بیٹی کی پیدائش کے بعد صنم جنگ نے وزن کیسے کم کیا


صنم جنگ نے ساڑھے 17 کلو وزن کم کیا—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی اداکارہ، ماڈل و مارننگ شو کی میزبان صنم جنگ کا شمار ویسے تو ملک کی خوبرو اداکاراؤں میں ہوتا ہے، تاہم گزشتہ برس اپنے ہاں بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کے وزن میں اضافہ ہوگیا تھا۔

خیال رہے کہ صنم جنگ کے ہاں گزشتہ برس 14 نومبر کو پہلی بیٹٰی کی پیدائش ہوئی تھی۔

بچی کو جنم دینے کے باوجود صنم جنگ نے فوری طور پر مارننگ شو کا آغاز کردیا، جب کہ دوران حمل بھی وہ پروگرام کرتی رہی تھیں۔

بچی کو جنم دینے کے بعد جب وہ ٹی وی اسکرین پر نظر آئیں تو ان کا وزن ماضی کے مقابلے بڑھا ہوا تھا، جس وجہ سے کچھ شائقین نے انہیں اپنا وزن کم کرنے کے لیے بھی کہا۔

اگرچہ صنم جنگ کو وزن بڑھ جانے پر شدید تنقید کا نشانہ نہیں بنایا گیا، لیکن پھر بھی ان کے وزن پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔

تین دن قبل ہی اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام پر اپنی 2 تصاویر شیئر کیں، جن میں ان کے وزن میں نمایاں فرق نظر آ رہا ہے۔

صنم جنگ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنا وزن کم کرنے کا راز اور طریقہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے کم وقت میں ساڑھے 17 کلو وزن کم کیا۔

صنم جنگ کے مطابق ان کے وزن کم کرنے کے پیچھے ان کے فٹنیس ٹرینر شعیب خان کا ہاتھ ہے، جو انہیں ہر وقت تربیت دیتے رہے۔

صنم جنگ نے وزن کم کرنے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کی، اور نہ ہی یہ بتایا کہ انہوں نے دوران تربیت کس طرح کی غذائیں لیں۔

اگرچہ شائقین نے ان سے سوالات بھی کیے، تاہم انہوں نے کوئی بھی جواب دینے سے گریز کیا۔

خیال رہے کہ صنم جنگ نے جس فٹنیس ٹرینر شعیب خان سے فٹنیس ٹریننگ لی، وہ متعدد شوبز شخصیات کو تربیت دے چکے ہیں۔

وہ عام افراد کو بھی فٹنیس تربیت دیتے ہیں، انہوں نے رواں برس مئی میں اپنے انسٹاگرام پر ایک لڑکی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب انہوں نے اس لڑکی کی سخت تربیت کی تو ان کے آنسو نکل آئے۔

شعیب خان کے مطابق صرف 2 ماہ کی فٹنیس تربیت سے اس لڑکی کے وزن میں حیرت انگیز طور پر نمایاں کمی واقع ہوئی۔

شعیب خان نے اپنے انسٹاگرام پر متعدد فٹنیس تربیت کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کر رکھی ہیں، وہ پاکستان کے مختلف ٹی وی چینلز کے مارننگ شوز میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).