لبرل سمجھتے ہوں؟
پڑھا نہیں، البتہ حسن نثار اور نصرت جاوید کو سنا ہے۔
برادر محترم۔۔۔ یہ دونوں دوست تو لبرل نہیں ہیں۔ نصرت جاوید بائیں بازو کے رجحانات رکھتے ہیں۔ حسن نثار سماجی اور سیاسی افکار میں ہرگز لبرل نہیں ہیں۔ میری دونوں سے نیاز مندی ہے۔ میری درخواست ہے کہ تاثر پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے۔ اس درویش عاجز کی کوئی تحریر آپ کی نظر سے گزری؟
شاید آپ کے اور میرے نقطہ نظر میں فرق ہے. میں ہر اس شخص کو لبرل سمجھتا ہوں جس کو دین اور دین داروں سے الرجی ہے، آپ کی اصطلاحات اور ہوں گی..
دین سے الرجی تو لبرل ازم کا حصہ نہیں۔ دین دار تو بہت اچھے لوگ ہوتے ہیں۔ آپ کا تاثر درست نہیں۔ ایک دین دار انسان کسی کا برا نہیں سوچتا۔ کسی دین دار بہن بھائی سے کسی کو کیا پرخاش ہو سکتی ہے؟
شاید آپ کی کچھ تحاریر میری نظر سے گزریں۔ البتہ آپ کا نام میرے ذہن میں ہے، کافی جگہ سنا ہے۔
جان عزیز، آپ اپنی سمجھ پر انحصار کرنے کی بجائے براہ راست پڑھیئے اور سوچیے۔
اب آپ کی سوچ اور میری سوچ ایک ہی جگہ تو نہیں ٹک سکتی جناب..
یہ تقاضا کسی نے نہیں کی کہ ہماری سوچ ایک جگہ ٹکے۔ عرض صرف یہ ہے کہ بغیر پڑھے اور سمجھے، رائے قائم کریں گے تو وہ محض آپ کی رائے ہو گی۔ درویش کا بھی محض نام سننا تو کافی نہیں۔ آپ کے والد محترم کی شفقت کے طفیل کچھ لکھنا پڑھنا ہوتا رہا ہے۔ بغیر پڑھے رائے قائم کرنا تو آپ جیسے انصاف پسند نوجوان کے شایان شان نہیں۔ اپنی رائے کا حق آپ کو بالکل ہے لیکن آپ کی رائے کے صحیح یا غلط ہونے کا معیار تو معروضی طور پر طے ہو گا۔
میں اگر آپ کے پلیٹ فارم کے لئے کچھ لکھنا چاہوں تو؟
ضرور لکھیئے۔ اور مجھے ارسال کر دیں۔ اپنے ضمیر کی روشنی میں لکھیئے۔ یہی ہماری پالیسی ہے۔ حوالہ دیجئے۔ دلیل دیجئے۔ ضرور شائع کیا جائے گا
انشاءالله ضمیر کی روشنی تو سب سے پہلے ہے۔ یہی پالیسی پوچھنے کے لئے میسج کیا تھا۔۔
سرکار یہی پالیسی ہے کہ ہر لکھنے والے کی رائے محترم ہے۔
بہرحال آپ کی کرم نوازی ہے کہ آپ نے اپنے قیمتی وقت میں سے بہت سا وقت اس بندہ ناچیز کو دیا.. اللہ پاک آپ کو مزید کامیابیاں نصیب فرمائے، آمین۔


