پاک فضائیہ کے پہلے مسلمان سربراہ ایئر مارشل (ریٹائرڈ) اصغر خان انتقال کر گئے


سابق ایئر چیف مارشل اصغر خان حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق سابق ایئر چیف مارشل اصغر خان گزشتہ کئی روز سے سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج تھے تاہم آج (جمعہ کو) صبح کے وقت انہیں دل کا دورہ پڑا جس کے باعث وہ اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔ ایئر مارشل اصغر خان کی عمر 97 برس تھی۔ ان کی نمازِ جنازہ کل (ہفتہ کو) نواں شہر میں ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اصغر خان 1957 میں ایئر چیف کے عہدے پر فائز ہوئے ، اس وقت ان کی عمر محض 36 سال تھی اور وہ فضائیہ کے کم عمر ترین سربراہ قرار پائے تھے۔ انہوں نے سرکاری ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کے بعد تحریکِ استقلال کے نام سے سیاسی جماعت قائم کی جس نے بھٹو دور میں سخت اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔ ایئر مارشل اصغر خان نے جنوری 2012 میں اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف میں ضم کردی تھی۔

اصغر خان نے 1990ء کے انتخابات میں خفیہ اداروں کی طرف سے سیاست دانوں میں رقوم بانٹنے کے خلاف 1996 میں آئینی درخواست دائر کی تھی۔ وہ سولہ برس تک اس درخواست کی پیروی کرتے رہے۔ بالآخر 2012ء میں عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا۔ اصغر خان کے صاحبزادے عمر اصغر خان جون 2002ء میں پراسرار حالات میں ہلاک  کر دیے گئے تھے۔

Facebook Comments HS