ملی مسلم لیگ کا پہلا دفتر لاہور میں کھل گیا


قومی سیاست میں قدم رکھنے والی کالعدم جماعت الدعوۃ کی ذیلی جماعت ملی مسلم لیگ (ایم ایم ایل) نے لاہور میں اپنا دفتر کھول دیا۔

اس موقع پر جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 کے مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ حلقہ این اے 120 شریف خاندان کے سیاست میں آنے کے بعد سے اب تک پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مسلسل جیتا گیا حلقہ ہے۔

حافظ سعید نے لاہور کے موہنی روڈ پر این اے 120 کے دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے مقامیوں کے مسائل بھی سنے۔

واضح رہے کہ ایم ایم ایل نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں پہلی مرتبہ شرکت کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور جماعت اسلامی کے مشترکہ ووٹوں سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے۔

ایم ایم ایل کو الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) سے جماعت کے طور پر اندراج کی منظوری ملنا اب بھی باقی ہے۔

وزارت داخلہ نے ایم ایم ایل کی رجسٹریشن کی مخالفت کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایک کالعدم تنظیم کی سیاسی جماعت ہے۔

حافظ سعید کے حلقے میں دورے کے دوران عوام کی بڑی تعداد نے ان پر قصور پورہ، چوہدری پارک اور آؤٹ فال روڈ پر پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا۔

Facebook Comments HS