تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے 20ارب کے فنڈز جاری
ملک بھر میں تعلیم کے شعبے کو بہتربنانے کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت اب تک 19 ارب57 کروڑ60 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جبکہ وزارت نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ملک بھر میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے متعلق پروگرام پر عمل درآمد کے لئے10 ارب روپے سے زائدکے فنڈز جاری کئے ہیں۔پلاننگ کمیشن کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران حکومت نے سرکاری شعبے کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے مجموعی طور پر 7 کھرب روپے کے فنڈز مختص کئے۔
ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواندگی بہت اہمیت کی حامل ہے لیکن تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ ویڑن 2025 کے تحت تعلیم کے شعبے کے لئے حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔نوجوان جنوبی ایشیاکی تعمیر و ترقی کےلئے مثالی اور فعال کردار ادا کر یں گے ، معاشی استحکام میں ان کا بہترین رول ہو گا اور آنے والے وقت میں نوجوان نسل ہتھیار نہیں بلکہ قوموں کی ترقی کےلئے انقلاب برپا کریں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ ویژن 2025 ءکے تحت موجودہ حکومت ملک سے ناخواندگی کو ختم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اسی ضمن میں حکومت ویژن 2025ءکے تحت سکول جانے والے بچوں اور بچیوں کے تناسب میں فرق کو ختم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور آئندہ پانچ برس میں اس فرق میں 50 فیصد تک کمی لائی جائے گی اور 2025ءتک ہر بچہ یا بچی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوگا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت قومی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی کے لئے بروئے کار لانے کی غرض سے حقیقت پسندانہ حکمت عملی اختیار کر رہی ہے جس کے ثمرات تیزی کے ساتھ سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔
- پولیس نے جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں 316 پی ٹی آئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا - 22/03/2023
- یاسر پیرزادہ کی نئی کتاب ”سیلف ہیلپ۔ آگ لگے ان کتابوں کو“ - 07/03/2023
- اداکار قوی خان انتقال کر گئے - 06/03/2023
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).