شیریں مزاری کی بیٹی نے پاک فوج سے معافی مانگ لی
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی بیٹی ایمان زینب مزاری نے پاک فوج کے حوالے سے پیغام جاری کرنے پر معافی مانگ لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ میں اس طرح پروان نہیں چڑھی اور جس طرح کے الفاظ میں نے اپنے پیغام میں استعمال کیے مجھے اس پر گہرا پچھتاوا ہے ،اور میں اپنی والدہ سے بھی معافی مانگنا چاہتی ہوں وہ اس طرح کے نقصان کی حقدار نہیں تھی ۔میں ان سے اس درد کیلئے معذرت خواہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا تھا کہ جہاں مجھے اپنے الفاظ کے چناﺅ پر دکھ اور افسوس ہے وہیں میں اپنے موقف پر آج بھی قائم ہوں ،مجھے لگتاہے کہ میں اپنے خیالات کو بہتر انداز میں بیان کر سکتی ہیں ۔ایمان مزاری کا کہناتھا کہ میں نے غصے کی حالت میں ان الفاظ کا چناﺅ کیا جس پر مجھے پچھتاواہے ۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی رہنما شریں مزاری نے بھی اپنی بیٹی کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے پیغام جاری کیا کہ جس طرح آپ نے معافی مانگی اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کیا مجھے آپ پرفخر ہے ۔
واضح رہے کہ شیریں مزاری نے دھرنا مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرنے پر پاک فوج کے خلاف ویڈیو بیان جاری کیا تھاجس میں فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم اب انہوں نے اپنے اس بیان کے حوالے سے معافی مانگ لی ہے۔


