معمر افراد میں سیکس کی خواہش زیادہ: عمر جنسی سرگرمی میں رکاوٹ نہیں‘


Elderly couple celebrate anniversary

عموماً خیال کیا جاتا ہے کہ معمر افراد ایک پرجوش رومانوی تعلق کے بجائے محض ملنسار صحبت کے ِخواہش مند ہوتے ہیں۔

لیکن 2000 سے زائد معمر افراد پر کیے گئے سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ 65 برس کی عمر سے زیادہ کے 52 فیصد افراد اب بھی سیکس کے خواہش مند ہیں اور ان میں سے ایک تہائی اپنی پہلی ملاقات میں کیے گئے سیکس سے خوش ہیں۔

برطانیہ میں کیے گئے سروے سے یہ بھی پتا چلا کہ ہر دس میں سے ایک فرد نے 65 برس کی عمر تک ایک سے زیادہ افراد کے ساتھ جنسی تعلق رکھا۔

سروے کا انعقاد کرنے والے ادارے دی چیریٹی انڈیپنڈنٹ ایج کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’عمر جنسی تعلق کے راستے کی رکاوٹ نہیں ہے۔‘

زندگی کا لطف لیں


سمرسیٹ سے تعلق رکھنے والے ڈینس ایلن نے بھی اپنی اور اپنی اہلیہ کی جنسی زندگی میں عمر کو حائل نہیں ہونے دیا۔84 سالہ ڈینس نے انھوں سنے 2004 میں پاؤلین سے چوتھی شادی کی جن کی عمر 85 برس ہے۔

ان کے مطابق وہ ایک عام جوڑے کی طرح ہفتے میں دو بار سیکس کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا ’اگر آپ یہ چاہتے ہیں تو آپ کو زندگی کا لطف لینا چاہیے۔‘

ان کے بقول وہ اور ان کی اہلیہ ورزش کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ وہ اپنا خیال رکھیں تاکہ وہ ایک دوسرے کے لیے پرکشش رہیں۔

ان کا کہنا تھا ’کُھل کر کہوں تو اگر آپ ایک نوجوان خاتون ہیں اور آپ کا شوہر بڑھے ہوئے پیٹ کے ساتھ آپ کے سامنے بیٹھا تمباکو نوشی کر رہا ہے تو آپ کیا سوچیں گے؟ کیا آپ اسے پسند کریں گے؟‘

’میری بیوی ہمیشہ ہی پرکشش لگتی ہے۔ وہ اس وقت تک باہر نہیں جاتی جب تک تیار نہ ہو اور جب تک میں بھی تیار نہ ہوں وہ مجھے بھی باہر نہیں جانے دیتی۔‘

 سروے کے نتائج:

  • 80 برس کی عمر کے چھ میں سے ایک فرد نے کہا کہ انھوں نے زندگی میں بھرپور سیکس کر لیا ہے۔
  • اتنی ہی تعداد میں 65 برس سے زائد کی عمر کے لوگوں نے کہا انھوں نے مواقع کی کمی کی وجہ سے سیکس چھوڑ دیا۔
  • 65 برس سے زائد عمر کے ہر چار میں سے ایک ایسے افراد جو کسی رشتے میں ہیں کے بقول وہ آن لائن ملے۔

انڈیپنڈنٹ ایج کی ڈائریکٹر لوسی ہارمر کا کہنا تھا بیستر معمر افراد جنسی طور پر اتنے متحرک ہیں جتنا عموماً خیال نہیں کیا جاتا۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’65 برس یا اس سے زائد کو پہنچنے والی نسل اب معمر ہے۔ میرا نہیں خیال کہ انہیں کسی نے کہا ہے کہ انہیں بس کر دینی چاہیے۔ ‘

سکیس لائف کے بارے میں کم بات چیت

اسی سروے میں یہ بات بھی اجاگر ہوئی کہ 65 برس سے زائد عمر کے افراد میں سے ہر گیارہ میں سے ایک شخص نے سیکس سے قبل جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں سے متعلق کوئی حفاظتی اقدام نہیں کیا۔

دی ٹیرینس ہگنز ٹرسٹ کے مطابق حال ہی میں تنہا ہونے والے یا زندگی میں دیر سے جنسی طور پر متحرک ہونے والے افراد کو ایس ٹی آئز (جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں) سے متعلق کم معلومات ہیں۔

جنسی صحت سے متعلق چیریٹی کے ڈیبی لیکک کا کہنا تھا ’معمر افراد میں جنسی زندگی سے متعلق بہت کم بات چیت ہوتی ہے۔ جبکہ زیادہ تر بات چیت، تعلیم اور مہمات کا مرکز نوجوان ہوتے ہیں۔‘

’اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ جنسی صحت یا ایس ٹی آئیز صرف نوجوانوں کا مسئلہ ہیں۔ یہ تاثر بدلنا چاہیے۔‘

انڈیپنڈنٹ ایج نے بہتر رومانوی تعلق کے لیے کچھ تجاویز دیں

  • اپنے ساتھی سے بات کریں کہ آپ کیسا محسوس کرتے ہیں اور چیزوں کو ان کے نظریے سے دیکھیں۔
  • ایک دوسرے سے بات کریں کہ آپ جنسی طور پر ایک دوسرے سے کیا چاہتے ہیں۔
  • اپنے اندر اعتماد لائیں۔
  • محفوظ سیکس کریں کیونکہ جنسی طور پر بیماریاں منتقل ہو سکتی ہیں۔

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp