“ہم سب” کی مقبولیت کے اسباب


آن لائن جرنلزم کی تاریخ کچھ ایسی پرانی نہیں۔ ہمارے ملک میں تو یہ ابھی بہت ابتدائی مراحل میں ہے۔ مجھے یاد پڑتا ہے کہ میں نے آن لائن جرنلزم کی اصطلاح 2003ء میں اپنے دوست مصدق سانول مرحوم سے سنی تھی۔ مصدق ایک غیر معمولی انسان تھا، جس شعبے میں قدم رکھا، اس کے خدوخال سنوار دیے۔ ہمارے ہردلعزیز ادیب محمد حنیف ان دنوں بی بی سی اردو سروس کے سربراہ تھے اور مصدق سانول ان کے دست راست تھے۔ یہ تو ہم سب جانتے ہیں بی بی سی ایک اعلیٰ صحافتی ادارہ ہے لیکن بی بی سی نے نشریات کی دنیا میں اردو تہذیب و تمدن کی بھی بے پناہ خدمت کی ہے۔

موجودہ صدی شروع ہوئی تو انٹرنیٹ کی دنیا میں ہماری دوڑ سی این این اور بی بی سی تک محدود تھی۔ کم ہی کسی کو اندازہ تھا کہ اردو صحافت اس تیزی سے انٹرنیٹ کی دنیا میں داخل ہو گی۔ ہر قابل ذکر اخبار کی اپنی ایک ویب سائٹ ہو گی۔ پرنٹ جرنلزم کاغذ کی محتاج نہیں رہے گی۔ خبر پڑھنے والوں کے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر تک پہنچے گی اور پھر موبائل ٹیلی فون کی اسکرین پر جگمگائے گی۔

یہ معجزہ بھی ہماری آنکھوں نے دیکھا کہ اردو اخبار کے صفحات پر مٹھی بھر صحافیوں کی اجارہ داری دیکھ کے درجنوں لکھنے والوں نے اپنے انفرادی بلاگ بنا لیے۔ خود لکھیے، خود ایڈٹ کیجیے، اس سے آگے جس کا ہنر صیقل ہو گا، جس کا موقف استوار ہو گا، وہ پڑھنے والوں میں پذیرائی حاصل کرے گا۔ اردو صحافت میں نیوز پورٹل کی دنیا آصف زیدی نے دریافت کی تھی۔ آصف زیدی اب ایک مدت سے صاحب فراش ہیں۔ دنیا اسی کا نام ہے۔ کوئی زمیں میں بیج بوتا ہے، ہاتھوں کے پیالے میں پانی بھر کے لاتا ہے۔ کیاری سینچتا ہے اور پھر ہم ایسے کم سواد اور گریز پا افراد بھی پیڑوں کی چھاؤں میں آن بیٹھتے ہیں۔ تاریخ میں ایک نام رہ جاتا ہے۔ ملا واحدی نے نظام المشائخ کے نام سے پرچہ نکالا۔ ابوالکلام آزاد نے الہلال اور البلاغ سے روشنی کی۔ چراغ حسن حسرت نے شیرازہ کی شیرازہ بندی کی۔ "ادبی دنیا” تاجور نجیب آبادی نے جاری کیا تھا۔ صلاح الدین احمد نے اسے ایک ادارہ بنا ڈالا۔ ڈپٹی نذیر احمد کے پوتے شاہد احمد دہلوی کا میڈیکل کی تعلیم میں دل نہ لگا تو ساقی جاری کر دیا۔ کوئی ہے جو دعوی کرے کہ ساقی کے مے خانے سے مستفید نہیں ہوا۔ اسلامیہ کالج ریلوے روڈ کے طالب علموں نے حمید نظامی کی قیادت میں پندرہ روزہ نوائے وقت جاری کیا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران میر خلیل الرحمن نے دلی سے روزنامہ جنگ نکالا، سائیکل پر پرچے بیچنے نکلتے تھے۔ آج ایک صدی بعد مڑ کے دیکھتے ہیں تو مٹی کے گھر عالیشان دیوان بن چکے ہیں۔ چراغ سے چراغ جلتا ہے۔

اردو کے آن لائن جرنلزم میں ڈان نیوز نے ایک اہم کردار ادا کیا۔ یہاں بھی مصدق سانول کا دست معجز کارفرما تھا۔ انہوں نے آن لائن اردو صحافت میں آزاد روی کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داری کا تصور متعارف کروایا۔ ان ابتدائی برسوں میں ان کا ایک اہم کارنامہ بے پناہ مدفون ٹیلنٹ کی دریافت تھا۔ اہم اردو اخبارات کی ویب سائٹس کا ظہور تو ایک متوقع بلکہ ناگزیر معاملہ تھا اردو کی آن لائن جرنلزم میں نئی زمینوں کی دریافت دنیا پاکستان، لالٹین، آئی سی بی اردو، اردو ٹرائب، ہم سب، دلیل، مکالمہ جیسی ویب سائٹس کے یکے بعد دیگرے اجرا سے سامنے آئی۔ 2017 کے اختتامی دنوں میں “ہم سب” اردو بلاگز کی دوڑ میں آگے نکل چکا ہے۔ دلیل ڈاٹ کام کچھ فاصلے سے تعاقب اور مقابلہ کر رہا ہے۔ باقی ویب سائٹس بھی میدان میں موجود ہیں۔

ہمارے ملک میں سوچ کے بہت سے مکتب فکر موجود ہیں۔ فکری اور نظریاتی اعتبار سے اختلاف رائے بھی موجود ہے۔ یہ رویہ بھی خاصا عام ہے کہ حریف کی کامیابی کے اسباب معلوم کرنے کی بجائے الزام، گالی اور دشنام کی مدد سے حقائق کو دھندلانے اور جھٹلانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ “ہم سب” پر بھی بہت سے الزام لگائے جاتے ہیں مثال کے طور پر “ہم سب” کی ٹیم کو ایک سازشی ٹولہ بتایا جاتا ہے جو مبینہ طور پر مذہب دشمن ہے، عریانی کا سہارا لیتا ہے، فحاشی پھیلاتا ہے، ملک دشمنی کرتا ہے، ریاست کے اداروں کو بدنام کرتا ہے، پاکستان کی تاریخ کو مسخ کرتا ہے۔ سنسنی خیزی سے کام لیتا ہے۔ ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتا ہے۔ میں “ہم سب” کی ٹیم کا حصہ ہونے کی حیثیت سے کچھ حقائق بیان کرنا چاہتا ہوں۔ مقصد یہ کہ “ہم سب” کی کامیابی کے کچھ اسباب پڑھنے والوں کے سامنے رکھے جائیں۔ اگر وہ مناسب سمجھیں تو ان اسباب اور ان سے برآمد ہونے والے نتائج پر غور و فکر کریں۔ اگر انہیں اختلاف ہو گا تو ان کے اختلاف رائے کا احترام بھی ہم پر واجب ہے۔ “ہم سب” حریف بذلہ ہے، حریف دشنام نہیں۔

آج (23 نومبر، 2017ء) پاکستان کی بلاگ ویب سائٹس میں “ہم سب” کا 234 نمبر ہے۔ Alexa Ranking میں دلیل کا درجہ 445، آئی بی سی اردو کا رینک 7064، دنیا پاکستان کا نمبر 8777، مکالمہ کا رینک 8933 اور دانش کی درجہ بندی 10743 ہے۔ ہم اس درجہ بندی کو “ہم سب” کی غیرمعمولی یا حتمی کامیابی نہیں سمجھتے۔ درحقیقت پاکستان جیسے ملک میں رائے عامہ کی تشکیل میں “ہم سب” سمیت اردو بلاگز کو ابھی بہت محنت سے کام لینا ہو گا۔ بہت سی ویب سائٹس جو بظاہر اس دوڑ میں پیچھے نظر آتی ہیں، آسانی سے اپنا مقام بہتر بنا سکتی ہیں۔ مستقبل میں یقیناً ایسا ہی ہو گا۔ ہماری رائے میں “ہم سب” کی موجودہ کامیابی سے یہ ضرور ثابت ہوتا ہے کہ ہمارے ملک میں ایک ہی سوچ کا فیصلہ کن غلبہ نہیں ہے۔ “ہم سب” کو سیاسی طور پر جمہوریت پسند، فلسفیانہ سطح پر عقلیت پسند، سیکولر اور معاشرتی اعتبار سے روادار، روشن خیال نقطہ نظر رکھنے کے باوجود پڑھنے والوں سے پذیرائی مل رہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان میں اس موقف کی اچھی خاصی تائید اور حمایت موجود ہے۔

“ہم سب” ہرگز مذہب مخالف پلیٹ فارم نہیں ہے۔ درحقیقت “ہم سب” پر مذہبی عقائد سرے سے زیر بحث نہیں لائے جاتے۔ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی البتہ پرزور حمایت کی جاتی ہے۔ کچھ پڑھنے والوں کا خیال ہے کہ “ہم سب” مذہبی ذہن کی مخالفت کرتا ہے۔ یہ تاثر غلط ہے۔ “ہم سب” مذہبی سوچ رکھنے والے عناصر کا احترام کرتا ہے بلکہ ان کے نقطہ نظر کو مساوی جگہ دیتا ہے۔ یہاں تک کہ بعض پڑھنے والوں کو شکایت پیدا ہوتی ہے کہ “ہم سب” پڑھتے ہوئے انہیں احساس ہی نہیں ہوتا کہ یہ ایک لبرل اور روشن خیال ویب سائٹ ہے کیونکہ یہاں پر لبرل ازم کے مخالفین کا نقطہ نظر کسی امتیاز کے بغیر شائع کیا جاتا ہے۔ ہمارے خیال میں رواداری کا یہی تقاضا ہے۔ “ہم سب” کسی مذہب یا فرقے کو غلط یا برا نہیں کہتا۔ البتہ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کی ڈٹ کر مخالفت کرتا ہے، ان عناصر کی کھل کر مخالفت کی جاتی ہے جو اپنے عقیدے اور سوچ کو زبردستی دوسروں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ اسے بعض افراد مذہب کی مخالفت سمجھ لیتے ہیں۔ یہ مذہب کی  مخالفت نہیں بلکہ مذہب کے استحصال کی مخالفت ہے۔

“ہم سب” سائنسی سوچ کو پروان چڑھاتا ہے۔ سائنس کی ایجادات اور ٹیکنالوجی کا تو کوئی شاید ہی مخالف ہو۔ سائنس کی مخالفت کرنے والے بھی ٹیکنالوجی کا سہارا لے کر اپنے خیالات پھیلا رہے ہیں۔ “ہم سب” سائنی طرز فکر کی حمایت کرتا ہے۔ علم، سوچ اور رویے میں سائنسی طریقہ کار اپنائے بغیر ٹیکنالوجی معاشرے میں پسماندگی پیدا کرتی ہے۔ “ہم سب” کی رائے میں ہمارا معاشرہ ٹیکنالوجی کی دوڑ میں پیچھے رہنے کی بنا پر پسماندہ نہیں ہوا۔ ہماری پسماندگی کی وجہ یہ ہے کہ ہم سائنسی سوچ اپنائے بغیر سائنس اور ٹئیکنالوجی کی دنیا میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ “ہم سب” کی کامیابی ثبوت ہے کہ ہمارے ملک میں ایسے ذہین اور بہادر لوگوں کی کمی نہیں جو سائنسی فکر رکھتے ہیں اور انسانی تحقیق و تدبر کے ہم عصر رجحانات سے اتفاق رکھتے ہوئے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

پاکستان میں جمہوریت اور آمریت کی کشمکش پرانی ہے۔ “ہم سب” جمہوریت کی دوٹوک حمایت کرتا ہے اور آمریت کی تمام شکلوں کی مزاحمت کرنے کی کوشش کرتا ہے خواہ یہ آمریت عورت اور مرد میں تحکمانہ امتیاز کی صورت میں سامنے آئے یا اقلیت پر اکثریت کے جبر کی شکل اختیار کرے، کمزور اور غریب طبقات کے استحصال کی صورت میں نمودار ہو یا بریگیڈ 111 کا روپ دھار کر قوم پر تسلط جمائے۔ پڑھنے والوں میں “ہم سب” کی مقبولیت پاکستان میں جمہوری رویوں کی مضبوطی کا نشان ہے۔

“ہم سب” معاشرے میں روشن خیال رجحانات کی حمایت کرتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہر انسان کو اظہار کی آزادی ملنی چاہیے۔ اسے اپنے عقائد اختیار کرنے، پیشے کے انتخاب، لباس، رہن سہن اور کھانے پینے کی ترجیحات اور تخلیقی اظہار میں آزادی ملنی چاہیے۔ پاکستان میں ایسے انصاف پسند افراد بالخصوص نوجوانوں کی اکثریت ہے جو معاشرے میں خوف، گھٹن، پابندی اور جبر کی بجائے آزادی، تحفظ اور احترام کا خواب دیکھتے ہیں۔ ایسے پڑھنے والے “ہم سب” کے پلیٹ فارم پر اپنی امنگوں اور آرزوؤں کا حال پڑھ کر اطمینان حاصل کرتے ہیں۔ “ہم سب” کی کامیابی پاکستان میں آزادی کی ثقافت کا علان ہے۔

“ہم سب” صرف لکھنے پڑھنے کی حد تک ہی نہیں بلکہ عملی طور پر جمہوریت اور رواداری کا مظاہرہ کرتا ہے۔ یہاں پر لکھنے والوں کے ساتھ ان کی شہرت، قابلیت، مذہبی عقائد اور سیاسی رجحانات کی بنیاد پر امتیاز نہیں برتا جاتا۔ “ہم سب” کی بنیادی ٹیم میں چودہ ارکان ہیں لیکن “ہم سب” پر سینکڑوں لکھنے والوں کی تحریریں شائع کی جاتی ہیں۔ یہ لوگ اپنے تجربے سے جانتے ہیں کہ “ہم سب” میں کھلے دل سے لکھنے والوں کا احترام کیا جاتا ہے۔ کوئی معروف لکھنے والا ہو یا گمنام جوہر ہو، کوئی علمی طور پر پختہ مقام رکھتا ہو یا ابھی سیکھنے کی کوشش کر رہا ہو، “ہم سب” میں ان سب کو جگہ دینے کی پوری کوشش کی جاتی ہے۔ “ہم سب” کی ٹیم نہایت باصلاحیت، جرات مند اور ہنرمند لکھنے والوں پر مشتمل  ہے لیکن “ہم سب” کے رفیق عرش سے اترنے والے فرشتے نہیں۔ ان میں خامیاں اور کوتاہیاں بھی موجود ہیں۔ پاکستان میں ان جیسے سینکڑوں باصلاحیت لکھنے والے موجود ہیں۔ جو ویب سائٹ صلاحیت اور ہنر کے ان ذخائر اور وسائل کو بروئے کار لائے گی، وہ نہ صرف “ہم سب” جیسی کامیابی حاصل کرے گی بلکہ “ہم سب” سے کہیں بہتر طور پر ملک و قوم کی خدمت کر سکے گی۔

“ہم سب” اپنے لکھنے والوں کا شکرگزار ہے۔ اپنے پڑھنے والوں کا احسان مند ہے۔ ان سے آئندہ تعاون کی درخواست کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ پاکستان میں صحافت کے دیگر ذرائع کی طرح آن لائن جرنلزم بھی باشعور شہریوں کی مدد سے آگے بڑھے گی۔ ایک ذمہ دار رائے عامہ تشکیل پائے گی۔ رواداری کو فروغ ملے گا۔ درس گاہوں میں تعلیم کے چراغ روشن ہوں گے۔ کھیتوں میں فصلیں لہلہائیں گی، کارخانے صنعتی پیداوار کا نشان بنیں گے۔ ہمارے بچے کھلکھلائیں گے، ہمارے نوجوان ہنسیں گے اور بزرگ احترام پائیں گے۔ “ہم سب” کی کامیابی پاکستان کی امانت ہے۔ امید ہے کہ “ہم سب” جیسے ان گنت پلیٹ فارم قائم ہوں گے جو فکر و نظر میں صحت مند مقابلے کا ماحول پیدا کریں گے۔ ہمارا ملک سلامت رہے گا اور ترقی کرے گا۔