’نواز مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور شہباز قائم مقام صدر منتخب‘
پاکستان کی حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (نون) کی اعلیٰ قیادت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو جماعت کا تاحیات قائد اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب کر لیا ہے۔
لاہور میں ہونے والے جماعت کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ 45 دن میں پارٹی کے صدر کا انتخاب کرایا جائے گا اور مستقل صدر منتخب کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے ٹوئٹر پر نواز شریف کے تاحیات قائد بنائے جانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین راجہ ظفرالحق، شہباز شریف اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس سلسلے میں قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (نون) کو پارٹی کا نیا صدر منتخب کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔ گذشتہ منگل کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ سنہ 2002 کے تحت کوئی بھی نااہل شخص پارٹی کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔
اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارٹی آئین کے تحت بھی صدارت کا عہدہ ایک ہفتے سے زیادہ عرصے تک خالی نہیں رہ سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ نون کے اجلاس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف بطور آبزرور شریک ہوئے۔
راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں مرکزی مجلس عامہ کا اجلاس لاہور میں جاری ہے۔ اجلاس میں مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز بھی اجلاس میں شریک رہے۔ جبکہ وزیر اعظم نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
ماضی میں بی بی سی کے ساتھ ایک انٹرویو میں راجہ ظفر الحق نے کہا تھا کہ سابق فوجی صدر مشرف کے دور میں بھی جب میاں نواز شریف کو طیارہ سازش کیس میں سزا سنائی گئی تھی اور انھیں سیاست سے نااہل قرار دیا گیا تھا تو پارٹی نے شہباز شریف ہی کو پارٹی کا صدر بنایا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مسلم لیگ نواز کی صدارت کے لیے سب سے موزوں امیدوار ہیں جس پر حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کی اکثریت متفق بھی ہے۔
دوسری جانب محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا نام بھی بطور پارٹی صدر لیا جارہا تھا تاہم پارٹی کی سینیئر قیادت نے شہباز شریف کے حق میں فیصلہ کیا ہے۔
دریں اثنا حکمراں جماعت عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل تیار کر رہی ہے اور جلد ہی نظرثانی کی اپیل دائر کیے جانے کا امکان ہے۔

قانونی ماہرین کے مطابق آئین کے ارٹیکل 184 کی ذیلی شق تین کے تحت کیے گئے فیصلے میں نظر ثانی کا اختیار بڑا محدود ہوتا ہے اور اکثر مقدمات میں نظرثانی کی اپیل کی سماعت بھی سپریم کورٹ کا وہی بینچ کرتا ہے جس نے فیصلہ دیا ہوتا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے سربراہ کی نااہلی کے بعد اس کے چیئرمین کی جانب سے سینیٹ انتخابات کے لیے جاری کیے گئے ٹکٹس کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
تاہم الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ نون کے ارکان کو سینیٹ کے جاری کردہ نئے ٹکٹس کو مسترد کرتے ہوئے انھیں آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی۔
سینیٹ کے انتخابات کے شیڈول کے مطابق چونکہ مزید کسی سیاسی جماعت کی جانب سے نئے ٹکٹس جاری نہیں کیے جا سکتے تھے اس لیے الیکشن کمیشن کے انکار کے بعد مسلم لیگ ن بطور جماعت سینیٹ کے انتخابات سے باہر ہو گئی۔

