عمران خان کی تیسری شادی کا ولیمہ میں کروں گا: مفتی عبدالقوی


قندیل بلوچ قتل کیس میں ضمانت پر رہا ملزم اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سابق رکن مفتی عبدالقوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کے بعد ولیمہ میری جانب سے ہو گا۔

مفتی قوی نے ملتان میں کہا کہ صاحب، صاحبہ اور نکا ح خواں کی خاموشی رضا مندی کی دلیل ہے۔ تبدیلی آ چکی ہے اور نکاح ہو چکا ہے۔ شادی شرافت کی دلیل ہے۔ عمران خان کی سیاست پر گفتگو ہونی چاہیے، ذاتی زندگی پر نہیں۔ نیک اور صالح محترمہ کا خان صاحب کی زندگی میں آنا دونوں کے لیے اعزاز ہے۔

مفتی عبدالقوی نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنا گھر بسانے کی خاطر اپنی زندگی کا اہم فیصلہ کیا جو خوشی کی بات ہے۔ ان کے مزاج میں آنے والی واضح تبدیلی اس بات کی گواہ ہے کہ ان کی زندگی میں کوئی بڑی تبدیلی رونما ہوچکی ہے۔ فریقین کی مسلسل خاموشی اور شادی کی خبر کو نہ جھٹلانا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ دونوں اپنی شادی کا اقرار کر چکے ہیں۔ تاہم عمران خان سیاسی مصلحتوں کی وجہ سے غالباً اپنی تیسری شادی کا اعلان کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔ مفتی عبدالقوی نے مزید کہا کہ عمران خان کی تصدیق کے بعد ولیمہ میری جانب سے ہو گا۔

واضح رہے کہ مفتی عبدالقوی پاکستانی ماڈل قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث ہیں اور ان دنوں ضمانت پر رہا ہیں۔ گرفتاری کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ پولی گراف ٹسٹ کے مطابق مفتی عبدالقوی نے نوے فیصد سوالات کے جھوٹ پر مبنی جوابات دیے۔ گزشتہ برس نومبر میں برطانوی اخبار دی ٹائمز نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ پاکستانی ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کے اہم ملزم مفتی عبدالقوی کے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے قریبی تعلقات ہیں۔ قندیل بلوچ سے ہوٹل کے کمرے میں ملاقات کا اسکینڈل سامنے آنے سے پہلے مفتی عبدالقوی تحریک انصاف کی مذہبی امور کمیٹی کے رکن بھی تھے اور کئی بار عمران خان کے ساتھ نیوز کانفرنس بھی کر چکے تھے۔

قندیل بلوچ سے متنازع ملاقات کی وڈیو سامنے آنے کے بعد مفتی عبدالقوی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی رکنیت سے ہٹا دیا گیا تھا۔ وفاقی وزارت مذہبی امورنے مفتی عبدالقوی کی پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کی رکنیت بھی معطل کر دی تھی۔ قندیل بلوچ کے والد الزام لگاتے ہیں کہ ان کی بیٹی کے قتل کی ہدایت مفتی قوی نے ہی جاری کی تھیں۔ دی ٹائمز کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے موقف اختیار کیا تھا کہ مفتی عبدالقوی کے پاس تحریک انصاف کی کوئی ذمہ داری نہیں۔

Facebook Comments HS