”ہوا ہوائی گرل“ سری دیوی ایک نظر میں


اداکارہ سری دیوی کے والد پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے۔ باپ تامل اور ماں تیلگو تھیں۔ آئیے ان کے زندگی کے سفر پہ ایک نظر ڈالتے ہیں۔

پورا نام: شری اما ینگر ایاپان

فلمی نام: سری دیوی

تاریخ پیدایش: 13 اگست 1963ء

جائے پیدایش: سواکاسی؛ تامل ناڈو؛ بھارت

انتقال: 24 اور 25 فروری 2018ء کی درمیانی شب؛ دُبئی

فلمی کیریئر کا آغاز: چار سال کی عمر سے، بطور چائلڈ آرٹسٹ 1967 تا 1975ء

پہلا ایوارڈ: چار سال کی عمر میں؛ کیرالہ اسٹیٹ فلم ایوارڈ، بہترین چائلڈ اسٹار؛ 1967ء

1975 تا 1982ء؛ سری دیوی نے جنوبی ہند کے سینما میں عروج پایا۔ رجنی کانت‌ اور کمل ہاسن جیسے اداکار ان کے ہیرو رہے۔ 1981ء میں انھیں تیلگو زبان کی فلم میں کام کرتے بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سری دیوی نے تامل، ملیالم، تیلگو، اور ہندی زبان کی فلموں میں کام کیا۔

سری دیوی کے بہن بھائی: ایک بہن اور دو سوتیلے بھائی

ازدواجی بندھن: ہدایت کار اور پروڈیوسر راکیش روشن کی فلم ”جاگ اٹھا انسان“ کے شوٹنگ کے دوران سری دیوی اور متھن چکرورتی کے رومان کا چرچا ہوا۔ دونوں نے 1985ء میں خفیہ شادی کرلی، جسے متھن چکرورتی نے اس وقت تسلیم کیا، جب ایک میگزین نے ان کی شادی کا سرٹفکیٹ شایع کردیا۔ 1988ء میں یہ تعلق ٹوٹ گیا۔
سری دیوی نے 1996ء میں دوسری شادی معروف پروڈیوسر بونی کپور سے کی، جو پہلے سے شادی شدہ تھے۔ بونی کپور مشہور اداکار انیل کپور اور سنجے کپور کے بڑے بھائی ہیں۔ بونی سے سری دیوی کی دو بیٹیاں ہوئیں؛ جھانوی اور خوشی۔

سری دیوی نے 1979ء میں پہلی ہندی فلم ”سولہواں سال“ کی؛ لیکن شائقین کی خاطر خواہ توجہ نہ حاصل کرسکیں۔ 1983ء میں ”ہمت والا“ میں جیتندر کی ہیروئن بنیں، یہ فلم بلاک بسٹر رہی؛ اگلے ہی سال 1984ء میں ”تحفہ“ فلم کی دھوم ہوئی، تو اس کے بعد ”ہوا ہوائی گرل“ کسی کے ہاتھ نہ آئی۔ 1997ء تک فلم انڈسٹری میں اُنھی کا راج رہا۔ وہ بالی وُڈ کی پہلی فی میل سپر اسٹار کہلائیں۔

توجہ طلب بات یہ ہے کہ سری دیوی کی بطور ہیروئن فلم ”صدمہ“ بھی 1983ء میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں ان کی پرفارمینس دیکھنے لائق ہے، لیکن حیرت انگیز طور پہ یہ رومانی فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ یہ فلم ”آئی دیوا“ کی ان دس فلموں کی فہرست میں ہے، جو بلاک بسٹر نہ تھیں۔

سری دیوی نے اپنا دوسرا فلم فیئر ایوارڈ ایسی فلم سے جیتا، جو باکس آفس پر ناکام ٹھیری۔ اس فلم کا نام ہے، ”لمحے“۔ یش چوپڑا کی اس فلم میں انیل کپور ان کے مقابل تھے۔ ناقدین نے اس فلم کو خوب سراہا۔ کہا جاتا ہے یہ فلم اپنے دور سے پہلے بن گئی تھی۔

شادی کے بعد سری دیوی ٹیلے ویژن سیریز اور اور دیگر پروگرام میں‌ دکھائی دیتی رہیں۔ 2012ء میں ”انگلش ونگلش“ جیسی عام ڈگر سے ہٹ کر بنی فلم میں اپنی شان دار اداکاری سے شائقین کے دل جیت لیے۔ 2017ء میں ان کی بطور اداکارہ آخری فلم ”مام“ ریلیز ہوئی، جس میں وہ مرکزی کردار میں دکھائی دیں۔

سری دیوی کی چند مشہور فلموں کی فہرست:

صدمہ
ہمت والا
تحفہ
نگینہ
چال باز
چاندنی
لمحے
مسٹر انڈیا
گم راہ
روپ کی رانی، چوروں کا راجا
خدا گواہ
جدائی

سری دیوی کو حاصل ہونے والے ایوارڈز کی تعداد بہت زیادہ ہے، ان میں سے چند ایک یہ ہیں:
پدما شری ایوارڈ 2013ء
”نگینہ“ اور ”مسٹر انڈیا“ کی پرفارمینس پر فلم فیئر اسپیشل ایوارڈ 2013ء
فلم ”لمحے“ بہترین اداکارہ؛ فلم فیئر؛ 1992ء
فلم ”چال باز“ بہترین اداکارہ؛ فلم فیئر؛ 1990ء
تیلگو فلم ”کشانا کشنم“ میں بہترین اداکاری کا ایوارڈ؛ فلم فیئر؛ 1991ء
تامل فلم ”مینڈوم کوکیلا“ میں بہترین اداکاری کا ایوارڈ؛ فلم فیئر؛ 1982ء


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).