نواز شریف مکار انسان ہیں، وہ اداروں، فوج اور عدلیہ پر کلہاڑی مارتے ہیں۔’


رکن قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن عائشہ گلالئی نے پارلیمان کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نون پر الزام لگایا کہ انھیں ملک کی مسلح افواج کے خلاف بیانات دینے پر سینیٹ کی نشست دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن انھوں نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔

عائشہ گلالئی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر الزام لگایا کہ وہ ہر جلسے میں اداروں کے خلاف بغاوت کی باتیں کرتے ہیں اور پتہ نہیں کس ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

‘ابھی بھی یہ فوج اور عدلیہ کے خلاف پراپگینڈا کر رہے ہیں۔ میں تو سمجھتی ہوں کہ یہ تو عمران خان سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔’

عائشہ گلالئی نے مزید کہا: ‘عمران خان جذباتی آدمی ہیں اور وہ تو خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارتے ہیں لیکن نواز شریف مکار انسان ہیں وہ اداروں، فوج اور عدلیہ کو کلہاڑی مارتے ہیں۔’

یاد رہے کہ عائشہ گلالئی نے گذشتہ سال اگست میں پاکستان تحریک انصاف اور جماعت کے سربراہ عمران خان پر الزام عائد کیا تھا کہ تحریک انصاف میں خواتین محفوظ نہیں ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون کے سیکریٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان نے بیان میں کہا کہ عائشہ گلالئی کا ملکی سیاست میں ایسا کوئی اہم کردار نہیں ہے جس کی وجہ سے انھیں سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے۔

مشاہد اللہ خان نے عائشہ گلالئی کے لگائے گئے الزامات کی بھی مکمل تردید کی۔

واضح رہے کہ 3 مارچ کو سینیٹ کے انتخابات منعقد ہوں گے جس کے لیے تمام جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کے کاغذات جمع کرا دیے ہیں۔

حکمراں جماعت کی جانب سے باضابطہ امیدواروں کی فہرست میں فاروق خان، آصف کرمانی، رانا مقبول، ہارون اختر، سعدیہ عباسی اور دیگر شامل ہیں۔

گذشتہ سال کے تنازع کے باوجود عائشہ گلالئی اپنی جماعت چھوڑنے کے بعد بھی رکن قومی اسمبلی ہیں جس کے لیے انھوں نے قوانین میں ایک اور چھوٹے سے سقم کا سہارا لیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp