پارلیمان اور عدلیہ کے مابین اختیارات کے تعین کے لیے مذاکرات ضروری ہیں: رضا ربانی


سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور اعلی عدلیہ کے درمیان اختیارات کے تعین کے لیے چیف جسٹس سے مذاکرات ضروری ہیں۔ منگل کو سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے انھی اختیارات کو استعمال کرنا چاہیے جو آئین نے اُنھیں تفویض کیے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ اگلے ہفتے سینیٹ کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے بعد نیا چیئرمین اس معاملے پر چیف جسٹس سے ضرور بات چیت کرے۔ اُنھوں نے کسی اسمبلی کے سپیکر کا نام لیے بغیر کہا کہ اعلی عدلیہ کی طرف سے ایک سپیکر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنا قابل تشویش امر ہے۔ واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی کے حلف نہ اُٹھانے پر صوبہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی کے سپیکر کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔

رضا ربانی نے اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی پارٹی صدارت کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے خود تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ میں اس معاملے پر جو قانونی سازی کے لیے کارروائی ہوئی تھی اس پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کا اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ملک کے مفاد میں ہے اور اگر ایسا نہ ہوا تو پھر ملکی اداروں میں تصادم ہو گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سینیٹ کے اجلاس میں عدلیہ کے رویے پر بات کی۔ اُنھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر دوسرے ریاستی اداروں نے شب خون مارا ہے جس کے ذمہ دار خود ارکان پارلیمنٹ بھی ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ اعلی عدلیہ کے ججز کی طرف سے اپنے فیصلوں میں آئین کا حوالہ دینے کی بجائے اشعار لکھنا تشویشناک امر ہے۔

فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اعلی عدلیہ کے جج صاحبان اپنی تکریم کروانے کے لیے اپنے فیصلوں کا نہیں بلکہ توہین عدالت کے قوانین کا سہارا لیتے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر معزز جج صاحبان کا یہی رویہ رہا تو اُنھیں اندیشہ ہے کہ چند ماہ بعد ملک میں ہونے والے عام انتخابات ملک کی اقتصادی اور امن وامان کی صورت حال کی بجائے اعلی عدلیہ پر ریفرنڈم ثابت نہ ہو۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ اُنھیں اس بات پر بھی تشویش ہوتی ہے جب ملک کا چیف جسٹس قسم اُٹھا کر کہتا ہے کہ ان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ریاست کے اندر ریاست بنائی جارہی ہے جس کا واضح ثبوت چند ماہ پہلے فیض آباد پر دیا جانے والا دھرنا تھا جس میں اصل (ڈی جیورو) حکومت کو جھکنا پڑا جبکہ (ڈی فیکٹو) کو کامیابی حاصل ہوئی۔

فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اُنھیں اس بات پر بھی ندامت ہے جب ان کی جماعت سمیت پارلیمنٹ میں موجود دیگر سیاسی جماعتیں ججز اور جرنیلوں کو احتساب کے دائرے میں لانے میں ناکام رہیں ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp