ڈارک ویب کی خوفناک تنظیم اور ڈاکٹر شاہد مسعود کی دلیری


ڈاکٹر شاہد مسعود نے جب سے یہ انکشاف کیا ہے کہ قصور کا عمران علی ایک مستری نہیں بلکہ ایک منظم بین الاقوامی گروہ کا سرکردہ رکن ہے جو ڈارک ویب کے ذریعے کمائی کر رہا ہے، اس وقت سے ڈارک ویب کی خوفناک تنظیم ہر جگہ ڈسکس ہونے لگی ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے خود یہ بتا دیا تھا کہ یہ اتنے خوفناک لوگ ہیں کہ وزیراعظم بھی ان کے خلاف تحقیقات نہیں کروا پائیں گے۔ دوسری طرف عمران علی نے بتایا ہے کہ یہ جرائم درحقیقت جنات کرتے تھے۔ ان دونوں معاملات پر غور کیا جائے تو سچ تک پہنچا جا سکتا ہے۔ لیکن خوفناک بات یہ ہے کہ ڈاکٹر صاحب نے بتا دیا ہے کہ عمران علی کو بھی حراست میں ہی مارا جا سکتا ہے۔ کیا آپ کو یاد ہے کہ سو بچوں کے قاتل جاوید اقبال کی بھی حوالات میں ہی موت ہوئی تھِا؟ ہمیں تو ڈاکٹر صاحب کی بھی فکر ہو رہی ہے۔

ڈارک ویب، یا کالا ویب، درحقیقت بدنام زمانہ شیطان پرست صیہونی تنظیم ایلومیناٹی چلاتی ہے۔ اس کے دو مقاصد ہیں۔ ایک تو یہ کہ کالے دھندے کر کے کالا دھن کمایا جائے، اور دوسرا یہ کہ مسلم ممالک کے باحمیت نوجوانوں کو فحاشی اور فسق فجور کا چسکا لگا کر ان کو بے غیرت بنا دیا جائے۔ اس مقصد کے لئے ایلومیناٹی اپنے صدیوں سے آزمودہ طریقہ کار کے مطابق پس پردہ رہتے ہوئے نہ صرف کالے شیطانی علوم بلکہ سائنس کا استعمال بھی کرتی ہے۔ آپ کو یاد ہو گا کہ ہم اپنے ایک گزشتہ مضمون میں یہ بتا چکے ہیں کہ یہ خفیہ باطنی تنظیم مذہب کی خاص طور پر دشمن ہے کیونکہ یہ بکرے کے سر والے بافومت نامی شیطان کی پوجا کرتی ہے۔ یہ پڑھ کر آپ چونک اٹھے ہوں گے اور آپ کی توجہ کالے بکرے کی سری کی کالے جادو میں اہمیت کی طرف مبذول ہوئی ہو گی۔

دوسری طرف ہمارے ہاں یہ غلط فہمی بھی عام ہے کہ بنگال یا ہندوستان کے جادوگر خطرناک ترین ہوتے ہیں۔ حالانکہ کوئی بھی ذی شعور شخص غور کرے تو جان لیتا ہے کہ بنی نوع آدم کو جادو ہاروت اور ماروت نامی دو راندہ درگاہ فرشتوں نے بابل شہر میں سکھایا تھا اور یہ بابل ہی تھا جہاں بنی اسرائیل نے اپنی اسیری کے دن گزارے تھے۔ یعنی ہاروت ماروت سے جادو سیکھنے والے یہودی تھے۔ کوئی وجہ تو ہے کہ ساحروں کی طلسم ہوشربا نامی داستان میں بارہا نشاندہی کی گئی ہے کہ جادوگر سامری نامی یہودی کو اپنا خدا مانتے ہیں۔

ہمارے پیر صاحب نے ہمیں کل اپنے پاس بلا کر یہ بتایا کہ ان کے موکلوں نے خبر دی ہے کہ اسرائیل سے ایلومیناٹی جادوگروں کی ایک ٹیم اس وقت لاہور سے ملحقہ بھارتی شہر امرتسر میں آن بیٹھی ہے اور کالے علم کرنے میں مصروف ہے۔ ان کو نامی گرامی ہندوستانی پنڈتوں کی مدد بھی حاصل ہے جو بھارتی جاسوس ایجنسی را نے فراہم کیے ہیں۔ یاد رہے کہ ملزم عمران علی اپنے اقبالی بیان میں یہ بات تسلیم کر چکا ہے کہ اس پر جنات مسلط تھے اور وہی اس سے جرائم کروا رہے تھے۔ گمان غالب ہے کہ یہ جنات ایلومیناٹی نے ہی عمران علی پر مسلط کیے تھے۔

آپ میں سے چند بدعقیدہ لوگ اس انکشاف پر ہنسیں گے مگر وہ ہر پڑھا لکھا اور ذی شعور شخص جس نے مظہر کلیم ایم اے کی عمران سیریز پڑھ رکھی ہے یہ جانتا ہے کہ کس طرح صیہونی اور بھارتی طاقتیں وطن عزیز کے خلاف کالے جادو کا ہتھیار مسلسل استعمال کرتی رہی ہیں اور شیطان ان کی مکمل مدد کرتا رہا ہے۔ کیا یہ محض اتفاق ہے کہ ایلومیناٹی نے ڈارک ویب نامی تنظیم کے لئے عمران علی نامی جس شخص پر جنات مسلط کیے، اس کا نام مظہر کلیم کے نورانی ہیرو علی عمران کے نام کا الٹ ہے؟

اب جس طرح عمران علی کے بینک اکاؤنٹ ڈی ایکٹی ویٹ ہو کر غائب ہو گئے ہیں، اس کے پیچھے بھی جنات یا کالے موکلوں کا ہاتھ لگتا ہے کیونکہ فیس بک اکاؤنٹ کے برخلاف بینک کا اکاؤنٹ بند ہو کر غائب نہیں ہو سکتا۔ سٹیٹ بینک کے رولز کے مطابق بینک کو ایک طویل مدت تک اس کا ریکارڈ رکھنا پڑتا ہے۔ لیکن ایک طرف سٹیٹ بینک یہ بتا رہا ہے کہ اسے عمران علی کے اکاؤنٹ نہیں ملے اور دوسری طرف ڈاکٹر شاہد مسعود بتا رہے ہیں کہ ان اکاؤنٹس کو ڈی ایکٹی ویٹ کر کے غائب کیا گیا ہے تو یہ کام کسی انسان کے بس کا نہیں ہے، جنات کے بس کا ہی ہے۔

اب بینک اکاؤنٹ تو غائب ہو چکے ہیں۔ ہمیں خدشہ ہے کہ کہیں ڈارک ویب پر موجود قصور کی ان بچیوں کی وہ مبینہ ویڈیوز بھی غائب نہ ہو جائیں جنہیں قتل کرنے کا الزام عمران پر ہے اور جن مبینہ ویڈیوز کے بارے میں ڈاکٹر صاحب کو یقین ہے کہ اگرچہ وہ ڈارک ویب پر موجود ہیں لیکن وہ ابھی تک ڈاکٹر صاحب کے علاوہ کوئی دوسرا شخص انہیں تلاش نہیں کر پایا ہے۔ ڈارک ویب تو چلاتی ہی ایلومیناٹی ہے۔ اس کے لئے تو ڈارک ویب سے یہ ویڈیو غائب کرنا محض ایک کلک کی بات ہے۔

ہمارے پیر صاحب کو ان کے موکلوں نے ایک خوفناک خبر دی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ایلومیناٹی کے شیطانی جادوگروں نے جنات اور کالے موکلوں کے ذریعے اس کیس میں ملوث تمام شیطانی ملزمان کے علاوہ ان نیک لوگوں سے بھی جان چھڑانے کا عمل شروع کر دیا ہے جو ایلومیناٹی کے لئے بے تحاشا پیسہ کمانے والے ڈارک ویب کو ایکسپوز کر کے ایلومیناٹی کو بے تحاشا مالی نقصان پہنچانے کا سبب بنے ہیں۔ یہ وقت ہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود کے ہم جیسے تمام مداح مصلے سنبھال لیں اور خدا سے گڑگڑا گڑگڑا کر ڈاکٹر شاہد مسعود کی سلامتی اور صحت و تندرستی کے لئے دعا کریں۔


ڈاکٹر شاہد مسعود کی تحقیق غلط نہیں ہو سکتی
ڈارک ویب کی خوفناک تنظیم اور ڈاکٹر شاہد مسعود کی دلیری
ایلومیناٹی۔ خوفناک سازشی باطنی تنظیم کی کہانی
ایلومیناٹی کے دس نشان
ملحد یہودی تنظیم ایلومیناٹی کی مسلم دشمنی اور دیگر سازشیں – ۱
ملحد یہودی تنظیم ایلومیناٹی کی مسلم دشمنی اور دیگر سازشیں – ۲
ایلومیناٹی۔ خوفناک سازشی باطنی تنظیم کی کہانی
پاکستان کے خلاف ایلومیناٹی کی بھیانک عالمی سازش کا انکشاف
پرویز ہود بھائی کی یونیورسٹی میں روحانی تعلیم کی بے جا مخالفت

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

2 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments