ایران کی جیلوں میں سیاسی قیدی خود کشی کیوں کرتے ہپں؟
ابراہیم لطف اللہی
ابراہیم لطف اللہی پیام نور سنندج یونیورسٹی کے لا کالج کے سال چہارم کا طالب علم تھا، جو اسی شہر کی جیل میں انتقال پا گیا۔ اور سنندج کے محکمہ انٹیلیجنس کے ذمہ داروں نے اس کی موت کا سبب خود کشی کو قرار دیا۔
سولہ دی ماہ 1386 (6 جنوری 2008ء) کو انقلابی پراسیکیوٹر برانچ 3 برائے تفتیش کے احکامات کے تحت وزارت انٹییجنس کے کارکنان نے امتحان گاہ سے نکلتے ہوئے ابراہیم لطف اللہی کو گرفتار کر لیا۔ اور اس کی بہن کے بقول 8 روز بعد اس کے خاندان کو اطلاع دی گئی کہ اس نے خود کشی کر لی ہے۔
ابراہیم لطف اللہی کے بھائی مریم لطف اللہی نےایک انٹرویو میں کہا کہ: ’’انھوں نے کہا کہ اس نے جیل میں خود کشی کر لی ہے، انھوں نے کہا کہ تدفین کے لیے سنندج کے بہشت محمدی قبرستان میں چلو، ہم گئے، مگر انھوں نے خود ہی اس کو لحد میں اتارا، حتّی کہ اس کی قبر کو بھی کنکریٹ سے پاٹ دیا، ہمیں اپنے بھائی کے جنازے کو دیکھنے کا موقع تک نہیں ملا، ہمیں اتنا بھی یقین نہیں ہے کہ جس قبر کو اس کی آخری آرامگاہ بتایا گیا ہے آیا اس میں ہمارا بھائی ہی محو خواب ہے؟ ہم نے قبر کشائی کی درخواست بھی دی جو مسترد کر دی گئی۔ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے، انھوں نے ایک قبر کی نشاندہی کی اور کہا کہ وہ یہاں ہے، ہم شکوک و شبہات کے ساتھ وہاں جاتے ہیں اور واپس آجاتے ہیں۔ مگر ہم یہ سوال ہمیشہ کرتے رہتے ہیں کہ اگر اس نے خود کشی کی ہی تھی تو اس طرح خفیہ تدفین کی کیا وجہ تھی اور ہمیں اس کے آخری مراسم ادا کرنے کی اجازت کیوں نہ دی گئی۔ قبر کشائی کر کے اس کی نعش کو دیکھنے کی اجازت دینے سے کیوں انکار کیا گیا؟ ہمارے کیس کو خارج کرنے اور منصفانہ تحقیقات نہ ہونے دینے کی وجہ کیا تھی؟ اس کی قبر کو کنکریٹ سے کیوں پاٹا گیا؟ حتّی کہ عدالت میں ہمارے وکیل کو دھمکیاں بھی دی گئیں‘‘۔
ابراہیم لطف اللہی کے خاندان کے وکیل صالح نیک بخت نے پریس کانفرنس میں کہا: ’’عدالت نے خودکشی پر مبنی تفتیشی رپورٹ کی تائید کی ہے اور یہ قرار دیا ہے کہ قتل نہیں کیا گیا۔ ہم نے اپیل کی اور کہا کہ چونکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کے نشانات اور ناک میں خون کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی ہے لہذا نئے سرے سے تحقیقات کی جائیں اور قبر کشائی کی اجازت دی جائے۔ مگر افسوسناک طور پر سنندج کے محکمہ انوسٹی گیشن اور محکمہ انصاف نے موافقت نہ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ایک بار جاری کی جا چکی ہے اور قبر کشائی کی شرعاً اجازت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ابراہیم نے جیل خانے کے حمام میں اپنے زیر جامہ کو باتھ شاور سے لٹکا کر خودکشی کر لی۔ حالانکہ ہمارا مطالبہ فقط یہ ہے کہ مسئلہ کو روشن ہونا چاہیے اور خاندان کو اطمینان خاطر ملنا چاہیے کہ صورت حال درحقیقت کیا ہوئی۔ مگر تاسف ہے کہ ہماری تائید نہ کی گئی اور کیس خارج کر دیا گیا‘‘
سعید امامی
سال 1378 ھ۔ش (1999-2000ء) میں وزارتِ انٹیلیجنس کے افسران میں سے 23 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ جن پر الزام تھا کہ وہ روشن خیال سیاسی قائدین اور صحافیوں کے قتل کے متعدد واقعات میں ملوث ہیں۔ یہ واقعات ’’قتل ہائے زنجیرہ‘‘ کے نام سے مشہور ہوئے تھے۔
تہران پراسیکیوٹر آفس برانچ 1 نے ان میں سے 18 افراد کو سزائے موت سنائی۔ مگر عدالتی فیصلے پر عمل درآمد سے پہلے 31 خرداد ماہ 1378 (21 جون 1999ء)کو مسلح افواج کے ادارے نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے انٹیلیجنس منسٹری کے سیکیورٹی اسسٹنٹ سعید امامی کی دورانِ قید خودکشی کی اطلاع دی۔ ادارے کی اطلاع کے مطابق سعید امامی نے دوران غسل شیمپو پی کر خود کشی کی تھی۔ سعید امامی کے انتقال کی خبر اس طور سے موصول ہوئی کہ وہ ایک بار زہر خورانی کی شکایت کی وجہ سے ہسپتال داخل ہو کر شفا یاب ہو کر ڈسچارج کیے جا چکے تھے لیکن چار روز بعد پر اسرار طریقے سے ’’کارڈیک ریسٹ‘‘ کی وجہ سے وہ جاں بحق بھی ہو گئے۔
پروانہ اور داریوش فروہر (قتل ہائے زنجیرہ کے دو متاثرہ افراد) کے خاندانوں کے وکلا محمد مختاری اور محمد جعفر پویندہ کا کہنا تھا کہ ایران میں غسل کے دوران صفائی کی خاطر استعمال ہونے والا کوئی بھی کیمیکل سنکھیا کے زہر سے آلودہ نہیں ہے، بلکہ کسی بھی مہلک زہر کی آمیزش والا کوئی شیمپو یا کسی اور قسم کا غسل کا کیمیکل بازار میں دستیاب نہیں ہے۔ فروہر کے خاندان کی وکیل شیرین عبادی نے اپنی پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ ’’یہ بات سرے سے خارج از امکان ہے کہ سعید امامی اس قسم کے محلول سے اپنی جان لے بھی سکتا تھا‘‘۔
دونوں سیاسی بازؤوں کے سر کردہ رہنماؤں نے بعد میں متعدد بار ’’سعید امامی کے قتل‘‘ کے حوالے سے گفتگو کی۔ اصلاح پسند سیاست دانوں کی ایک بڑی تعداد نے کئی بار اس بات پر اصرار کیا کہ سعید امامی کو ان کے سابق ساتھیوں نے از خود قتل کیا تا کہ وہ کہیں ’’قتل ہائے زنجیرہ‘‘ کے اصل کرداروں اور پس پردہ منصوبہ سازوں کو بے نقاب نہ کر دے۔ جبکہ سعید امامی کے حامیوں کا کہنا تھا کہ انھیں ان کے مخالفین کے ٹولے نے جیل میں قتل کیا۔ سعید امامی کے پرانے دوستوں -جن میں مشہور سیاست دان روح اللہ حسینیان بھی شامل ہیں- کا کہنا تھا: ’’سعید امامی کو قتل کیا گیا تا کہ قتل کے ان سب واقعات کا الزام اس کے سر مڑھا جا سکے‘‘۔
اسی کیس کے سزا یافتہ ملزموں میں سے ایک، اکبر خوش کوشک نے تیرماہ 1393 (جون/ جولائی 2014) میں سعید امامی کی شیمپو کے ذریعے خود کشی کے بارے میں فیس بک پر لکھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ نے شیمپو پینے کے امکان کو تسلیم نہیں کیا۔ انصاف نیوز کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اکبر خوش کوشک کی بات کو سینسر کے بعد اس طرح نشر کیا: ’’سعید امامی کو ہسپتال ۔۔۔۔۔۔ جو کہ ۔۔۔۔۔۔ کے ساتھ متعلق تھا، ۔۔۔۔۔۔ کی رائے کی موافقت کے ساتھ حشمتیہ منتقل کر دیا، اور وہیں ان کو ۔۔۔۔۔۔ اور ۔۔۔۔ جو ۔۔۔۔ براڈ کاسٹر کے بہنوئی ہیں، ۔۔۔۔۔ ایک نا معلوم ڈاکٹر کے ساتھ ۔۔۔۔۔ ہسپتال میں ۔۔۔۔ ان کو لے کر نہ گئے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی شیمپو پینے کا ثبوت نہیں ملا‘‘۔
باقی حصہ پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیے




