ایران کی جیلوں میں سیاسی قیدی خود کشی کیوں کرتے ہپں؟


ولی اللہ فیض مہدوی

پندرہ شہریور 1385 (6 ستمبر 2006ء) کو ولی اللہ فیض مہدوی، جو تنظیم مجاہدین خلق کے ساتھ تعلق اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی کے جرائم میں سنائی گئی سزائے موت کا منتظر تھا، شریعتی ہسپتال میں انتقال کر گیا۔ ایران کے محکمہ انصاف کے ذمہ داروں نے کہا کہ وہ گوہر دشت (رجائی شہر) کی کرج جیل میں قید تھا، جہاں اس نے جیل کے غسل خانے میں پھندہ لے کر خود کشی کی کوشش کی، مگر یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی اور جیل کے افسران نے اس کو شریعتی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں وہ وفات پا گیا۔

ولی اللہ فیض مہدوی کے وکیل صفائی محمد شریف نے، خبر گزاری کارِ ایران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس روز محکہ انصاف کے افسران کے بقول ان کے مؤکل نے خود کشی کی، اسی روز انھوں نے تہران کی عدالت میں اپیل دائر کی تھی اور ان کو وہاں بتایا گیا تھا کہ عدالت ان کے موکل کی سزائے موت کو عمر قید سے بدلنے کی رائے سے متفق نہیں۔

تنظیم مجاہدین خلق ایران کی نظامت اطلاع و نشر نے ایک پریس ریلیز میں بتایا تھا کہ اس نے گیارہ روز سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں اس کی جسمانی حالت شدید ابتر ہے۔ جب وہ بھوک ہڑتال کی شدت سے نیم جان ہو گیا ہے تو اس کو گوہر دشت کی جیل کے اس کے سیل سے کہیں دوسرے مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

سینا قنبری

دی ماہ کی اٹھارہ تاریخ کو ’’دی ماہ 96 ھ.ش (دسمبر 17—جنوری 18ء) کے گرفتار شدگان کی فالو اپ کمیٹی‘‘ نے رہائی پانے والے قیدیوں کے ذریعے سے خبر دی کہ ’’سینا قنبری جو اوین کے جیل خانے کے حوالات میں بند تھے، نا معلوم وجوہات کی بنا پر انتقال کر گئے‘‘۔

تہران کے محکمہ جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر مصطفی محبی نے کہا کہ سینا قنبری نے جیل کے ٹائلٹ میں خود کشی کر لی۔ ایران کے چیف پراسیکیوٹر محمد جعفر منتظری نے بھی دعویٰ کیا کہ ’’جس شخص کے اوین جیل میں مرنے کی اطلاع ہے وہ بالکل نارمل خود کشی کا کیس ہے‘‘

سینا قنبری کو دی ماہ کی دس تاریخ کو تہران کے احتجاجی مظاہروں سے گرفتار کیا گیا تھا اور اوین جیل کے حوالات میں منتقل کیا گیا تھا۔ ’’ دی ماہ 96 ھ.ش (دسمبر 17—جنوری 18ء) کے گرفتار شدگان کی فالو اپ کمیٹی‘‘ نے پریس ریلیز میں کہا کہ: ’’سینا قنبری کی لاش ان قیدیوں نے دریافت کی جو صفائی کی ڈیوٹی پر تھے، وہ جیل کے ٹائلٹ کے فرش پر اس حال میں پڑے ہوئے تھے کہ ان کی گردن میں کوڑے والے خالی شاپر کا پھندا لگا ہوا تھا۔ نیز دو عینی شاہد گواہوں کے بیان کے مطابق گرفتاری کے بعد سے سینا قنبری کا حوصلہ بلند تھا، ان کو موت سےدو روز پہلے تفتیش کے لیے لے جایا گیا تھا جہاں سے واپس آ کر انھوں نے اپنے سیل میٹ قیدیوں سے بطور مذاق کہا کہ افسر بیچارے تنہائی محسوس کر رہے تھے اس لیے مجھے بلایا، اس وقت مگر ان کے بدن کے کئی حصوں پر مارپیٹ سے نیل پڑنےکے نشانات موجود تھے‘‘۔

ایرانی محکمہ انصاف کے ذمہ داروں نے اولاً کہا کہ اس خود کشی کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے۔ مگر کیس کے انکوائری کمیشن کے رکن اور ممبر پارلیمنٹ علی رضا رحیمی نے جیل کا دورہ کرنے کے بعد بتلایا کہ سینا قنبری کی خودکشی کی کوئی فوٹیج موجود نہیں ہے۔

وحید حیدری

 اراک کے شہر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے گرفتار شدگان میں سے ایک، وحید حیدری کو دس دی ماہ 1396 (31 دسمبر 2017ء) کو گرفتار کیا گیا اور 16 دی ماہ (6 جنوري 2018ء) کو اس کا جنازہ سپردِ خاک کیا جا چکا تھا۔

عمومی و انقلابی صوبائی پراسیکیوٹر عباس قاسمی نے منگل 19 دی ماہ (9 جنوري 18ء) کو ایرانی عدالتی اتھارٹی کی ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس شخص کی خود اذیتی کے نشانات اس کے بدن پر پائے گئے اور ’’اس کے خود کشی کرنے کے لمحے کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی موجود ہے‘‘۔

مسٹر قاسمی نے مزید کہا کہ اس نے اراک کی ہائی سیکیورٹی جیل نمبر 12 میں خود کشی کی اور ’’وہ منشیات برآمدگی اور خود اذیتی کے جرائم کا ہسٹری شیٹر تھا، اور اس کے نام پر کیس بھی فائل تھا‘‘۔

ایرانی ہیومن رائٹس کمپین نے وحید حیدری کے خاندان کے حوالے سے ’’منشیات کے عادی ہونے یا منشیات فروشی کے الزام‘‘ کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ ان کے سر میں دس سینٹی میٹر بڑا شگاف ’’خود کشی کے دعوے کو جھٹلانے کے لیے کافی ہے‘‘۔

شہری حقوق کے متحرک کارکن اور وحید حیدری کی مشکوک موت کے کیس کے پیٹیشنر علی باقری اور وکیل صفائی محمد نجفی کو بھی صوبے کے مرکزی انٹلیجنس ادارے نے تحویل میں لے لیا۔

فارسی رپورٹ:  فرشته قاضی

فارسی سے ترجمہ برائے ہم سب: حسن ہمدانی

http://www.bbc.com/persian/iran-features-43058967


صفحات: 1 2 3

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp