آسٹریلیا میں ہم جنس شادیاں قانونی: پارلیمان میں خوشی کا گیت


آسٹریلوی پارلیمان

آسٹریلیا میں ایوانِ نمائندگان کی جانب سے ہم جنس پرست شادیوں کے بارے میں تاریخی بل کی منظوری کے بعد ملک میں ہم جنس پرست شادیوں کو قانونی حیثیت حاصل ہو گی۔

آسٹریلیا کی پارلیمان نے بھاری اکثریت سے میریج ایکٹ کو تبدیل کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔

اس بل کی منظوری کے فوراً بعد آسٹریلیا کی پارلیمان میں جش منایا گیا یہاں تک کہ خوشی کا گیت بھی گایا گیا۔

اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا میں اس معاملے پر گذشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے پر محیط تلخ بحث کا بھی خاتمہ ہو گیا۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم میلکم ٹرنبل نے کہا ’محبت، مساوات اور احترام کے لیے یہ تاریخی دن ہے۔‘

’آسٹریلیا نے یہ کر دکھایا۔‘

امید کی جا رہی ہے کہ آسٹریلیا کے گورنر جنرل آنے والے دنوں میں اس بل کی منظوری دیں گے جس کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔

بل کی منظوری کے بعد پرجوش ارکان پارلیمان نے عوامی گیلری میں اپنے حامیوں کے سامنے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہوئے گیت گانا شروع کر دیا ’میں، آپ اور ہم آسٹریلین ہیں۔‘

اس بل کی منظوری سے پہلے اس کے متعدد حامی آسٹریلوی پارلیمان کے باہر لان میں اکھٹے ہوئے جن میں ہم جنس پرست شادیوں کی حمایت کرنے والے میں نمایاں سابق اولمپک تیراک ائین تھارپ اور مقامی کمیڈین مگدہ سبانسکی بھی شامل تھے۔

آسٹریلوی پارلیمان

آسٹریلوی ایوانِ نمائندگان میں اس بل کو پیش کیے جانے کے بعد 100 سے زیادہ ارکانِ پارلیمان نے اس پر بحث کی تھی۔

متعدد سینیٹروں اور ارکان پارلیمان نے اس بل کی حمایت کرنے کی وجہ بتائی تاہم دوسرے سیاست دانوں نے اس کی مخالفت بھی کی۔

جوڑا

خیال رہے کہ آسٹریلیا میں شادی کے ایکٹ میں ترمیم کا بل ملک میں کیے جانے والے ایک قومی سروے جس میں 6 .1 6 فیصد افراد نے اس میں تبدیلی کی حمایت کی تھی کے فوری بعد گذشتہ ماہ سینیٹ میں متعارف کروایا تھا۔

اس بل میں رجسٹرڈ مذہبی افراد کے لیے استثنا شامل ہے جو اپنے عقائد کے مطابق ایک ہی جنس سے شادی کرنے سے انکار کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp