شمالی کوریا پر نئی پابندیاں ‘جنگ کے مترادف’


شمالی کوریا نے میزائل تجربے کے بعد اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی تازہ پابندیوں کو ‘جنگی اقدام’ قرار دیا ہے۔

جبکہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان پابندیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ‘دنیا کی امن کی خواہش’ سے تعبیر کیا تھا۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے یہ تازہ پابندیاں مکمل اقتصادی پابندی کے مترادف ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شمالی کوریا کی جانب سے مزاحمت کو مضبوطی فراہم کرنے کے عمل نے امریکہ کو مایوس کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے جمعے کو پیانگ یانگ کی جانب سے میزائل تجربے کے جواب میں یہ نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔

امریکی قرارداد کے مسودے میں شمالی کوریا کی تمام تیار پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات 90 فیصد تک کم کرنا شامل ہے۔

کم جونگ ان

شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیار بنانے سے بین الاقوامی سیاست میں اُن کے اثرو رسوخ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے

چین اور روس جو کہ شمالی کوریا کے بڑے تجارتی پارٹنر ہیں نے بھی اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ شمالی کوریا پر پہلے سے ہی امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے کئی قسم کی پابندیاں عائد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

٭ دنیا امن چاہتی ہے ہلاکتیں نہیں: صدر ٹرمپ

٭ ’شمالی کوریا امریکہ کے لیے حقیقت میں ایک بڑا جوہری خطرہ‘

شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے بیان میں اقوام متحدہ کی جانب سے عائد پابندیوں کو ‘جنگجویانہ’ کہا گیا ہے کیونکہ یہ ‘جمہوریہ کی خود مختاری کی شدید پامالی اور جنگی قدم ہے جس سے کوریا جزیرہ نما اور وسیع خطے میں امن اور استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔’

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘امریکہ مکمل طور پر عظیم تاریخی مقاصد کے لیے ریاست کی جوہری قوت کی تکمیل پر مکمل طور پر خوفزدہ ہے اور یہ ہمارے ملک پر ڈباؤ ڈالنے کے لیے سخت سے سخت قسم کی پابندیای عائد کرنے کے جنون میں بہت زیادہ مبتلا ہو رہا ہے۔

نیکی ہیلی

اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر نیکی ہیلی کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کی مزید خلاف ورزی کرنے پر شمالی کوریا کو مزید سزائیں اور علیحدگی کا سامنا کرنا پڑے گا

بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ہم اپنے دفاع کے لیے جوہری مزاحمت کو مزید مستحکم کریں گے تاکہ بنیادی طور پر امریکہ کی جوہری دھمکیاں، بلیک میلنگ اور دشمنانہ چال کا ڈر ختم ہو جائے۔ اور اس کے لیے امریکہ کے مقابلے میں ہم عملی طور پر قوت کا توازن قائم کریں گے۔’

گذشتہ ماہ شمالی کوریا نے ان پابندیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا اور اسے ‘ظالمانہ پابندیاں’ قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

٭ شمالی کوریا پر اقوام متحدہ کی تازہ پابندیاں عائد

٭ شمالی کوریا امریکہ کو ’شدید درد پہنچائے گا‘

نئی پابندیوں کی چین نے بھی حمایت کی ہے تاہم بیجنگ نے کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بات چیت کی اپیل بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا پر پہلے ہی امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے کافی پابندیاں لگائی جا چکی ہیں۔

امریکہ 2008 سے شمالی کوریا پر پابندیاں لگا رہا ہے۔ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام سے منسلک افراد اور کمپنیوں کے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp