سوشل میڈیا پر اچانک مشہور ہونے کے کارآمد نسخے


مخالف سیاسی /مذہبی /نسلی/لسانی/ جماعت کی خواتین کی ذاتی زندگی ڈسکس کریں۔ ان پر ذو معنی تبصرے کریں۔ جن میں جسمانی اعضاء ، جنسی زندگی، عمل تولید کے حوالے ہوں۔

ناہنجار مخالف بھی یہی تکنیک استعمال کریں تو خواتین کےاحترام کا شور مچائیں۔دین، اخلاق، معاشرتی روایات کی رقت انگیز دُہائیاں دیں۔  ان کی تربیت ، ولدیت، ذریعہ معاش ، شجرہ نسب پر سوال اٹھائیں۔ انکی ذہنی سطح کونیچ، زہریلی اور گھٹیا قرار دیں۔

مخالفین کو غدّار کہیں۔ اس سے بھی کام نہ چلے تو بلاسفیمی کا الزام لگائیں۔ ثبوت کے طور پر اوریا مقبول جان کے کالمز اور عامر لیاقت حسین کے پروگرام کلپس استعمال کریں۔

اپنے محبوب رہنما کے بلنڈرز کو بھی فتح عظیم گردانیں۔ ان کی چھینک کو سٹریٹجی ثابت کریں۔ ان کے پسینے کو گلاب کہیں۔ ان کی ذاتی زندگی میں اگر کوئی کجی ہے تو اسے مردانگی کا عظیم الشان مظاہرہ کہیں۔

مخالفین کے کسی بھی اعتراض کا جواب اعتراض اور سوال کا جواب سوال سےدیں۔ کرپشن کے ذکر پر ثبوت مانگیں۔ اگر کوئی آپ سے ثبوت مانگے تواسے لفافہ/ضمیر فروش/یہودی ایجنٹ وغیرہ کہیں۔

جو صحافی آپکے محبوب رہنما کے حق میں لکھے اس کے ماضی کو نظرانداز کرکے کہیں کہ اسے اللہ رب العزت نے ہدایت دے دی ہے، باقیوں کو بکے ہوئے کہیں۔

رہنما کے خاندان کے سب افراد کو اولیاء اللہ کے درجہ پر فائز سمجھیں۔ ان کی چولوں کو معرفت کی باتیں اور ان کے اعمال کو احسن الاعمال سمجھیں۔

مخالفین کو مختلف جانوروں سے تشبیہ دیں۔خیال رہےکہ ان میں کوئی حلال جانور نہ ہو۔ جہاں موقع ملے مخالفین کے خاندان کی عورتوں کو خراب عورتیں کہیں۔

مخالف رہنماؤں کی ذاتی زندگی پر رکیک حملے کریں (رکیک کو ذلیل پڑھیں)۔ اگر مخالفین بھی ایسا کریں تو انہیں سلیس پنجابی میں   ماں بہن کی گالیاں دیں،  جوابی گالیوں پر مذہبی احکامات لاگو کردیں۔

یہ کچھ عاجزانہ گذارشات ہیں۔ ان پر عمل کرنے سے آپ انشاءاللہ دنوں میں عزازیل کی طرح مشہور ہوسکتے ہیں۔

Facebook Comments HS

جعفر حسین

جعفر حسین ایک معروف طنز نگار ہیں۔ وہ کالم نگاروں کی پیروڈی کرنے میں خاص ملکہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بہت سنجیدہ انداز میں تاریخ گھڑتے ہیں

jafar-hussain has 114 posts and counting.See all posts by jafar-hussain