کچی سبزیوں اور دعا سے کینسر کا علاج کرنے والی کینسر سے مر گئی


اپنے یوٹیوب چینل پر کچی سبزیوں، جوس اور دعا کرنے سے اپنے کینسر کا مکمل علاج کرنے کا دعوی کرنے والی خاتون میری لوپیز کینسر سے مر گئیں۔ ان کا دعوی تھا کہ انہوں نے اپنی چھاتیوں کے سٹیج فور کینسر کا علاج اپنی دعا اور کچی سبزیوں پر مشتمل خوراک سے کر لیا ہے۔

اپنی ویڈیوز میں میری لوپیز نے دعوی کیا تھا کہ ان کے دعاؤں اور مکمل طور پر نباتاتی خوراک کی وجہ سے ان کا سٹیج فور کینسر محض چار ماہ میں مکمل طور پر ختم ہو گیا۔ ”یہ میرا انتخاب ہے، میں اچھے حال میں ہوں، میں مری نہیں ہوں، میں ہسپتال نہیں گئی۔ یہ کینسر ختم ہو گیا ہے۔ میں صحت یاب ہو چکی ہوں۔ میں یہ صحت یابی اپنی روح اور جسم میں محسوس کر سکتی ہوں“ میری لوپیز نے دعوی کیا تھا۔

لیکن جب ان کی حالت خراب ہونے لگی تو ان کی بہن نے ان کو گوشت کھانے اور کینسر کا باقاعدہ علاج کروانے کا مشورہ دیا۔

میری لوپیز نے یہ علم ہونے پر کہ ان کا کینسر خون، جگر اور پھیپھڑوں تک پہنچ گیا ہے، کیموتھراپی اور ریڈیوتھراپی سے اپنا علاج کروانے کا فیصلہ کیا۔ لیکن یہ علاج بہت تاخیر سے شروع ہوا اور وہ کینسر کے ہاتھوں جان گنوا بیٹھیں۔

میری لوپیز اور ان کی بھانجی لز جانسن کا یوٹیوب چینل کچی سبزیوں اور پھلوں سے علاج کے بارے میں ایسی ویڈیو بناتا تھا جو بے تحاشا مقبول ہو کر وائرل ہوئیں۔ انہیں لاکھوں لوگ دیکھتے تھے۔

ایک انٹرویو میں لز جانسن نے یہ دعوی کیا کہ ان کی خالہ کی موت کھانے کو مائکرو ویو کرنے اور خوراک میں گوشت شامل کرنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ”میری خالہ مائکرو ویو کے بہت خالف تھیں کیونکہ وہ کینسر پیدا کرتا ہے، لیکن میری ماں ان کو کھانا مائکرو ویو میں پکا کر دے دیتی تھیں“۔

یاد رہے کہ ابھی تک مائکروویو سے کینسر کے تعلق کا کوئی پختہ سائنسی ثبوت نہیں ملا ہے۔ ماہر خوراک ایزلنگ پیجو نے نیوز ویک کو بتایا کہ ”ابھی تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے کہ کسی قسم کی خوراک سے کینسر کا علاج ہو جا سکتا ہے“۔

میری اور لز کا یہ چینل خاص طور پر کینسر کے بعض مریضوں اور مذہبی حلقوں میں بہت مقبول ہوا۔ بعض افراد نے میری اور لز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے عزیزوں کو کینسر کا علاج کرنے کے لئے کچی سبزیوں اور پھلوں سبزیوں کے رس کی خوراک پر منتقل ہونے کا مشورہ دیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).