سلیم صافی سے پندرہ سوال
سلیم صافی میرے پسندیدہ صحافی ہیں۔ سلیم صافی لکھتے ہیں تو ایک توازن سے، اختلاف کرتے ہیں تو دلیل سے۔ سلیم صافی ٹیلی ویژن پر بات کرتے ہیں تو رکھ رکھاؤ سے۔ وہ کسی آن لائن عالم کی طرح سے بازاری زبان برتتے ہیں اور نہ کسی اینگری ناٹ سو ینگ میں کی طرح ہر وقت منہ سے جھاگ اڑاتے ہیں۔ سلیم صافی باریش ہیں لیکن کچھ دوسرے صحافیوں کی طرح اپنا عقیدہ ٹھیلے پر رکھ کے بیچنے نہیں نکلتے۔ میں سمجھتا ہوں کہ اپنی نسل کے صحافیوں میں سلیم صافی پیشہ وارانہ تقاضوں کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سلیم صافی اندر کی باتیں جانتے ہیں۔ اسی لئے میں ہمیشہ انہیں غور سے سنتا ہوں اور ان کا کالم پڑھ کر سمجھنے کوشش بھی کرتا ہوں۔ ہمیشہ کی طرح میں نے آج بھی روز نامہ جنگ میں سلیم صافی کا کالم بہت دھیان سے پڑھا جس کا عنوان ہے ” شہباز شریف پر اتفاق کیوں اور کیسے؟”۔ لیکن آج ان کے کالم کی کچھ باتیں مجھے بالکل سمجھ نہیں آئیں۔ تو سوچا کہ کیوں آج کے بلاگ میں یہ سوال اپنے پڑھنے والوں کے سامنے رکھ دیے جائیں۔
- سلیم صافی اپنے کالموں میں "محسن اور محسن کش” جیسی اصطلاحات کس پس منظر میں استعمال کرتے ہیں؟ اس کالم میں ایک جگہ انہوں نے عدلیہ اور دفاعی ادارے کو نواز شریف کا محسن قرار دیا ہے؟ اس کا کیا مطلب ہے؟ میان نواز شریف تو تین بار انتخاب جیت کر وزیر اعظم بنے تھے۔ دفاعی ادارے کا انتخابات سے کیا تعلق؟ عدلیہ تو ایک آئینی ادارہ ہے۔ عدلیہ کسی سیاست دان پر کیا احسان کر سکتی ہے؟ کیا سلیم صافی دفاعی ادارے اور عدلیہ پر سیاست میں مداخلت کا الزام لگا رہے ہیں؟ کیا دفاعی ادارے اور عدلیہ کسی کو وزیر اعظم بنانے یا نہ بنانے کا آئینی اختیار رکھتے ہیں؟
- عرب ملکوں سے پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی رشتے ضرور ہیں۔ لیکن پاکستان تو امریکا جیسی سپر پاور کو آنکھیں دکھاتا ہے۔ پاکستان میں وزیر سے وزیر اعظم تک ، جب اور جہاں چاہیں، امریکا کو پاکستان کی خود مختاری یاد دلاتے ہیں۔ کیا سلیم صافی عرب ملکوں پر پاکستان کی سیاست میں مداخلت کا الزام لگا رہے ہیں؟
- عدلیہ ایک خود مختار ادارہ ہے۔ عدلیہ کے گلے پڑنے یا قدموں میں پڑنے سے سلیم صافی کی کیا مراد ہے؟ کیا سلیم صافی یہ کہنا چاہتے ہیں کہ عدلیہ کسی سیاست دان کو اپنے قدموں پر جھکانے میں دلچسپی رکھتی ہے؟ جو جھک جائے اسے انعام سے نوازتی ہے اور جو نہ جھکے، اسے سزا دیتی ہے؟ یہ تو عدلیہ کی خود مختاری اور غیر جانبداری پر بہت بڑا الزام ہے۔
- سلیم صافی کہتے ہیں کہ "کوئی انہیں (عمران خان کو) وزیر اعظم بنانے کا رسک لینے کو تیار نہیں”۔ تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کے لوگوں کا ووٹ کوئی اہمیت نہیں رکھتا؟ سلیم صافی کا اشارہ کن لوگوں کی طرف ہے جو (فلاں فلاں) رسک لے سکتے ہیں یا نہیں لے سکتے؟
- سلیم صافی کہتے ہیں کہ "دفاعی ادارے اور عدلیہ نے نواز شریف کو اقتدار سے باہر نکال کر اٹک قلعے پہنچا دیا”۔ گویا یہ سب جھوٹ تھا کہ میاں نواز شریف کو طیارہ اغوا کرنے پر مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔ سلیم صافی نے اکتوبر 1999 سے دسمبر 2000 تک کیوں نہیں بتایا کہ عدلیہ اور دفاعی ادارے نواز شریف کو نافرمانی کی سزا دے رہے ہیں؟
- سلیم صافی کہتے ہیں کہ کسی نے "نواز شریف کو قدموں میں لانے کے لئے عمران خان کے سیاسی غبارے میں ہوا ڈالنے کا عمل شروع کیا”۔ سوال یہ ہے یہ ہوا کون بھر رہا تھا؟ پھر کہتے ہیں کہ "(نواز شریف کی) جماعت سے اور دیگر جماعتوں سے لوگوں کو نکال کر پی ٹی آئی میں شامل کروایا گیا۔ کیا سلیم صافی کو یاد ہے کہ وہ جولائی 2011 میں اپنے کالموں میں لکھا کرتے تھے کہ فلاں فلاں صاف ستھرے سیاسی رہنما پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ کیا تب انہیں معلوم تھا کہ دسمبر 2011 میں یہ لوگ خود سے نہیں بلکہ کسی کے اشارے پر پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے؟
- عمران خان کو مسیحا ثابت کرنے کا ٹاسک کس نے میڈیا کوسونپا؟ عمران خان کو کس نے یقین دلایا کہ وہ اگلے وزیراعظم ہوں گے؟
- پرویز مشرف 2008ء میں مستعفی ہو گئے تھے۔ 2013ء میں کس کو دلچسپی تھی کہ "پرویز مشرف کو نہیں چھیڑا جائے”؟
- سلیم صافی لکھتے ہیں کہ "(2013ء کے) انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کے حق میں جس پولیٹیکل مینجمنٹ کا منصوبہ بنایا گیا تھا، اس پر عمل درآمد روک کر پنجاب میں میدان کو شریفوں کے لئے اوپن چھوڑ دیا گیا”۔ پولیٹیکل مینجمنٹ کیا ہوتی ہے؟ اور اس کا منصوبہ کس نے بنایا تھا؟
- سلیم صافی لکھتے ہیں کہ "(نواز شریف) کے خلاف دھرنوں کی صورت میں عمران خان اور طاہرالقادری کو میدان میں اتارا گیا”۔ دست بستہ پوچھنا چاہیے کہ میدان میں اتارنے وغیرہ کا کام کون کر رہا تھا؟ تو کیا عمران خان اور طاہرالقادری کی طرف سے دھاندلی وغیرہ کی شکایت محض بہانہ تھا؟ 17 جون 2014ء کو ماڈل ٹاؤن میں تصادم تو طاہرالقادری کی طرف دھرنے کے اعلان کے بعد ہوا۔ تو کیا اس تصادم کی ذمہ داری ان عناصر پر بھی آتی ہے جنہوں نے بقول سلیم صافی، طاہرالقادری کو کینیڈا سے بلا کر دھرنے میں اتارا تھا؟
- سلیم صافی کہتے ہیں کہ "میاں صاحب نے ابتداء میں عرب دوستوں کو تاثر دیا تھا کہ وہ (یمن میں) ان کے حسب منشا ساتھ دیں گے۔ لیکن جب وقت آیا تو داخلی دبائو کی وجہ سے فوج بھیجی اور نہ پوری طرح ساتھ دیا۔۔۔۔” سلیم صافی تو برسوں قوم کو بتاتے رہے کہ القاعدہ اور طالبان کے خلاف کارروائی "ہماری جنگ نہیں ہے”۔ اس استدلال کے مطابق تو یمن کی جنگ ہرگز پاکستان کی جنگ نہیں ہے۔ اگر نواز شریف نے عرب ملک کا ساتھ نہیں دیا تو اپنے ملک کے لئے اچھا کیا یا برا کیا؟
- سلیم صافی کہتے ہیں کہ ” شہباز شریف نے مذکورہ محسنوں سے متعلق رویہ یکسر مختلف رکھا۔ جنرل مشرف سے لیکر جنرل اشفاق پرویز کیانی تک اور جنرل راحیل شریف سے لیکر جنرل قمر باجوہ تک، کسی کے ساتھ بھی انہوں نے براہ راست چھیڑ خانی نہیں کی۔” چھیڑ خانی سے کیا مراد ہے؟ نیز یہ کہ کسی کو اس بابت کیوں دلچسپی ہو کہ وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ کو تابع فرمان رکھا جائے؟
- سلیم صافی کہتے ہیں کہ ” اپنے اردگرد موجود انقلابی نما خوشامدیوں یا پھر محترمہ مریم نواز کے دبائو کی وجہ سے میاں صاحب (تعاون پر) پر آمادہ نہیں ہوئے۔” خوشامد تو طاقتور فریق کی کی جاتی ہے۔ سلیم صافی نے اس کالم میں جتنے واقعات اور معاملات کا ذکر کیا ہے، ان سے معلوم ہوتا ہے کہ نواز شریف تو سارے کھیل میں نہایت کمزور ہیں۔ تو خوشامدیوں کا ٹولہ نواز شریف کی بجائے اصل طاقتور فریق کی خوشامد کیوں نہیں کرتا؟
- سلیم صافی کہتے ہیں کہ "انہیں (نواز شریف کو) یہ بھی احساس ہورہا ہے کہ اگر وہ شہباز شریف کو پہلے آگے کرتے تو آج جہانگیر ترین کی طرح عمران خان بھی نااہل ہو چکے ہوتے لیکن جب وہ سخت رویہ رکھیں گے تو نہ صرف تحریک انصاف کے غبارے میں ہوا بھری جائے گی بلکہ مسلم لیگ (ن) بھی تقسیم ہوگی۔” تو کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ عدلیہ قانون کی بجائے کسی خارجی اشارے وغیرہ پر فیصلے دے رہی ہے؟
- سلیم صافی کہتے ہیں کہ ” میاں نوازشریف نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرکے معاملے کو آگے بڑھانے کا اشارہ دے دیا ہے لیکن حتمی معاملات سعودی عرب میں طے ہوں گے جہاں ترکی کے وزیراعظم بھی پہنچ گئے تھے۔” گویا پاکستان میں حکمرانی کا فیصلہ لوگوں کے ووٹ سے نہیں بلکہ سعودی عرب اور ترکی کے حکمران کریں گے۔ کیا امریکا کی بالادستی کے سخت مخالف سلیم صافی پاکستان کے معاملات میں سعودی عرب اور ترکی کی مداخلت پر بھی احتجاج کریں گے یا نہیں؟
شہباز شریف پر اتفاق کیوں اور کیسے؟
http://www.humsub.com.pk/95334/saleem-safi-35/


